اہم خبریں: مدھیہ پردیش میں کل ہوگا فلور ٹیسٹ

سپریم کورٹ
سپریم کورٹ
user

قومی آوازبیورو

19 Mar 2020, 8:01 PM

مدھیہ پردیش میں کل ہوگا فلور ٹیسٹ

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش میں سیاسی بحران کے حل کے لئے جمعہ کو ہی اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس وائی چندر چوڑ اور جسٹس ہیمنت گپتا کی بنچ نے دو دن تک جاری رہنے والی مراتھن سماعت کے بعد جمعرات کو یہ حکم جاری کیا۔

دیر شام تک سماعت کرنے کے بعد بنچ نے کچھ وقت کا وقفہ لیا۔ تقریباً چھ بجے عدالت حکم سنانے کے لئے بیٹھی۔ عدالت نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں کل اسمبلی کا سیشن بلایا جائے گا اور شام پانچ بجے تک فلور ٹسٹ کا کام مکمل کرنا ہوگا۔ عدالت نے پوری کارروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔

بنچ نے کہا کہ 16 باغی رکن اسمبلی اگر آنا چاہتے ہیں تو کرناٹک کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور مدھیہ پردیش کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انہیں سکیورٹی فراہم کرائیں گے۔

19 Mar 2020, 6:49 PM

دلی میں ریستوراں میں بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندی

نئی دہلی: دلی حکومت نے کورونا وائرس (کووڈ 19) سے بچاؤ کے لئے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے جمعرات کو راجدھانی کے سبھی ریستوراں میں بیٹھ کر کھانا کھانے پر روک لگادی ہے۔

وزیراعلی اروند کیجریوال نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ راجدھانی کے سبھی ریستوراں میں 31 مارچ تک لوگوں کے بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اگرچہ لوگ کھانا پیک کرواکر لے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والے ریستوراں کے مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ لاپروائی برتنے والوں کو گرفتار بھی کیا جائے گا۔

19 Mar 2020, 6:22 PM

مدھیہ پردیش میں فلور ٹیسٹ کل کرایا جائے، سپریم کورٹ کا حکم

مدھیہ پردیش میں کئی ارکان اسمبلی کے باغی ہو جانے کے بعد سپریم کورٹ میں پہنچے معاملہ پر حکم سنا دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کمل ناتھ حکومت کو کل شام پانچ بجے فلور ٹیسٹ کے ذریعے اکثریت ثابت کرنے کا حکم دیا ہے۔


19 Mar 2020, 5:18 PM

کورونا وائرس: ہریانہ میں سبھی سبزی منڈی اور کسان مارکیٹ 31 مارچ تک بند

ہندوستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے بعد احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے ہریانہ میں سبھی کسان مارکیٹ اور سبزی منڈی کو 31 مارچ تک بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ ہریانہ اسٹیٹ ایگریکلچرل مارکیٹنگ بورڈ نے اس سلسلے میں باضابطہ ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا تاکہ لوگوں کی بھیڑ جمع نہ ہو اور کورونا وائرس پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

19 Mar 2020, 4:10 PM

کورونا وائرس: دہلی کے سبھی چرچ میں بھی 31 مارچ تک تالہ بندی

تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں کئی چرچ پر تالا لٹکائے جانے کے بعد اب خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ دہلی کے سبھی چرچوں کو 31 مارچ تک بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ یہ اعلان دہلی کے آرچ بشپ انل کوٹو نے کیا ہے۔


19 Mar 2020, 3:14 PM

نربھیا معاملہ کے مجرم اکشے کی بیوی عدالتی احاطہ میں ہوئی بیہوش

نربھیا عصمت دری اور قتل معاملہ کے مجرمین میں سے ایک اکشے ٹھاکر کی بیوی پُنیتا دیوی آج پٹیالہ ہاؤس کورٹ احاطہ میں بیہوش ہو گئی۔ قابل ذکر ہے کہ پُنیتا دیوی نے بہار کی ایک عدالت میں اکشے ٹھاکر سے طلاق کے لیے عرضی داخل کی تھی جہاں وہ آج حاضر نہیں ہوئیں اور اس عرضی پر سماعت 24 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ لیکن پُنیتا آج پٹیالہ ہاؤس کورٹ پہنچی تھیں جہاں وہ نروس بریک ڈاؤن کا شکار ہو گئیں اور بیہوش ہو کر زمین پر گر گئیں۔

19 Mar 2020, 2:11 PM

کورونا وائرس کا جس طرح پھیلاؤ ہو رہا، آئندہ دو ہفتے انتہائی اہم: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے مدنظر اگلے دو ہفتے بہت اہم ہیں۔ ملنے جلنے میں آپسی دوری بنا کر اور بار بار اچھے سے ہاتھ دھونے سے ہم اس وائرس کو پھیلنے سے کافی حد تک روک سکتے ہیں۔ آئیے، ہم سب محتاط رہیں اور ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔“


19 Mar 2020, 12:51 PM

سابق چیف جسٹس رنجن گگوئی نے لیا راجیہ سبھا رکن کا حلف

سابق چیف جسٹس رنجن گگوئی کو صدر جمہوریہ کووند نے راجیہ سبھا کا رکن نامزد کیا تھا اور آج گگوئی نے راجیہ سبھا میں اپنی رکنیت سے متعلق حلف لے لیا۔ اس حلف برداری کے بعد مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے پارلیمنٹ میں کہا کہ ”راجیہ سبھا کی روایت رہی ہے کہ یہاں معزز شخصیتوں کو رکن بنایا جاتا ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا رہے گگوئی بھی غیر جانبدار طریقے سے راجیہ سبھا میں اپنی بات رکھیں گے۔“

19 Mar 2020, 12:02 PM

کل نربھیا کو انصاف ملے گا اور ضرور ملے گا: ماں آشا دیوی

نربھیا کی ماں آشا دیوی نے آج میڈیا کے سامنے بات کرتے ہوئے کہا کہ ”عدالت نے واردات کے وقت پون کے نابالغ ہونے کی دلیل کو مسترد کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پون کا آخری حربہ بھی ناکام ہوا۔ کل چاروں قصورواروں کو پھانسی کی سزا ہونی ہے۔ پھانسی بار بار اس لیے ملتوی ہو رہی تھی کیونکہ رحم کی عرضی باقی تھی۔ آج کی تاریخ میں ان کی کوئی عرضی باقی نہیں ہے۔ یہ پھانسی کو ملتوی کرنے کی کوشش ہے۔ ہماری عدالتوں کو بھی ان کی حقیقت پتہ چل گئی ہے۔ کل ساڑھے پانچ بجے اب یہ سب پھانسی پر لٹکیں گے۔ کل نربھیا کو انصاف ملے گا اور ضرور ملے گا۔“


19 Mar 2020, 11:11 AM

تمل ناڈو: کورونا وائرس کے اثر کو دیکھتے ہوئے کوئمبٹور کے کئی چرچ پر لگایا گیا تالا

تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں کورونا وائرس کی دہشت کو دیکھتے ہوئے شہر کے کئی چرچ کو لوگوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ تمل ناڈو میں اب تک کورونا وائرس کے دو مثبت معاملے سامنے آ چکے ہیں۔

19 Mar 2020, 10:22 AM

نربھیا کے مجرم اکشے کی بیوی عدالت میں نہیں ہوئی حاضر، سماعت اب 24 مارچ کو

نربھیا اجتماعی عصمت دری اور قتل کے مجرموں میں سے ایک اکشے ٹھاکر کی بیوی پُنیتا دیوی نے اورنگ آباد لوکل کورٹ میں طلاق کی ایک عرضی داخل کر رکھی ہے جس پر آج سماعت ہونی تھی۔ لیکن آج پُنیتا دیوی عدالت میں حاضر نہیں ہوئی جس کی وجہ سے اس طلاق کی عرضی پر آئندہ سماعت 24 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ قابل ذکر یہ ہے کہ نربھیا کے سبھی چار مجرمین کو 20 مارچ کی صبح 5.30 بجے پھانسی پر لٹکائے جانے کے لیے ڈیتھ وارنٹ جاری ہو چکا ہے اور اس کیس کی وجہ سے یہ پھانسی ملتوی بھی ہو سکتی ہے۔


19 Mar 2020, 9:19 AM

کورونا وائرس: 6 اپریل تک کوئی ریکوری اور انہدامی کارروائی نہ ہو... الٰہ آباد ہائی کورٹ

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے ایک انتہائی اہم حکم صادر کیا ہے۔ عدالت نے اتر پردیش کے چیف سکریٹری اور سبھی اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت دی ہے کہ 6 اپریل تک کوئی وصولی اور انہدامی کارروائی نہ کی جائے۔

19 Mar 2020, 8:30 AM

کورونا وائرس کی دہشت کے درمیان پی ایم مودی آج ملک سے کریں گے خطاب

کورونا وائرس کے بڑھتے اثر کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات یعنی 19 مارچ کی شب 8 بجے ملک سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم دفتر کی جانب سے جاری ٹوئٹ کے مطابق پی ایم مودی 19 مارچ 2020 کو رات آٹھ بجے خطاب کریں گے جو کہ بہت اہم ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا کے قہر کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا بھر میں اس خطرناک وائرس سے متاثر لوگوں کی تعداد 2 لاکھ کو پار کر چکی ہے اور 8 ہزار سے زیادہ لوگ اس کی وجہ سے لقمہ اجل ہو چکے ہیں۔ ہندوستان میں بھی اب تک 3 موت ہو چکی ہے اور متاثرین کی تعداد 150 کے پار چلی گئی ہے۔ اس درمیان کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے دہلی سے ملحق نوئیڈا اور راجستھان میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔ دیگر مقامات پر لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری کاموں سے گھر سے باہر نہ نکلیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔