اہم خبر: نئی حکومت بنتے ہی رسوئی گیس سلنڈر مہنگا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

31 May 2019, 11:07 PM

سنیچر سے رسوئی گیس سلنڈر مہنگا

نئی دہلی: رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں یکم جون سے ملک بھر میں اضافہ ہو جائیگا اوربغیر سبسڈی والا رسوئی گیس سلنڈر آج نصف شب سے 25 روپئے اور سبسڈی والا گیس سلنڈر ایک روپئے 23 پیسے زیادہ قیمت پر دستیاب ہوگا۔

ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کی پریس ریلیز میں بتایاگیاہے کہ قومی راجدھانی دہلی میں یکم جون سے سبسڈی والاگیس سلنڈر 497 روپئے 37 پیسے کا ملے گا۔ مئی میں اس کی قیمت 496 روپئے 14 پیسے تھی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی میں بغیر سبسڈی والے گیس سلنڈر کی قیمت میں 25 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔مئی میں اس کی قیمت 712 روپئے 50 پیسے تھی جو جون میں بڑھ کر 737 روپئے 50 پیسے ہو جائیگی ۔

31 May 2019, 9:54 PM

پارلیمنٹ کا اجلاس 17 جون سے، عام بجٹ 5 جولائی کو

نئی دہلی: سترہویں لوک سبھا کے انتخابات کے بعد پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس 17 جون سے 26 جولائی تک جاری رہے گا اور نئی حکومت کا پہلا بجٹ 5 جولائی کو پیش کیا جائیگا ۔

وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں جمعہ کو ہوئی کابینہ کی پہلی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد اطلاعات ونشریات کے وزیرپرکاش جاوڈیکر نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ 17 جون سے شروع ہونے والے اس اجلاس میں کل 30 نشستیں ہونگی اور یہ 26 جولائی تک جاری رہے گا۔ انھوں نے بتایا کہ 17 اور 18 جون کو لوک سبھا کے نومنتخب ارکان کو حلف دلایا جائیگا اور 19جون کو لوک سبھا کے اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ 20 جون کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک اور بحث کے بعد اسے منظور کرایا جائیگا۔ 4 جولائی کو اقتصادی جائزہ پیش کیا جائیگا اور 5 جولائی کو عام بجٹ پیش کیا جائیگا ۔

واضح رہے، لوک سبھا انتخابات کے مدنظر پچھلی حکومت نے فروری میں مکمل بجٹ پیش نہیں کیاتھا بلکہ روایت کے مطابق علی الحساب بجٹ پیش کیاتھا۔

31 May 2019, 8:49 PM

نقوی نے اپنی وزارت کی دوسری میعاد کی ذمہ داری سنبھال لی

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے اپنی وزارت کی دوسری میعاد کی ذمہ داری اس عزم اور ارادے کے ساتھ سنبھال لی کہ وہ تعلیم، روزگار اور اختیارات کے محاذ پر اقلیتوں کی امنگوں کی تکمیل کو اولین ترجیح دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے ساتھ اور سب کا وشواس کےحوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی نے کل جس عہد کی تجدید کی ہے اُسے پورا کرنے میں وزارت اقلیتی امور اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی تاکہ ملک کی خوشحالی اور ترقی میں سب کا حصہ یقینی بن سکے ۔

نقوی نے اس موقع پر موجود نامہ نگاروں کا اس بات کے لئے شکریہ ادا کیا کہ ان کی وزارت کی بہبود رخی کارکردگی کو مثبت طریقے سے اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات موجب اطمینان ہے اقلیتوں کوسیاسی استحصال کی جگہ اب اپنی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی امنگوں کو پورا کرنے میں حکومت کی طرف سے عملی تعاون حاصل ہے۔


31 May 2019, 8:25 PM

شہیدوں کے بچوں کو دیئے جانے والے وظیفہ میں اضافہ

مودی حکومت نے دوسری بار اقتدارسنبھالنے کے بعد پہلا فیصلہ ملک کے تحفظ کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے والے شہیدوں کے ورثا کے لیے کیاہے جس میں انکے بچوں کو دیے جانے والے وظیفہ کی رقم میں اٖضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور ماؤنوانوازوں کے حملہ میں شہید ہوئے پولیس جوانوں کے بچوں کو بھی اس کے دائرے میں لایاگیاہے ۔

مرکزی کابینہ کی آج یہاں ہوئی پہلی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیاگیا۔وزیراعظم نریندرمودی نے ٹوئیٹ کر کے اسکی اطلاع دی ۔انھوں نے لکھا،’’ ہماری حکومت کا پہلا فیصلہ ملک کی حفاظت کرنے والوں کو وقف ہے ۔قومی دفاعی فنڈ سے دی جانے والی پردھان منتری چھاتر ورتی یوجنا میں تبدیلی کو منظوری دی گئی ہے اور دہشت گردانہ اور ماؤنوازوں کے حملوں شہید ہوئے پولیس جوانوں کے بچوں کو بھی یہ وظیفہ دیاجائیگا۔‘‘

اس اسکیم کے تحت شہیدوں کے بیٹوں کو دی جانے والی 2000روپئے ماہانہ کی رقم بڑھاکر 2500اور بیٹیوں کو دی جانے والی رقم 2250روپئے سے بڑھاکر 3000روپئے ماہانہ کی گئی ہے ۔

دہشت گردانہ اور ماؤنوازوں کے حملوں میں شہید ہونے والے پولیس جوانوں کے بچوں کو بھی اس کے دائرے میں لایاگیاہے ۔ہرسال 500پولیس جوانوں کے بچوں کو یہ وظیفہ دیاجائیگا ۔وزارت داخلہ اس کے لیے نوڈل وزارت ہوگی ۔

31 May 2019, 8:10 PM

یونین بجٹ 5 مئی کو پیش ہوگا: پرکاش جاوڈیکر

مودی حکومت کی طرف سے یونین بجٹ 5 جولائی کو پیش کیا جائے گا۔ یہ اطلاع جمعہ کی شامل مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے دی۔

طلاعات و نشریات کے نئے وزیر پرکاش جاویڈکر نے کہا ہے کہ جمہوریت میں آزادی اظہار اہم ہے لیکن یہ آزادی ذمہ داری کے ساتھ ہونی چاہیے۔ جاویدیکر نے جمعہ کو اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ اس موقع پر وزارت کے سکریٹری امیت کھرے بھی موجود تھے۔

مودی کابینہ دو میں جاوڈیکر کو ماحولیات و جنگلات کے ساتھ اطلاعات و نشریات کا وزیر بنایا گیا ہے۔ جبکہ وہ پچھلی حکومت میں انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر تھے۔

جاوڈیکر نے چارج سنبھالتے ہوئے کہا کے ’’مجھے اپنے پیشروا ایم وینکیایا نائیڈو اور ارون جیٹلی کویاد کرتا ہوں اور میں ان وراثت کو یاد کرتا ہوں ۔ انہوں نے ہماری رہنمائی کی ہے ۔ ابتدائی طور پر چھ ماہ تک میں بھی اس وزارت میں تھا‘‘۔


31 May 2019, 7:10 PM

مارچ میں ختم سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح سب سے کم

مودی کی بطور وزیر اعظم حلف برداری کے دوسرے دن ہی معیشت کے شعبہ سے بری خبر منظر عام پر آئی ہے۔ مالی سال 2018-19 کی چوتھی سہ ماہی میں ملک کی شرح ترقی گر کر 6 فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے۔ اعداد کے مطابق جنوری-مارچ سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی محض 5.8 فیصد ہی رہ گئی۔

31 May 2019, 5:10 PM

راہل گاندھی 7 اور 8 جون کو ویاناڈ کے دورے پر

کانگریس کے صدر راہل گاندھی آئندہ ماہ 7 اور 8 جون کو اپنے نئے پارلیمانی حلقہ وائناڈ میں لوگوں کا شکریہ ادا کرنے کے لئے دورہ کریں گے۔ سوشل میڈیا میں ملیالم زبان میں اپنے ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے کہا کہ وہ اپنے نئے پارلیمانی حلقہ کے لوگوں کی محبت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے لئے آئندہ 7 اور 8 جون کو ویاناڈ کا دورہ کریں گے۔ وائناڈ پارلیمانی حلقہ سے اپنی جیت کے بعد راہل گاندھی کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ کانگریس صدر راہل گاندھی وائناڈ پارلیمانی حلقہ سے اس بار چار لاکھ ووٹ کے ریکارڈ فرق سے کامیاب ہوئے ہیں، جہاں انہوں نے اپنے نزدیکی حریف کمیونسٹ پارٹی کے پی پی سنیر کو شکست دی ہے۔


31 May 2019, 4:07 PM

پرویز مشرف کی حالت انتہائی نازک، دوبئی کے اسپتال میں زیر علاج

پاکستان کے سابق فوجی سربراہ ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی طبیعت جمعرات کو اچانک بہت زیادہ خراب ہو گئی۔ انھیں دوبئی کے اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 75 سالہ مشرف پر پہلے سے ہی کسی سے بھی ملنے اور بات نہ کرنے کو لے کر روک لگائی جا چکی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
31 May 2019, 3:08 PM

جموں و کشمیر: کشتواڑ میں فائرنگ، دو پولیس اہلکار زخمی

جموں: جموں کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے مڑواہ بلاک میں جمعہ کے روز پولیس اور مشتبہ جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ایس ایس پی کشتواڑ شکتی کمار پاٹھک نے میڈیا کو بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع ملنے پر جموں کشمیر پولیس نے مڑواہ کے آپن گاؤں کو محاصرہ میں لے کر تلاشی کارروائیاں شروع کیں اس دوران وہاں چھپے جنگجوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا سیکورٹی فورسز کی طرف سے سیرچ آپریشن ہنوز جاری ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ فوج کو جائے واقعہ کی طرف روانہ کیا گیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ وہاں دو یا تین جنگجو پھنسے ہوئے ہیں۔


31 May 2019, 2:07 PM

بی ایس پی کے نومنتخب اراکین پارلیمنٹ کی میٹنگ 3 جون کو

بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے پارٹی کے نومنتخب اراکین پارلیمنٹ کی میٹنگ 3 جون کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میٹنگ میں انھوں نے زون انچارج اور ضلعی صدور کو بھی بلایا ہے۔ میٹنگ دہلی میں منعقد ہوگی اور اس میں آگے کے لائحہ عمل پر غور و خوض کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹنگ میں پارٹی کے سینئر لیڈران بھی موجود ہوں گے۔

31 May 2019, 1:01 PM

امت شاہ وزیر داخلہ اور راج ناتھ ہوں گے وزیر دفاع

وزیر اعظم مودی اور وزرا کے کل حلف لئے جانے کے بعد آج ان کے قلمدان بھی تقسیم کر دئے گئے ہیں۔ مودی کی نئی کابینہ میں امت شاہ وزیر داخلہ اور راجناتھ سنگھ وزیر دفاع ہوں گے۔ نرملا سیتا رمن کو اس مرتبہ وزیر خزانہ اور ایس جے شنکر کو وزیر خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔

راج ناتھ سنگھ ۔ وزیر دفاع

امت شاہ ۔ وزیر داخلہ

ایس جے شنکر ۔ وزیر خارجہ

رمیش پوکھریال نشنک ۔ وزیر انسانی وسائل

نتن گڈکری ۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی وے

سدانند گوڈا ۔ وزیر کیمیکل اینڈ فرٹیلائزر

نرملا سیتا رمن ۔ وزیر خزانہ

رام ولاس پاسوان ۔ وزیر صارفین امور

نریندر تومر ۔ وزیر زراعت

روی شنکر پرساد ۔ وزیر قانون


31 May 2019, 12:43 PM

پی ایم مودی کی نئی کابینہ کی پہلی میٹنگ ہوگی آج شام 5.30 بجے

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی کی نئی کابینہ کی پہلی میٹنگ آج شام ساڑھے پانچ بلائی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کابینہ کی پہلی میٹنگ ساؤتھ بلاک میں واقع وزیراعظم کے دفتر میں ہوگی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی 57 رکنی کابینہ نے جمعرات کی شام راشٹرپتی بھون کے صحن میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب میں حلف لیا۔ نئی کابینہ میں 10 کابینی وزیروں کے جگہ نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) صدر امت شاہ اور سابق سکریٹری ایس جے شنکر کو کابینی وزیر بنایا گیا ہے۔ ابھی تک وزیروں کے محکموں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ شام کو کابینہ کی میٹنگ کے پہلے محکموں کا اعلان ہوجائے گا۔

31 May 2019, 12:08 PM

سی بی آئی رشوت معاملہ: راکیش استھانہ معاملہ کی جانچ کے لیے سی بی آئی کو ملا مزید 4 مہینے کا وقت

دہلی ہائی کورٹ نے راکیش استھانہ اور دیگر کے خلاف رشوت کے الزامات کی جانچ کے لیے سی بی آئی کو 4 مہینے کا مزید وقت دے دیا ہے۔ عدالت نے سی بی آئی کی اس درخواست پر حکم جاری کیا، جس میں ایف آئی آر میں رشوت کے الزامات کی جانچ کے لیے وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


31 May 2019, 10:40 AM

بہار: بیگوسرائے میں بی جے پی پنچایت صدر کا قتل، علاقے میں افرا تفری کا ماحول

بہار کے بیگوسرائے میں بی جے پی پنچایت صدر گوپال سنگھ کا بدمعاشوں نے گزشتہ رات قتل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم بدمعاشوں نے گوپال سنگھ پر لوہے کی راڈ سے حملہ کیا۔ یہ حملہ سنگھول کے گاؤں امرور کرت پور میں کیا گیا۔ پولس کا اس قتل کے تعلق سے کہنا ہے کہ ’’یہ قتل کا معاملہ ہے جس کی جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘

31 May 2019, 8:38 AM

جموں و کشمیر: شوپیاں میں کئی ملی ٹینٹس کے چھپے ہونے کی خبر، سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم شروع

جموں و کشمیر کے شوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم شروع ہو گیا ہے۔ یہ تصاد شوپیاں کے جیناپورا بیلٹ کے درگڑ علاقہ میں جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز کو علاقے میں ملی ٹینٹس کے چھپے ہونے کی خبر ملی تھی۔ اس کے بعد 44 نیشنل رائفل کے ساتھ ایک مشترکہ ٹیم نے تلاشی مہم شروع کی۔ جیسے ہی سیکورٹی فورسز ملی ٹینٹس کے ٹھکانے کے قریب پہنچے، انھوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ خبروں کے مطابق علاقے میں 2 سے 3 ملی ٹینٹس چھپے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔