اہم خبریں: سشانت خودکشی معاملے میں سنجے لِیلا بھنسالی سے ممبئی پولیس کرے گی پوچھ گچھ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

02 Jul 2020, 7:46 PM

نہرو پیلس کے دکاندار ’بائکاٹ چین‘ کی وجہ سے پریشان

نہرو پلیس: ایشیاء کی سب سے بڑی کمپیوٹر اور الیکٹرانک مارکیٹ کے دکاندار 'بائیکاٹ چین' کی وجہ سے کاروبار پر پڑنے والے خراب اثرات سے پریشان ہیں۔ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے بتایا کہ "ہمارے یہاں 90 فیصد سامان چین سے درآمد کیا جاتا ہے اور صرف 10 فیصد سامان ہندوستان میں بنایا جاتا ہے۔ چین کی قیمتیں دوسرے ممالک کے مقابلے میں سستی ہیں۔"

02 Jul 2020, 9:25 PM

سشانت خودکشی معاملے میں سنجے لِیلا بھنسالی سے ممبئی پولیس کرے گی پوچھ گچھ

ممبئی: ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی کو سشانت سنگھ راج پوت خودکشی معاملے میں یش راج فلمس کے کاسٹنگ ڈائریکٹر شانو شرما کے ساتھ پوچھ گچھ کے لئے سمن بھیجا ہے۔ شانو شرما کو دوسری مرتبہ پوچھ گچھ کےلئے بلایا جارہا ہے۔ اس سے قبل 28 جون کو پہلی مرتبہ ان سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ باندرا پولیس کے مطابق بھنسانی کو ایک سمن بھیجا گیا ہے جس میں انہیں شانو شرما کے ساتھ آئندہ کچھ روز میں تھانے میں پیش ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔ ممبئی پولیس اس معاملے میں اب تک 30 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کرچکی ہے۔

02 Jul 2020, 8:45 PM

افغانستان میں بم دھماکے میں دو ہلاک، آٹھ دیگر زخمی

مزارشریف: افغانستان کے صوبہ بلخ کے شہر مزارشریف میں دو بم پھٹنے سے دو افراد ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ صوبائی پولیس کے ترجمان عادل شاہ عادل نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ عادل نے بتایا، ”مزار شریف کے پی ڈی 3 میں بدھ کے روز رات 9 بج کر30 منٹ پر آدھے گھنٹے کے اندر دو بم دھماکے ہوئے جس میں ایک شہری موقع پر ہی دم توڑ گیا۔“ عہدیدار کے مطابق پہلے دھماکے میں ایک ٹیکسی ڈرائیور زخمی ہوا، جب کہ دوسرے میں ایک شہری ہلاک اور پی ڈی 3 ایس ایچ او اور پانچ پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ پہلے دھماکے کے بعد پولیس اور مقامی افراد امدادی کاموں کے لئے موقع پر پہنچے تھے کہ دوسرا دھماکہ ہوا۔ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ مزار شریف صوبہ بلخ کی راجدھانی ہے جو شمالی کابل سے تقریبا 350 کلومیٹر دور ہے۔ یہ افغانستان کے تشدد سے متاثرہ علاقوں میں سب سے محفوظ شہر سمجھا جاتا ہے۔


02 Jul 2020, 7:34 PM

اب پرائیویٹ ڈاکٹر بھی کووڈ۔ 19ٹیسٹ کے لئے پرچی لکھ سکتے ہیں

نئی دہلی: کورونا وائرس کووڈ۔19کے خلاف جنگ کو مضبوطی فراہم کرنے کے مقصد سے مرکزی حکومت نے نیا فیصلہ کرتے ہوئے پرائیویٹ ڈاکٹروں کو بھی اس کے ٹیسٹ کے لئے پرچی لکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ اب تک صرف سرکاری ڈاکٹر ہی کووڈ۔19 کے ٹیسٹ کے لئے پرچی لکھ سکتے تھے۔ صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت نے جمعرات کو بتایا کہ جانچ کی پرچی اب کو ئی بھی رجسٹرڈ ڈاکٹر لکھ سکتے ہیں۔ سرکاری ڈاکٹروں کی پرچی پر ہی کورونا ٹیسٹ کی لازمیت اب ختم کردی گئی ہے۔ مرکز نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ کورونا کی علامات والے کسی بھی شخص کو اب ہر رجسٹرڈ ڈاکٹر کورونا ٹیسٹ کے لئے لکھ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ جانچ کرنے میں آنے والے مسائل کو حل کرنے کے لئے کئی نئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ کورونا انفیکشن کی روک تھام اور علاج کے لئے ’ٹیسٹ ٹریک ٹریٹ’ کی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے مرکزی حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کو صلاح دی ہے کہ وہ اپنی ریاست کے تمام لیبوں کی افادیت کو یقینی بنائیں، خاص طور پر پرائیویٹ لیب کی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کا فائدہ مل سکے۔

02 Jul 2020, 6:54 PM

اتراکھنڈ میں تمام مندروں کو عقیدت مندوں کے لئے کھولا گیا

ہری دوار: کرونا وائرس کے سبب تمام مٹھ، مندروں کو عقیدت مندوں کے لئے بند کر دیئے گئے تھے۔ لیکن اب مرکزی حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اتراکھنڈ حکومت نے مٹھوں اور مندروں کو ایک بار پھر کھول دیا ہے۔ جس سے وہاں کے عقیدت مند خوش نظر آئے اور انہوں نے مندروں میں جا کر پوجا اور عقیدت کے پھول چڑھائے۔


02 Jul 2020, 5:42 PM

تلنگانہ میں شراب کی دکانات 9.30 بجے شب تک کھلی رہیں گی

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے کہا ہے کہ ریاست میں شراب کی دکانات 9.30 بجے شب تک کھلی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبکاری ونشہ بندی نے ریاست کی دکانات کو 9.30 بجے شب تک شراب فروخت کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہ فیصلہ، دکانات اور تجارتی اداروں کے کام کرنے سے متعلق مرکزی حکومت کے نئے قواعد کے بعد ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ انہوں نے دیسی ساختہ شراب تیار کرنے والوں کو انتباہ دیا کہ ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے چندر شیکھرراو کی زیرقیادت حکومت نے ریاست کو شراب سے پاک بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔

02 Jul 2020, 5:07 PM

چمپاوت پولیس نے جعلی کرنسی کے ساتھ تین افراد کو کیا گرفتار

اتراکھنڈ: ایس پی چمپاوت، لوکیشور سنگھ نے کیا کہ چمپاوت پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے پاس سے 4 لاکھ روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی ہے اور ان کے پاس سے جعلی نوٹ بنانے کا سامان بھی ملا ہے۔ ان لوگوں کے خلاف مقدمہ آئی پی سی کی دفعہ 489 اے سی ڈی کے تحت درج کیا گیا ہے۔


02 Jul 2020, 4:12 PM

اروند کیجریوال نے پلازمہ بینک کا کیا افتتاح

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ ابھی تک پلازمہ تھیرپی کے جو نتائج آئیں ہیں وہ اطمیان بخش اور مددگار ہیں، اس سے لوگوں کی جان بچانے میں کافی مدد ملے گی، انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بلیری سائنسز میں ایک پلازمہ بینک شروع کیا گیا ہے۔ یہ تب ہی کامیاب ہوگا جب زیادہ سے زیادہ لوگ پلازمہ عطیہ کریں گے۔

02 Jul 2020, 3:39 PM

شیو کمار نے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کا عہدہ سنبھالا

کرناٹک: ڈی کے شیوکمار نے بنگلورو میں آج کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔


02 Jul 2020, 3:01 PM

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا لداخ دورہ منسوخ

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا مجوزہ دورہ لداخ منسوخ کردیا گیا۔ راج ناتھ سنگھ کل جمعہ کے روز لداخ کا دورہ کرنے والے تھے۔ ان کے دورہ کو اب دوبارہ شیڈول کیا جا رہا ہے۔

02 Jul 2020, 2:31 PM

لداخ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، کارگل تھا مرکز

لداخ کے شمال مغرب میں کارگل کے شمال مغرب میں 119 کلومیٹر دور آج صبح 13 بجکر 11 منٹ پر ریکٹر اسکیل 4.5 اعشاریہ شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ ابھی تک کسی ظرح کے نقصان کی خبر نہیں ہے۔


02 Jul 2020, 1:49 PM

دہلی کے باشندوں کو مزید 4-3 دن گرمی برداشت کرنی ہوگی

ویسے تو کورونا وبا کی وجہ سے لوگ بلاوجہ گھروں سے باہر نکلنا پسند نہیں کر رہے ہیں، لیکن ضروری کام سے نکلنے والوں کو دہلی میں شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آئی ایم ڈی کے سینئر سائنسداں راجندر کمار جینامنی کا کہنا ہے کہ دہلی میں ابھی تین یا چار دن مزید گرمی رہے گی، یعنی 4 یا 5 جولائی کو ہلکی بارش ہوگی۔

02 Jul 2020, 12:48 PM

جو لوگ صحتیاب ہو چکے وہ آگے آئیں اور پلازمہ عطیہ کریں، کیجریوال کی اپیل

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا، ’’ابھی تک لوگوں کو پلازمہ لینے میں دقت پیش آ رہی تھی۔ اب پلازمہ بینک بن جانے سے امید کرتے ہیں کہ لوگوں کی دقتیں کم ہوں گی۔ لیکن یہ پلازمہ تبھی کامیاب ہو پائے گا جب لوگ آگے آکر پلازمہ ڈونیٹ کریں گے۔ جو لوگ کورونا سے ٹھیک ہو چکے ہیں وہ آگے آئیں اور پلازمہ ڈونیٹ کریں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’پلازمہ ڈونیٹ وہی لوگ کر ستے ہیں جو کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں اور جن کی عمر 18 سے 60 سال کے بیچ ہے اور وزن 50 کلو سے کم نہ ہو۔ لیکن جو خواتین ایک بار بھی حاملہ ہوئی ہوں اور کو لوگ شدید بیمار ہیں وہ پلازمہ ڈونیٹ نہیں کر سکتے۔‘‘


02 Jul 2020, 12:00 PM

کورونا سے بہار کی بھی حالت خستہ، متاثرین کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز

بہار میں بھی کورونا کا قہر دھیرے دھیرے بڑھتا جا رہا ہے۔ ریاست میں لگاتار کورونا کے کیس بڑھ رہے ہیں اور متاثرین کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق بہار میں کورونا کے 188 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر کورونا متاثرین کی تعداد ریاست میں بڑھ کر 10393 ہو گئی ہے۔

02 Jul 2020, 11:01 AM

رانچی: کول انڈیا کے مزدوروں نے کمپنی کے پرائیویٹائزیشن کے خلاف مودی حکومت پر کیا حملہ

رانچی میں ’کول انڈیا‘ کے مزدوروں نے کول کمپنی کو پرائیویٹ ہاتھوں میں دیے جانے کے خلاف آج سے 3 روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک ہڑتالی نے میڈیا سے کہا کہ ”ہمارے سابق پی ایم نے کول انڈیا کو نیشنلائزڈ کیا لیکن مرکزی حکومت کمپنی کو پرائیویٹائز کرنا چاہتی ہے۔ سبھی مزدوروں کا مطالبہ ہے کہ یہ فیصلہ واپس لیا جائے۔“


02 Jul 2020, 10:09 AM

ہندوستان: کورونا متاثرین کی تعداد 6 لاکھ کے پار، 24 گھنٹے میں 434 اموات

ہندوستان میں ایک بار پھر 24 گھنٹوں کے اندر 19 ہزار سے زائد کورونا کے نئے معاملے درج کیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی مجموعی کورونا متاثرین کی تعداد ملک میں 6 لاکھ کے پار چلی گئی ہے۔ جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 434 اموات اور 19148 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ ہندوستان میں پازیٹو معاملوں کی کل تعداد 604641 ہو گئی ہے جب کہ مجموعی اموات کی تعداد 17834 تک پہنچ گئی ہے۔

02 Jul 2020, 9:38 AM

ممبئی: پچھلے 2 دنوں میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 5800 سے زائد گاڑیاں ضبط

مہاراشٹر میں کورونا کے پھیلتے اثرات کے درمیان پولس نے لاک ڈاؤن میں سختی کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ ممبئی پولس کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 دنوں میں لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 5800 سے زائد گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔ 30 جون کو 3508 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا اور یکم جولائی کو 2369 گاڑیاں ضبط ہوئیں۔


02 Jul 2020, 8:29 AM

امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے ریکارڈ 52000 نئے کیسز آئے سامنے

امریکہ میں کورونا کا قہر دن بہ دن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ لاکھ کوششوں کے بعد بھی نئے کیسز ملنے کا سلسلہ تھمنے کی جگہ مزید بڑھ رہا ہے اور تازہ ترین خبروں کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار نئے کیسز درج کیے گئے ہیں جو کہ ایک دن میں اب تک درج سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

02 Jul 2020, 7:45 AM

بستی میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے خاتون کی موت،دو زخمی

اترپردیش کے ضلع بستی میں بدھ کو آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ دبولی علاقے کے دھرم نگر گاؤں میں عظمت علی اپنی بیوی فاطمہ بانو اور بیٹے دلشاد کے ساتھ کھیت میں مویشی چرانے جارہے تھے۔ اس درمیان آسمانی بجلی گری اوراس کی زد میں آنے سے فاطمہ(35کی موت ہوگئی جبکہ عظمت علی اور دلشاد جھلس کر زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو علاج کے لئے پرائمری ہیلتھ سنٹر دبولی میں داخل کرایا گیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔