اہم خبر: اَب ائیر انڈیا کرو ممبران کو ہر اعلان کے بعد کہنا ہوگا ’جے ہند‘

مودی حکومت کے ذریعہ ہدایت دیے جانے کے بعد ائیر انڈیا کے سی ایم ڈی نے ایک نیا فرمان جاری کیا ہے جس کے مطابق ہر اعلان کے بعد ائیر انڈیا کرو ممبران کو ’جے ہند‘ کہنا ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

04 Mar 2019, 9:57 PM

ائیر انڈیا کے کرو ممبران کو ہر اعلان کے بعد کہنا ہوگا ’جے ہند‘

مودی حکومت کی ہدایت کے بعد اب ائیر انڈیا کے سبھی پائلٹ اور کیبن کرو ممبران کو ہر اعلان کے بعد ’جے ہند‘ بولنا لازمی ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے۔ یہ ہدایت ائیر انڈیا کے سی ایم ڈی اشونی لوہانی کی جانب سے آیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب 2016 میں لوہانی ائیر انڈیا کے سی ایم ڈی تھے تب بھی انھوں نے ایسا سرکلر جاری کیا تھا۔

04 Mar 2019, 8:58 PM

مغربی بنگال: بی جے پی صدر دلیپ گھوش کے خلاف ایف آئی آر درج

کولکاتا: مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش کے خلاف درگا پور پولس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ دلیپ گھوش پر الزام ہے کہ وہ ایک پرائیوٹ گاڑی سے سفر کررہے تھے مگر اس گاڑی پر پولس کا اسٹیکر لگاہوا تھا۔ خیال رہے کہ بی جے پی نے اتوار کے روز ریاست بھر کے 100 مقامات پر بائک ریلی (سنکلپ ریلی) نکالی تھی۔ اس درمیان بڑی تعداد میں پولس اور بی جے پی ورکروں کے درمیان تصادم ہوا تھا۔پولس کا الزام ہے کہ بی جے پی ورکروں نے ٹریفک اصول کی خلاف ورزی کی تھی ۔روکے جانے کی صورت میں پولس پر مظاہرین نے حملہ کردیا جس کی وجہ سے لاٹھی چارج کرنی پڑی۔تاہم بی جے پی ورکروں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

04 Mar 2019, 7:11 PM

جیش محمد کا سربراہ مسعود اظہر ابھی زندہ ہے: پاکستانی وزیر

پاکستان کے وزیر فیاض الحسن چوہان نے مسعودی اظہر کے تعلق سے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کی موت سے متعلق گشت کر رہی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی زندہ ہے اور اپنی بیماری کا علاج کرا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسعود اظہر کے مرنے کی کوئی خبر ہمارے پاس نہیں ہے، اور جو خبریں گشت کر رہی ہیں اس پر یقین نہیں کیا جا سکتا۔ دراصل میڈیا میں اتوار کے روز سے ہی ایسی خبریں چل رہی تھیں کہ بالاکوٹ میں انڈین ائیر فورس کی کارروائی میں مسعود اظہر مارا گیا ہے۔


04 Mar 2019, 6:09 PM

بالاکوٹ حملہ کا سیاسی فائدہ اٹھانا غیر اخلاقی عمل: قادر

بیلگاوی: کرناٹک کے شہری ترقی کے وزیر یو. ٹی. قادر کا کہنا ہے کہ مسلح فورسز ملک کی سلامتی کو اولین ترجیح دے رہی ہیں اور ہمیں ان کی حصولیابیوں پر فخر ہے لیکن کچھ سیاسی پارٹیوں کے ذریعہ ان کی بہادری کا اپنے فائدے کے لیےاستعمال کرنا ایک غیر اخلاقی کوشش کی ہے۔ مسٹر قادر نے تلکاواڑی میں اسمارٹ سٹی پروجکٹ کےتحت ایک پارک کے افتتاح کے دوران پریس کانفرنس میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہندستانی فضائیہ نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاکر حملے کیے ہیں اور انھیں سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب ہندستانی ہیں اور یکجہتی وسلامتی ہمارے لیے سب سے اوپر ہے۔ ایسی صورت میں جب دہشت گرد تنظیمیں چیلنج پیش کررہی ہیں تب ہمیں دنیا کو اتحاد اور طاقت دکھانی چاہئے۔

سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں کے ذریعہ پاکستان حامی نعروں اور پیغامات کے سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ وہ ایسے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور جنتادل (سکیولر) کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی اعلی کمان کرے گی۔ مسٹر قادر نے کہا کہ دونوں اتحادیوں کے بیچ کوئی بھی غلط فہمی نہیں ہیں۔

04 Mar 2019, 4:17 PM

بی جے پی لیڈران شہید کے گھر خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے تو گھر والوں نے ظاہر کی ناراضگی

بہار کے بیگوسرائے میں شہید پنٹو سنگھ کے گھر والوں سے ملنے کے لیے وزیر وجے سنہا جب پہنچے تو انھوں نے اس پر ناراضگی ظاہر کی۔ شہید کے گھر والوں نے کہا کہ بی جے پی جس پروگرام کو کر رہی تھی، اسے منسوخ کیا جا سکتا تھا۔ انھوں نے وزیر وجے سنہا سے کہا کہ ’’آپ کافی دیر بعد خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، ایسے نہیں ہوتا۔ یہ شہید کی بے عزتی ہے۔‘‘ دراصل پٹنہ میں ریلی ختم ہونے کے بعد وزیر محترم شہید کے گھر والوں سے ملنے پہنچے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ سی آر پی ایف جوان پنٹو سنگھ یکم مارچ کو جموں و کشمیر کے ہندواڑا میں دہشت گردوں سے تصادم کے دوران شہید ہو گئے تھے۔


04 Mar 2019, 2:09 PM

اتر پردیش: بی ایس پی کی قیصر جہاں نے کانگریس کا دامن تھاما

بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سے رکن پارلیمنٹ رہ چکی قیصر جہاں نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کانگریس کا دامن تھام لیا ہے۔ 2009 میں سیتا پور سے پارلیمانی انتخاب جیتنے والی قیصر جہاں کا کانگریس میں شامل ہونا انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ 2014 میں جب مودی لہر تھی، اس دوران بھی انھوں نے 35 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے اور دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔ اس سیٹ سے بی جے پی راجیش ورما نے کامیابی حاصل کی تھی جنھیں 40 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔

قیصر جہاں نے آج ریاستی کانگریس صدر راج ببر کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ قیصر جہاں کے اس قدم سے یو پی کانگریس میں خوشی کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے اور آئندہ عام انتخابات کے تئیں پارٹی کے امکانات بھی کافی اچھے ہو گئے ہیں۔

04 Mar 2019, 1:09 PM

فضائیہ سربراہ کا بڑا بيان، کتنے دہشت گرد مارے گئے، معلوم نہیں

ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ بی ایس دھنووا نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے مارے جانے کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ہم صرف ٹارگیٹ پر نشانہ لگاتے ہیں، تعداد کا حساب نہیں رکھتے کہ کتنے دہشت گرد مارے گئے، فضائیہ سربراہ کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کتنے دہشت گرد مارے گئے، اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی، لیکن بی جے پی صدر امت شاہ کا کہنا ہے کہ فضائیہ کے حملہ میں 250 دہشت گرد ہلاک ہو ئے تھے۔


04 Mar 2019, 12:11 PM

مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے مارے جانے کے اعداد و شمار کس نے دیئے؟...چدمبرم

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے کی گئی کارروائی کا بی جے پی فائدہ اٹھانے میں لگی ہوئی ہے، بی جے پی ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے دہشت گردوں کے مارے جانے کے اعداد و شمار پیش کیے جا رہے ہیں، اس دوران حزب اختلاف بی جے پی سے سوال پوچھ رہا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے ٹوئٹ کرکے پوچھا "ہندوستانی فضائیہ کے وائس ایئر مارشل نے دہشت گردوں کی ہلاکتوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ کوئی شہری یا فوجی ہلاک نہیں ہوا، تو، ہلاکتوں کی تعداد 300-350 کس نے بتائی؟‘‘

چدمبرم نے اپنے ٹوئٹس میں آگے لکھا، ’’ہندوستانی فضائیہ کی شاندار کامیابی کے لئے سلام کرنے والے سب سے پہلے شخص کانگریس صدر راہل گاندھی تھے، مودی جی یہ کیوں بھول گئے؟‘‘

چدمبرم نے کہا، ’’ایک اچھے شہری کے طور پر میں اپنی حکومت پر بھروسہ کرنے کے لئے تیار ہوں، لیکن اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ دنیا کو بھی بھروسہ ہو، تو حکومت کو اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنانے کی بجائے اس کے لئے کوشش کرنی چاہیے‘‘۔

04 Mar 2019, 11:01 AM

ریلی میں منوج تیواری نے پہنی فوجی وردی، اپزیشن نے کہا، سیاست کرنا شرمناک

اہم خبر: اَب ائیر انڈیا کرو ممبران کو ہر اعلان کے بعد کہنا ہوگا ’جے ہند‘

دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری نے فوجی وردی پہن کر ہفتہ کو دہلی کے جمنا وہار علاقے میں بی جے پی کی موٹر سائیکل ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی، اپوزیشن نے اس عمل کی سخت مذمت کی ہے۔

دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری نے فوجی وردی پہن کر ہفتہ کو دہلی کے جمنا وہار علاقے میں بی جے پی کی موٹر سائیکل ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی، اپوزیشن نے ان کے اس عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ بی جے پی فوج کے نام پر سیاست کر رہی ہے جوکہ نہایت شرمناک ہے۔


04 Mar 2019, 10:23 AM

مہا شیوراتری کے پیش نظر سری نگر۔ مظفرآباد ’کاروان امن‘ بس سروس معطل

اہم خبر: اَب ائیر انڈیا کرو ممبران کو ہر اعلان کے بعد کہنا ہوگا ’جے ہند‘

سری نگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر اور پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے درمیان چلنے والی ہفتہ وار 'کاروان امن' بس سروس پیر کے روز معطل کی گئی۔

سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ کاروان امن بس سروس کو ہندو برادری بالخصوص کشمیری پنڈتوں کے محبوب مذہبی تہوار مہا شیوراتری (ہیرتھ) کے پیش نظر معطل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا 'دونوں طرف کی انتظامیہ نے بس سروس کی معطلی کا فیصلہ باہمی اتفاق رائے سے لیا ہے'۔ انہوں نے بتایا 'ہم دونوں ممالک کے بڑے دنوں کے موقعوں پر اس ہفتہ وار بس سروس کو جذبہ خیر سگالی کے تحت معطل رکھتے ہیں'۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جو مسافر اس ہفتہ وار بس سے آج سفر کرنے والے تھے، کو اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان مسافروں کو اب اگلے ہفتے چلنے والی بس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

سری نگر اور مظفرآباد کے درمیان چلنے والی اس ہفتہ وار بس سروس کا آغاز 7 اپریل 2005 کو ہوا تھا اور تب سے اس کے ذریعے ہزاروں لوگ آرپار اپنے عزیز واقارب سے ملے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔