اہم خَبر: ٹکٹ کے لیے مہاراشٹر بی جے پی میں ہنگامہ، 4 لیڈران پارٹی سے نکالے گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 Oct 2019, 7:54 PM

مہاراشٹر: اسمبلی انتخاب قریب آتے ہی بی جے پی میں ٹکٹ کے لیے ہنگامہ شروع

مہاراشٹر میں بی جے پی نے ان چار باغی لیڈروں کو پارٹی سے معطل کر دیا ہے جنھوں نے اپنی نامزدگی واپس نہیں لی تھی۔ دراصل ان سیٹوں پر پہلے سے ہی بی جے پی یا اس کی معاون پارٹی نے اپنا امیدوار کھڑا کیا ہوا ہے۔ جن پارٹی لیڈروں کو بی جے پی نے باہر کیا ہے ان میں چرن واگھمارے (تمسر)، گیتا جین (میرا بھیندر)، بالا صاحب اوول (پمپری-چنچواڑ) اور دلیپ دیشمکھ (سمیر پور) کے نام ہیں۔

10 Oct 2019, 7:05 PM

کرناٹک: انکم ٹیکس محکمہ نے سابق نائب وزیر اعلی کے ٹھکانوں پر مارے چھاپے

بنگلور: کرناٹک کے سابق نائب وزیر اعلی جی پرمیشورا کے گھر اور دیگر ٹھكانوں پر محکمہ انکم ٹیکس نے آج چھاپے مارے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ چھاپے تمکورو، نيلامنگلا، بنگلور، کولار اور چكابلاپورا اضلاع میں مارے گئے ہیں۔ تمكورو واقع مسٹر پرمیشورا کے خاندان کی ملکیت والے شری سدھارتھ اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ انکم ٹیکس نے دوسرے کانگریسی لیڈر آر جلپا کے کولار اور چكابلاپورا ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے ہیں۔

10 Oct 2019, 6:09 PM

راجستھان: فلم ’سانڈ کی آنکھ‘ کو جی ایس ٹی فری کرنے کا اعلان

دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ’سانڈ کی آنکھ‘ کو راجستھان میں اسٹیٹ جی ایس ٹی فری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اداکارہ تاپسی پنو اور بھومی پیڈنیکر کی اس فلم میں راجستھانی کلچر کو دکھایا گیا ہے اور اس فلم کا لوگ بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔


10 Oct 2019, 5:03 PM

انتہائی حساس ووٹنگ مراکز کی ہوگی ویب کاسٹنگ: چیف الیکشن کمشنر

آئندہ ہریانہ اسمبلی انتخابات کے مدنظر چنڈی گڑھ میں چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے کہا کہ ’’انتہائی حساس ووٹنگ مراکز کی ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ ہریانہ اور مہاراشٹر دونوں ہی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ایک ساتھ ہونے ہیں جہاں پولنگ کی تاریخ 21 اکتوبر طے کی گئی ہے اور ووٹوں کی گنتی 24 اکتوبر کو ہوگی۔

10 Oct 2019, 4:08 PM

بہار: سیوان میں ایک تالاب میں نہانے گئے تین بچے غرقاب

بہار کے ضلع سیوان میں تین بچے ایک تالاب میں غسل کرنے کے لیے گئے تھے لیکن وہ حادثہ کا شکار ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ تینوں بچے تالاب میں نہانے کے لیے پہنچے لیکن وہ گہرے پانی میں کنٹرول نہیں بنا سکے اور ڈوب گئے۔ تینوں بچوں کی موت کی خبر سے علاقے میں سراسیمگی پھیلی ہوئی ہے۔


10 Oct 2019, 3:01 PM

اتر پردیش: کشی نگر میں صحافی کا قتل

کشی نگر: اترپردیش کے ضلع کشی نگر کے ہاٹا کوتوالی علاقے میں جمعرات کو نامعلوم افراد نے ایک صحافی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ گرام سکٹیا باشندہ رادھے شیام شرما (42) گاؤں کے نزدیک پرائیوٹ اسکول میں ٹیچر ہونے کے ساتھ ساتھ ہندی روزنامہ ’ہندی دینک اخبار‘ کے لئے رپورٹنگ بھی کرتے تھے۔ اسکول جاتے وقت دبولی گاؤں کے نزدیک نامعلوم افراد نے ان کو گولی مار دی۔انہوں نے بتایا کہ پولس نے ایف آئی آر درج کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

10 Oct 2019, 1:57 PM

ممبئی: ناراض پی ایم سی اکاؤنٹ ہولڈروں نے بی جے پی دفتر کے سامنے کیا ہنگامہ

پی ایم سی بینک پر پابندی لگائے جانے کے بعد اکاؤنٹ ہولڈروں کی ناراضگی دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ ممبئی میں بی جے پی دفتر کے باہر اکاؤنٹ ہولڈروں نے آج زبردست مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں اس سے کوئی مطلب نہیں ہے کہ کس نے کیا کیا ہے، بس انھیں ان کا پیسہ واپس چاہیے۔

غور طلب ہے کہ پی ایم سی بینک کے ساتھ ہزاروں کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے بعد آر بی آئی کے ذریعہ بینک پر کئی طرح کی پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔ ایسے میں اکاؤنٹ ہولڈرس اپنا پیسہ اکاؤنٹ سے نہیں نکال پا رہے ہیں۔ اس درمیان پورے معاملے کی جانچ جاری ہے۔ بینک کے ڈائریکٹر بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔


10 Oct 2019, 1:10 PM

فحش ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں گروپ ایڈمن سمیت تین گرفتار

باراں: راجستھان میں ضلع باراں کے مانگرول تھا نہ علاقہ میں پولس نے سوشل میڈیا پر مبینہ طورپر فحش اور گمراہ کن مواد پوسٹ کرنے کے معاملہ میں گروپ ایڈمن سمیت تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر روی نے آ ج یہاں بتایا کہ یہ فحش اور گمراہ کن مواد بہار کے نالندہ ضلع کے راج گیر تھانہ کا تھا۔ عصمت دری کے اس معاملہ میں وہاں کی پولس نے سات ملزمین کو گرفتار بھی کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولس کے نوٹس میں یہ معاملہ آیا کہ مانگرول علاقہ کا واقعہ بتا کر وہاٹس ایپ سوشل میڈیا پر فحش اور گمراہ کن مواد پوسٹ کیا گیا ہے جس میں ایک لڑکی کی کچھ نوجوان عصمت دری کر رہے ہیں۔ معاملہ کی سنگینی کے پیش نظر خود سے نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلہ میں تھانہ کوتوالی پر معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ تفتیش میں پایا گیا کہ ایک وہاٹس ایپ گروپ میں فحش اور قابل اعتراض مواد پوسٹ کیا گیا جس کے گروپ ایڈمن نے اس مواد کے وائرل ہونے سے متعلق کوئی کارروائی نہیں کی۔

ڈاکٹر روی نے بتایا کہ تفتیش کے دوران سامنے آئے حقائق کی بنیاد پر اس معاملہ میں کوائی تھانہ علاقہ میں بھیروپورا میں رہنے والے ادھم سنگھ مینا، نہار گڑھ تھانہ علاقہ کے بھلان مہودری کے رہنے والے کجوڈ گجر اور تالبا کی مہودری میں رہنے والے پرتاپ گجر کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

10 Oct 2019, 12:07 PM

میرے مخالفین مجھے چپ کرانے کے لئے بیتاب... راہل گاندھی

بی جے پی اور آر ایس ایس کی طرف سے درج کرائے گئے ہتک عزت معاملے میں پیش ہونے کے لیے کانگریس لیڈر راہل گاندھی گجرات کے سورت میں ہیں۔ سورت پہنچنے کے بعد راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے مخالفین پر حملہ بولاہے، راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا، ’میرے مخالفین میرے خلاف ہتک عزت کا کیس کیا ہوا ہے جس معاملے میں پیش ہونے کے لئے میں سورت میں ہوں، میرے مخالفین مجھے چپ کرانے کے لئے بیتاب ہیں، لیکن جیت سچائی کی ہی ہوگی۔


10 Oct 2019, 11:09 AM

رشتہ داروں کو یرغمال بنا کر نابالغ سے گینگ ریپ پھر بڑی بہن کو ماری گولی

بہار کے سپول سے ایک شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے، یہاں بدمعاشوں نے ایک خاندان کو یرغمال بنا کر نہ صرف نابالغ کے ساتھ گینگ ریپ کیا بلکہ مخالفت کرنے پر متاثرہ کی بڑی بہن کو گولی بھی مار دی، گولی لگنے سے زخمی لڑکی کو علاج کے لئے پٹنہ میں داخل کرایا گیا ہے، یہ واقعہ سپول کے راگھوپور-پرتاپ گنج تھانہ علاقہ کا ہے۔

10 Oct 2019, 10:30 AM

شمالی شام میں ترک فوجیوں کی پیش قدمی جاری

انقرہ: ترک سیکورٹی فورسز’آپریشن پیس اسپرنگ‘ کے تحت شمالی شام میں مسلسل پیش قدمی کر رہے ہیں۔ ترکی کی وزارت دفاع نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ خبر رساں ایجنسی اناڈول کے مطابق ترکی کی وزارت دفاع نے کہا ’آپریشن پیس اسپرنگ‘ میں شامل ہمارے بہادر کمانڈو علاقے (شمالی شام) میں مسلسل آگے بڑھتے جا رہے ہیں۔ وزارت نے کہا کہ شمالی شام میں بدھ کو ترکی سے شروع کی گئی فوجی مہم کے بعد سے اس کے سیکورٹی فورسز کی پیش قدمی مسلسل جاری ہے۔ ترکی نے شمالی شام میں کرد جنگجوؤں اور دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف مہم بدھ کو شروع کی ہے۔ ترکی فوج کے مطابق، ترکی نے مہم شروع کیے جانے کے بعد سے اب تک ہوائی حملہ کرکے 181 کرد ٹھکانوں کو نشانہ بنا چکا ہے۔ کرد لڑاکوں نے بھی اس کے جواب میں شام-ترکی سرحد کے دونوں جانب متعدد بستیوں پر حملہ کیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔