بڑی خبر: ایم پی میں بی جے پی کو جھٹکا، سابق وزیر سرتاج سنگھ کانگریس میں شامل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

08 Nov 2018, 7:45 PM
مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو ایک اور جھٹکا، سابق وزیر سرتاج سنگھ کانگریس میں شامل

مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت میں کابینہ وزیر رہے سرتاج سنگھ کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض سرتاج سنگھ نے بی جے پی کو خیرباد کہہ دیا۔ کانگریس نے سرتاج سنگھ کو ہوشنگ آباد سے امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی نے انہیں اس مرتبہ ٹکٹ نہیں دیا ہے اور اس سے قبل انہیں عمر کا حوالہ دے کر کابینہ سے بٹا دیا گیا تھا۔

08 Nov 2018, 6:10 PM
کیلی فورنیا میں فائرنگ، بندوق بردار سمیت 13 افراد ہلاک

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک مسلح شخص نے ایک بار پر اندھا دھند فائرنگ کردی ہے جس کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے مشتبہ حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ بدھ کی شب مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 20 منٹ پر لاس اینجلس کےنزدیک واقع شہر تھوزینڈ اوکس میں پیش آیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح شخص کی بار پر اندھا دھند فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور وہاں موجود لوگ شیشے توڑ کر جانیں بچانے کے لیے بھاگنے لگے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

وینٹورا کاؤنٹی کے شیرف کے مطابق فائرنگ کے وقت سیکڑوں افراد’ بار ڈر لائن بار اینڈ گرل ‘میں موجود تھے اور پولیس کی آمد کے وقت بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔بار کے اندر موجود متعدد افراد نے ٹی وی اسٹیشنوں کو فون کرکے بتایا ہے کہ حملہ آور سیاہ لباس میں ملبوس ایک لمبا شخص تھا اور اس نے سر پر ڈھاٹا باندھ رکھا تھا۔اس کا چہرہ بھی جزوی طور پر چھپا ہوا تھا ۔اس نے پہلے دروازے پر موجود ایک شخص پر پستول سے گولی چلائی اور اس کے بعد اندر داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ۔

08 Nov 2018, 4:12 PM
سبریمالہ پر احتجاجی مظاہرہ سپریم کورٹ کی حکم عدولی کے مترادف: کیرالہ ہائی کورٹ

کیرالہ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ سبریمالہ میں خواتین کے داخلہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنا سپریم کورٹ کی حکم عدولی کے مترادف ہے۔ عدالت عالیہ نے کہا کہ مظاہرہ کو کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے یہ تبصرہ خاتون مظاہرین کی درخواست ضمانت کو نامنظور کرتے ہوئے کیا۔


08 Nov 2018, 1:13 PM
احمد آباد کا نام بدل کر ’کرناوتی‘ کرنے پر ہو رہا غور: وجے روپانی

بی جے پی حکمراں ریاستوں میں کئی شہروں اور مقامات کا نام بدلا جا چکا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ تازہ معاملہ گجرات کے شہر احمد آباد کا ہے جس کا نام بدل کر ’کرناوتی‘ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سلسلے میں گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے میڈیا سے بات کی اور کہا کہ اس منصوبہ پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے ایک خبر رساں ایجنسی سے کہا کہ وہ احمد آباد کا نام کرناوتی کیے جانے پر غور کر رہے ہیں اور جلد ہی اس تعلق سے فیصلہ لیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نام تبدیل کیے جانے کے قانونی اور دیگر معاملوں کو دیکھا جا رہا ہے تاکہ کسی طرح کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گجرات کے نائب وزیر اعلی نتن پٹیل نے بھی احمدآباد شہر کا نام تبدیل کر کے ’کرناوتی‘ رکھنے کی بات کی تھی۔ نتن پٹیل نے کہا، ’’لوگوں کی ایسی خواہش ہے۔ پہلے بھی لوگ ایسا چاہتے تھے کہ احمد آباد کا نام کرناوتی کر دیا جائے۔ ہم ہمیشہ یہ کرنے کے لئے تیار ہیں اگر ہمیں قانونی پیچیدگیوں سے پار پانے میں حمایت ملے۔‘‘

08 Nov 2018, 11:09 AM
امریکہ کے اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے عہدہ سے استعفیٰ دیا

امریکہ کے اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

سیشنز نے صدر کے نام اپنے ایک خط میں کہا ہے کہ آپ کے کہنے پر میں اپنا استعفیٰ پیش کر رہا ہے۔سیشنز نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’جس دن سے مجھے امریکہ کے اٹارنی جنرل کے عہدے کا حلف اٹھانے کا اعزاز حاصل ہوا تھا، میں محکمہ انصاف میں آنے کے بعد اسی دن سے ہر روز اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے اپنے ملک کی خدمت کر رہا ہوں۔‘‘ سیشنز مزید کہتے ہیں کہ ’’میں قانونی عمل کے بنیادی پہلوؤں کی مدد کے لیے، جو انصاف کی بنیاد ہیں، یہ کام اپنی بہترین صلاحیت کے ساتھ ادا کرتا رہا ہوں۔‘‘

صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ سیشنز کے چیف آف اسٹاف میتھیو جی ویٹاکر اب قائم مقام اٹارنی جنرل کے طور پر خدمات سرانجام دیں گے۔

ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر سیشنز کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یہ اعلان کیا کہ ان کے چیف آف اسٹاف میتھیو ویٹاکر قائم مقام اٹارنی جنرل کے طور پر کام کریں گے اور یہ کہ مستقل بنیاد پر اس عہدے کے لیے تعیناتی بعد میں کی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ اگست کے شروع میں فاکس نیوز کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے سیشنز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ محکمہ انصاف کا کنٹرول سنبھالنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔


08 Nov 2018, 9:27 AM
نیوزی لینڈ میں بنا عالمی ریکارڈ، بلے بازوں نے بنائے 1 اوور میں 43 رن

نیوزی لینڈ واقع ہیملٹن کے سیڈان پارک میں بدھ کو ایک ایسا ورلڈ ریکارڈ بن گیا جس کو توڑنے کے بارے میں سوچنا بھی مشکل نظر آتا ہے۔ دراصل ’دی فورڈ ٹرافی‘ کے تحت کھیلے گئے 50 اوور کے میچ میں ایک اوور میں اتنے رن بن گئے کہ لسٹ ’اے‘ میں یہ عالمی ریکارڈ کے طور پر درج ہو گیا۔ دراصل ناردرن ڈسٹرکٹس کی جانب سے کھیلتے ہوئے جو کارٹر (ناٹ آؤٹ 102 رن) اور بریٹ ہیمپٹن (95 رن) کی جوڑی نے سنٹرل ڈسٹرکٹس کے تیز گیندباز ولیم لوڈک کے ایک اوور میں 43 رن بنا ڈالے۔ اس اوور میں پہلی گیند پر 4 رن بنے اور اگلی دو گیندیں نو بال تھیں اور دونوں پر ہی 6 رن بنے، اس کے اگلی گیند پر 6 رن اور پھر 1 رن بنے۔ اس کے بعد آخری تین گیندوں پر لگاتار 6 رن بنے۔ اس طرح اس اوور میں کل 43 رن بن گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔