اہم خبر: راہل گاندھی کا امت شاہ پر حملہ، کہا ’ہندوستان کی کئی زبانیں اس کی کمزوری نہیں‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Sep 2019, 8:09 PM

راہل گاندھی کا امت شاہ پر حملہ، کہا ’ہندوستان کی کئی زبانیں اس کی کمزوری نہیں‘

یوم ہندی کے موقع پر دیے گئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر سبھی علاقائی زبانوں کا نام لیا اور لکھا کہ ’’ہندوستان کی کئی زبانیں اس کی کمزوری نہیں ہیں۔‘‘

16 Sep 2019, 7:03 PM

اتر پردیش: یوگی حکومت کو جھٹکا، او بی سی کو ایس سی فہرست میں شامل کرنے پر روک

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ریاست کی یوگی حکومت کے ذریعہ 17 دیگر پسماندہ ذاتوں (او بی سی) کو شیڈولڈ کاسٹ (ایس سی) فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے پر روک لگا دی ہے۔

16 Sep 2019, 6:07 PM

پاکستان: مظفر آباد ریلی میں پاکستانی پی ایم کے خلاف نعرہ بازی کرنے والے طلبا پر ایف آئی آر

پاکستانی میڈیا کے مطابق مظفر آباد (پاکستان مقبوضہ کشمیر) ریلی میں پاکستانی پی ایم عمران خان کے خلاف نعرے بازی ہوئی تھی اور ان کی مخالفت کی گئی تھی۔ خبر کے مطابق ریلی میں موجود کچھ طلبا اور نوجوانوں نے پاکستانی پی ایم کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔ پاکستان کی پولس نے نعرہ بازی کرنے والے طلبا اور نوجوانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔


16 Sep 2019, 5:05 PM

مہاراشٹر: شرد پوار نے کانگریس اور این سی پی کے درمیان 125-125 سیٹوں کی تقسیم کا کیا اعلان

مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کے لیے این سی پی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم ہو گئی ہے۔ این سی پی صدر شرد پوار نے کہا کہ کانگریس اور این سی پی 125-125 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی، جب کہ 38 سیٹوں پر ساتھی پارٹیاں اپنا امیدوار کھڑا کریں گی۔

16 Sep 2019, 4:00 PM

رام مندر کی پہلی اینٹ رکھنے کے لیے شیوسینک تیار رہیں: اُدھو ٹھاکرے

شیو سینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ رام مندر معاملے پر عدالت میں روزانہ سماعت ہو رہی ہے اور فیصلہ کبھی بھی آ سکتا ہے۔ اس لیے شیو سینک رام مندر کی پہلی اینٹ رکھنے کے لیے تیار رہیں۔


16 Sep 2019, 2:10 PM

آندھرا پردیش کے سابق اسپیکر شیو پرساد نے کی خودکشی

آندھرا پردیش کے سابق اسپیکر کوڈیلا شیو پرساد کا حیدر آباد کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا ہے۔ اسپیکر شیوا پرساد پر وائی ایس آر کانگریس کی حکومت نے بدعنوانی کے الزامات لگائے تھے۔ اس کے بعد انھوں نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔ حیدر آباد کے ایک اسپتال میں سنگین حالت میں انھیں علاج کے لیے لایا گیا تھا۔ یہاں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔

16 Sep 2019, 1:10 PM

جموں و کشمیر کے حالات پر بولے CJI رنجن گگوئی، ضرورت پڑی تو جاؤں گا کشمیر

چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گگوئی نے جموں و کشمیر کو لے کر داخل درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑے گی تو میں خود سرینگر جاؤں گا، انہوں نے کہا کہ میں نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے ایک رپورٹ مانگی ہے، اس رپورٹ کو دیکھنے کے بعد اگر مجھے لگا کہ وہاں جانا چاہیے تو میں خود وہاں جاؤں گا۔ انہوں نے اس معاملے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گگوئی نے مرکزی حکومت سے پوچھا کہ آخر جموں و کشمیر میں حالات معمول پر کرنے کے لئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں اس کی معلومات دی جائے۔


16 Sep 2019, 12:10 PM

فاروق عبد اللہ کی حراست پر سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو جاری کیا نوٹس

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے نیشنل کانفرنس سربراہ اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ کی نظر بندی کے خلاف ایم ڈی ایم کے سربراہ اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ وائیکو کی عرضی پر مرکزی حکومت کو پیر کے روز نوٹس جاری کیا۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس ایس اے بوبڈے اور جسٹس ایس عبد لنظیر کی بنچ نے وائیکو کی عرضی کی سماعت کے دوران مرکز کی جانب سے پیش سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے پوچھا کہ کیا فاروق عبداللہ حراست میں ہیں؟ اس پر مہتا نے جواب دیا کہ وہ اس بارے میں متعلقہ محکمہ سے معلومات حاصل کریں گے۔ سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل نے وائیکو کی جانب سے درخواست دائر کرنے کے ’حقوق‘ پر سوال کھڑے کیے، لیکن عدالت ان دلائل سے غیر مطمئن نظر آئی اور اس نے مرکز کو نوٹس جاری کرکے جواب دینے کو کہا۔ عدالت عظمی نے معاملے کی سماعت کے لئے 30 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ وائیکو نے اپنی عرضی میں دعوی کیا ہے کہ فاروق عبداللہ کو 15 ستمبر کو تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلی سی این انادورائی کی جینتی پر ہونے والی تقریب میں شامل ہونا تھا، لیکن گزشتہ پانچ اگست سے ہی ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔

انہوں نے عبداللہ کو عدالت عظمیٰ کے سامنے پیش کرنے کے لئے مرکز کو ہدایت دینے کی کورٹ سے درخواست کی۔ وائیکو نے کہا ہے کہ عبداللہ کو حراست میں رکھا گیا ہے، مرکزی حکومت انہیں رہا کرے تاکہ وہ تقریب میں حصہ لے سکیں۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بعد سے وہاں کی بڑی پارٹیوں کے لیڈروں کو نظربند رکھا گیا ہے، جن میں فاروق عبداللہ بھی شامل ہیں۔

16 Sep 2019, 11:10 AM

کولمبیا، طیارہ حادثے میں سات افراد ہلاک

بوگوتا: کولمبیا کے جنوب مشرق پوپایان شہر میں اتوار کو ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ مقامی میڈيا کے مطابق گزشتہ روز پوپایان سے لوپیز کے لئے پرواز بھرنے والا پائپر پی اے-31-350 طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکارہو گیا۔ پوپایان کے میئر سیسر گومیزنے بتایا کہ سات افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔


16 Sep 2019, 10:04 AM

پاکستانی گولہ باری سے تین جوان زخمی

جموں: پاکستانی فوج نے ایک مرتبہ پھر فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک اتوار کی شب گولہ باری کی جس سے تین جوان زخمی ہو گئے۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے پیر کے روز بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ شب بلا اشتعال گولہ باری کی جس سے گشتی پارٹی کے تین جوان زخمی ہو گئے۔ انہوں نے کہا ’’پاکستانی فوجیوں نے گزشتہ شب تقریباً ساڑھے 10 بجے ضلع پونچھ کے مینڈھر اور بالاكوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے گولہ باری کی اور مورٹار داغے۔ ہماری افواج نے بھی انہیں منہ توڑ جواب دیا‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔