اہم خبر: خیام، نم آنکھوں اور سیکڑوں اداکاروں کی موجودگی میں سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

20 Aug 2019, 9:10 PM

خیام، نم آنکھوں اور سیکڑوں اداکاروں کی موجودگی میں سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

ممبئی: آج قومی ایوارڈ یافتہ موسیقار محمد ظہیر ہاشمی عرف خیام کو مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ شمال مغربی ممبئی کے چار بنگلہ اندھیری قبرستان میں ہندی فلمی دنیا کی معروف شخصیات کی موجودگی میں نم آنکھوں کیساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

خیام کا جنازہ جوہو میں واقع ان کی رہائش گاہ سے دوپہر ساڑھے تین بجے روانہ ہوا۔92 سالہ موسیقار کا طویل علالت کے بعد پیر کو انتقال ہوگیا تھا۔ خیام کے جنازے کے ہمراہ پولیس کے باوردی نوجوان بھی تھے اور ان کے دوستوں اور فلم انڈسٹری سے وابستہ سیکڑوں افراد شامل تھے۔اس کی اطلاع ان کے ترجمان پریتم شرما نے دی ہے۔

ممبئی کے اندھیری چار بنگلہ قبرستان میں پولیس نے 21گن کی سلامی دی اور ان کی آخری رسومات مسلم طریقہ سے ادا کی گئیں۔ان کی علیل اہلیہ جگجیت کوت بھی ویلر چئیر پر قبرستان پہنچیں اور کئی مرتبہ بے ہوش ہوگئیں۔اس موقع پر بولیٹ کی شخصیات رضا مراد، جاوید اختر،اشوک پنڈت ،تبسم ،سنجے خان،پونم دھلون سونونگم ،وشال بھاردواج،سریش واڈکر،نتین مکیش،جتین پنڈت اور للت پنڈت،سےم سنگھ،الکایاگنک ،نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر آر این کووند اور وزیراعظم نریندرمودی نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔جبکہ مہاراشٹرکے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس،بھارت رتن لتا منگیشکر،اداکار امیتابھ بچن اور دیگر شخصیات نے بھی تعزیت پیش کی ہے۔ خیام نے کئی یادگار ،کلاسیکل اور جدید نغموں سے فلموں کو نوازا۔ انہیں لدم شری،پدم بھوشن اور نیشنل ایوارڈ بھی 1981 کی امراؤ جان کے لیے نوازا گیا ہے۔

20 Aug 2019, 8:10 PM

پارلیمنٹ کے احاطے میں پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال بند

نئی دہلی: لوک سبھا سکریٹریٹ نے منگل سے پارلیمنٹ کے احاطے میں دوبارہ کام میں نہ آنے والی پانی کی پلاسٹک کی بوتلوں اوردیگر سامانوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

لوک سبھا سکریٹریٹ کی باضابطہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کے احاطے میں واقع لوک سبھا سکریٹریٹ اور دیگر معاون ایجنسیوں کے تمام افسران اور اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس پابندی پر عمل درآمدکریں۔ انھیں پلاسٹک کے سامان کے بجائے ماحولیات یعنی قدرتی طور پرزائل ہونے والے تھیلوں،سامانوں کا استعمال بندکرنے کی صلاح بھی دی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 15 اگست کو 73 ویں یو م آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ 02 اتوبر 2019 کو گاندھی جی کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر محض ایک بار استعمال میں آنے والی پلاسٹک کا استعمال بند کر دیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے اہم قدم اٹھائیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ لوک سبھا سکریٹریٹ کی یہ پہل ملک کو پلاسٹک سے پاک بنانے کے لیے وزیر اعظم کی اپیل کی سمت میں ایک قدم ہے۔

20 Aug 2019, 6:10 PM

پاکستانی فوجیوں کی فائرنگ میں ہندستانی فوج کا جوان شہید

جموں: پاکستان نے جنگ بندی کی پھر سے خلاف ورزی کرتے ہوئے منگل کو پونچھ ضلع کے کرشنا گلی سیکٹر اور مینڈھر سیکٹر میں کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ فائرنگ میں ہندستانی فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا جبکہ ہندستانی فوجیوں نے پاکستانی چوکیوں کو کافی نقصان پہنچایا۔

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوجیوں نے دوپہر تقریباً گیارہ بجے کنٹرول لائن پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مورٹار برسائے۔ جوابی کارروائی میں ہندستانی فوجیوں نے بھی فائرنگ کی۔ مینڈھر سیکٹر میں دونوں طرف سے فائرنگ میں ہندستانی فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔ شہید جوان کی شناخت بہار میں روتاسا ضلع کے گوپے ودیا گاوں کے باشندہ 36 سالہ نائک روی رنجن کمار سنگھ کے طورپر کی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ہندستانی فوج نے پاکستانیوں فوجیوں کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور وہاں کی فوج کی چوکیوں کو بڑے پیمانہ پر نقصان پہنچایا۔ ہندستانی فوجیوں کی جوابی کارروائی میں کچھ پاکستانی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے 17اگست کو پاکستانی فوجیوں نے ضلع راجوری کے نوشیرہ سیکٹر میں کنٹرول لائن پر فائرنگ کی تھی۔ فائرنگ میں ہندستانی فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔


20 Aug 2019, 5:10 PM

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کا دورۂ ہند اکتوبر میں

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اس وقت بنگلہ دیش کے دورے پر ہیں۔ دو فریقی مذاکرہ کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کی وزیر خارجہ کے ساتھ ان کی میٹنگ بے حد مثبت رہی۔ ساتھ ہی انھوں نے اعلان کیا کہ اکتوبر میں وزیر اعظم شیخ حسینہ ہندوستان کے دورے پر آئیں گی۔

20 Aug 2019, 4:04 PM

تلنگانہ: بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے نظام آباد کا نام بدل کر اِندُر رکھنے کا کیا مطالبہ

بی جے پی رکن پارلیمنٹ دھرما پوری اَروند کا کہنا ہے کہ ان کے لوک سبھا حلقہ کے لوگ نظام آباد کا نام بدل کر اِندُر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ نظام آباد نام کو نحس مان رہے ہیں اور ضلع کا نام بدلنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی کے مطابق رکن پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ اِندُر پاکیزہ نام ہے اور ہندو اور ہندوستان سے جڑا ہوا نام ہے۔


20 Aug 2019, 2:54 PM

دہلی: سیلاب کا خطرہ بڑھا، کسان کالونی میں گھسا جمنا کا پانی

دہلی میں سیلاب کا خطرہ لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ جمنا کا پانی کشمیری گیٹ کے کسان کالونی میں داخل ہو گیا ہے۔

20 Aug 2019, 2:05 PM

مشکل راہوں میں بھی مسکراتے ہوئے چلنا میں نے اپنے والد سے سیکھا: پرینکا گاندھی

سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے 75ویں یوم پیدائش پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’لوگوں کے ذریعہ میرے خلاف کہی جا رہی کہانیوں کو سننا اور اسے اپنے دل میں جگہ دینے کا فن میں نے اپنے والد سے سیکھا ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’مشکل راہوں میں بھی مسکراتے ہوئے چلتے رہنا بھی میرے والد نے ہی مجھے سکھایا ہے۔‘‘


20 Aug 2019, 1:03 PM

بڑھتے عدم برداشت اور موب لنچنگ کے واقعات سے سماج کو خطرہ لاحق: منموہن سنگھ

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راجیو گاندھی کے 75ویں یوم پیدائش پر منموہن سنگھ نے کہا کہ بڑھتے عدم برداشت، فرقہ وارانہ پولرائزیشن اور موب لنچنگ کے واقعات کے سبب ہماری سیاست اور سماج کو نقصان ہو رہا ہے۔ ہمیں راجیو گاندھی کے راستے پر چلنا ہوگا۔ وہ (راجیو گاندھی) امن، اتحاد اور فرقہ وارانہ خیر سگالی کو فروغ دینے کے حامی تھے۔

20 Aug 2019, 12:10 PM

منگل کی صبح چندریان-2 کامیابی کے ساتھ چاند کے مدار میں داخل

حیدرآباد: ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی (اسرو) نے منگل کے روز ایک اہم سنگ میل اس وقت طے کر لیا جب جب چندریان 2 خلائی گاڑی چاند کے مدار میں داخل ہوگیا۔ قابل ذکر ہے کہ 22 جولائی کو آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے چھوڑی گئی یہ خلائی گاڑی 7 ستمبر کو چاند کے جنوبی قطب پر سافٹ لینڈنگ کرے گی۔ اسرو نے پہلے ہی کہا تھا کہ چاند پر ہندستان کا دوسرا مشن چندریان۔2 منگل کو چاند کی مدار میں پہنچ جائے گا۔ پہلے 22 دن زمین کے مدار میں چکر لگانے کے بعد چندریان 2 نے 14 جولائی کی صبح 2.21 بجے اس کا چھ دن کاچاند کا سفر شروع کیا تھا اوراب چندریان 2 منگل کو چاند کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔ زمین سے چاند تک کے سفر کے سیدھے راستے سے چاند کے مدار میں قائم کرنے کا مشکل عمل صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے کے درمیان انجام دیا گیا۔ اس کے لئے چاند کے پاس پہنچنے پر چندریان کے لکوئڈ انجن کو چالو کرکے چندریان کی سمت بدلی گئی۔


20 Aug 2019, 11:04 AM

ذاکر نائک کو لگا زبردست جھٹکا، ملیشیا میں مذہبی تقریر کرنے پر پابندی عائد

ملیشیا میں مقیم اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائک کے لیے پریشانیاں دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ اب خبر ملی ہے کہ ملیشیا میں ان کی مذہبی تقریر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ملیشیائی میڈیا کے مطابق ذاکر نائک کی مذہبی تقریر پر ملک میں پابندی لگا دی گئی ہے۔ مقامی پولس کا کہنا ہے کہ قومی سیکورٹی کے مدنظر ذاکر نائک کی تقریر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

20 Aug 2019, 10:10 AM

چھتیس گڑھ: وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے ’سدبھاؤنا دوڑ‘ کو دکھائی ہری جھنڈی

سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے 75ویں یوم پیدائش پر رائے پور میں ’سدبھاؤنا دوڑ‘ کا انعقاد کیا گیا۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے ہری جھنڈی دکھا کر اس دوڑ کا آغاز کیا۔


20 Aug 2019, 8:24 AM

بالی ووڈ کی مشہور و معروف ہستی اور امراو جان جیسی فلموں میں میوزک کمپوزنگ کرنے والے مایہ ناز موسیقار محمد ظہور خیام ہاشمی کا 92 سال کی عمر میں ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ انھوں نے پیر کی شب آخری سانس لی اور اپنے پیچھے یادوں کا ایک بہترین جھروکہ چھوڑ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی طبیعت 11 اگست کو کافی خراب ہو گئی تھی جس کے بعد ممبئی کے سجوئے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے پھیپھڑوں میں انفکشن ہو گیا تھا جس کا علاج آئی سی یو میں چل رہا تھا لیکن انھیں بچایا نہیں جا سکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔