اہم خبر: چندرابابو کی سیکوریٹی میں کمی، ہائی کورٹ میں سماعت بدھ تک ملتوی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

09 Jul 2019, 6:10 PM

چندرا بابو کی سیکوریٹی میں کمی، ہائی کورٹ میں سماعت بدھ تک ملتوی

آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو کی ہٹائی گئی سیکوریٹی کے خلاف داخل کردہ عرضی پر آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے آج سماعت کی۔ چندرا بابو نے ہٹائی گئی سیکوریٹی کو بحال کرنے کی خواہش کرتے ہوئے یہ عرضی داخل کی تھی۔

انہوں نے اپنی عرضی میں کہا کہ 2004 سے 2014 تک اپوزیشن لیڈر کا عہدہ رکھنے کے دوران ان کی سیکوریٹی پر ایک ایڈیشنل ایس پی، ایک ڈی ایس پی سطح کے عہدیدار، سی ایس او مامور تھے۔ علاوہ ازیں تین آر آئی، ایک ہیڈ کانسٹیبل، چار کانسٹیبل بھی ان کی سیکوریٹی کے لئے مامور کئے گئے تھے تاہم موجودہ طورپر ان کو سیکوریٹی کے نام پر صرف ایک ڈی ایس پی سمیت چار کانسٹیبلس ہی الاٹ کئے گئے ہیں۔ عدالت نے اس معاملہ کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی۔

09 Jul 2019, 5:14 PM

دھوکہ دہی معاملہ میں بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل ہو سکتی ہیں گرفتار

فلم ’فیملی آف ٹھاکر گرنج‘ کے پروڈیوسر اجے سنگھ کو ڈھائی کروڑ کا چونا لگانا امیشا پٹیل کو بہت بھاری پڑ رہا ہے۔ 8 ج ولائی 2019 کو رانچی کورٹ نے امیشا پٹیل کو عدالت میں حاضر رہنے کے لیے سمن بھیجا تھا۔ لیکن قانون سے بے خوف امیشا پٹیل نہ خود پہنچیں اور نہ ہی ان کے بزنس پارٹنر کنال گومر پہنچے۔ اب ’فیملی آف ٹھاکر گنج‘ کے پروڈیوسر اجے کمار سنگھ کے وکیل گوپال کرشن سنہا نے عدالت میں دونوں کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کے لیے گزارش کی ہے۔ عدالت نے وارنٹ جاری کر دیا ہے اور بہت ہی جلد رانچی پولس امیشا پٹیل کی گرفتاری کے لیے ممبئی روانہ ہو سکتی ہے۔

09 Jul 2019, 4:08 PM

13 میں سے 8 ایم ایل اے کا استعفیٰ قانونی اعتبار سے غلط: اسمبلی اسپیکر

کرناٹک میں پیدا سیاسی بحران کے پیش نظر اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار نے گورنر کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ کسی بھی باغی رکن اسمبلی کی ان سے ملاقات نہیں ہوئی۔ خط میں انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ 13 اراکین اسمبلی میں سے 8 اراکین اسمبلی نے قانون اور ضابطہ کے مطابق استعفیٰ نہیں دیا ہے۔


09 Jul 2019, 2:10 PM

پاکستان: مشہور و معروف اداکارہ ذہین طاہرہ کا انتقال

اسلام آباد: پاکستانی تھیئٹر اور ٹیلی ویژن دنیا کی مشہور اداکارہ ذہین طاہرہ کا دل کا دورہ پڑنے سے 79سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ پاکستان سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ذہین طاہرہ کو گزشتہ شب دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد فوری طور پر انہیں کراچی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کیا گیاتھا۔جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔

مشہور پاکستانی اداکار عمران عباس نے بھی سوشل میڈیا پر اداکارہ کے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کی۔
ان کے پوتے ڈینئل شہزاد نے فیس بک پر اداکارہ کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا’’میری دادی ذہین طاہرہ نہیں رہیں‘‘۔ انہوں نے آج صبح آغا خان اسپتال میں آخری سانس لی۔ساٹھ کے عشرہ میں تھیئٹر میں مصروف رہنے والی ذہین نے700سے زائد ڈراموں میں اپنی اداکاری سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔وہ کئی ٹیلی ویژن سیریلز کی پروڈیوسر اور ڈائرکٹر بھی تھیں۔ ان کے مقبول ڈراموں میں ’خدا کی بستی‘ اور ’عروسہ‘ بھی شامل ہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن میں بہترین کارکردگی اور شاندار تعاون کیلئے انہیں 2013 میں انہیں ’تمغہ امتیاز‘ سے نوازا گیا۔

09 Jul 2019, 12:10 PM

اتر پردیش: عصمت دری معاملہ میں پولس سب انسپکٹر معطل

میرٹھ: اترپردیش میں میرٹھ کے سول لائنز کے علاقے میں ایک لڑکی نے پولس سب انسپکٹر وجئے پر عصمت دری کرنے کا الزام لگایا ہے جس کے بعد ملزم سب انسپکٹرکو معطل کر دیا گیا ہے۔ پولس ترجمان نے آج یہاں اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ 23 سالہ ایک لڑکی نے پولیس سب انسپکٹر وجئے پر الزام لگایا کہ وہ تفتیش کے نام پر اس کے گھر آیا تھا۔ اسی دوران اس نے اس کے ساتھ عصمت دری کی۔ لڑکی کی تحریر پر ملزم سب انسپکٹر کے خلاف رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم پولیس سب انسپکٹر کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔


09 Jul 2019, 11:05 AM

تحویل سے قیدی فرار، دو پولیس اہلکار معطل

بارہ بنکی: اترپردیش میں بارہ بنکی کے حیدر گڑھ میں ڈھابے پر کھانا کھاتے وقت ایک زیر سماعت قیدی پولس کی تحویل سے فرار ہوگیا۔ پولس ذرائع نے منگل کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ سلطانپور جیل میں قید زیر سماعت قیدی سونو کو دو پولس اہلکار گووند نارائن مشرا اور شیام سندر شکلا پیر کے روز بارہ بنکی ضلع عدالت میں پیشی کے لئے لے کر آئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پیشی کے بعد پولس اہلکار اسے کار میں بیٹھا کر سلطانپور واپس لے جا رہے تھے۔ شام کے وقت جب پولس اہلکار ایک ڈھابے پر کھانا کھا رہے تھے اسی دوران قیدی کار میں بیٹھ کر فرار ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں حیدر گڑھ تھانے میں معاملہ درج کرا دیا گیا ہے۔ پولس فرار قیدی کو تلاش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں قیدی کے سیکورٹی پر مامور پولس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

09 Jul 2019, 10:10 AM

چمکی بخار سے اب گیا میں 6 بچوں کی موت!

بہار کے مظفر پور میں چمکی بخار کے قہر کے بعد اب اس کا اثر گیا میں بھی نظر آنے لگا ہے۔ دراصل گیا کے انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج میں 2 جولائی کو 22 بیمار بچے داخل ہوئے تھے۔ ان میں سے 6 بچوں کی موت ہو گئی ہے۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ یہ اموات اے ای ایس کی وجہ سے ہو سکتی ہیں لیکن اس سلسلے میں ابھی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔


09 Jul 2019, 9:06 AM

سونیا گاندھی آج کانگریس کے لوک سبھا اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ کریں گی میٹنگ

کانگریس کی سابق صدر اور یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی آج کانگریس کے لوک سبھا اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ پارلیمنٹ میں ہی صبح 10 بجے میٹنگ کریں گی۔ پارلیمانی پارٹی کی اس میٹنگ میں سبھی اراکین پارلیمنٹ شامل ہوں گے۔ میٹنگ میں کئی اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس میٹنگ کو کانگریس کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔