سابق رکن پارلیمنٹ ساوتری پھُلے اور راکیش سچان کانگریس میں شامل، راہل اور پرینکا نے کیا استقبال

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی
user

قومی آواز بیورو

02 Mar 2019, 9:10 PM

سابق رکن پارلیمنٹ ساوتری پھُلے اور راکیش سچان کانگریس میں شامل، راہل اور پرینکا نے کیا استقبال

اتر پردیش کے بہرائچ سے بی جے پی کی سابق رکن پارلیمنٹ ساوتری بائی پھلے اور فتح پور کے سابق رکن پارلیمنٹ راکیش سچان ہفتہ کے روز کانگریس میں شامل ہو گئے۔ دونون نے کانگریس کے صدر راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور جیوتیرادتیہ سندھیا کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔

02 Mar 2019, 7:09 PM

سمجھوتہ ایکسپریس تین مارچ سے دوبارہ شروع ہو گی

نئی دہلی: دہلی اور لاہور کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین تین مارچ کو پاکستان کے لئے روانہ ہوگی اوراگلے دن وہاں سے ہندوستان کے لئے روانہ کر دی جائے گی۔

ریلوے کی وزارت نے ہفتہ کے روز اس سلسلے میں جاری سرکلر میں کہا کہ "پاکستان چار مارچ سے ٹرین نمبر 14608 سمجھوتہ ایکسپریس کو ریگولیٹ کرے گا۔اس کے ساتھ ہی گاڑی نمبر 1400/14002 اٹاری اسپیشل ایکسپریس کو بھی تین مارچ سے دوبارہ چلانے کی منظوری دے دی گئی ہے"۔ سمجھوتہ ایکسپریس تین مارچ کو ہندوستان سے پاکستان کے لئے روانہ ہوگی اور پھر چار مارچ کو یہ ٹرین وہاں سے ہندوستان واپسی کے لئے روانہ کر دی جائے گی۔

پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھنے کے درمیان پاکستان نے اپنے علاقے میں اس ٹرین کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی تھی۔ جس کی وجہ سے جمعرات کو ہندوستان نے تین مارچ تک اس ٹرین کے آپریشن کو منسوخ کر دیا تھا۔ ریلوے نے اس سلسلے میں جاری سرکلر میں کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہفتے میں دو دن چلنے والی ٹرین دہلی- اٹاری- دہلی سمجھوتہ ایکسپریس کو تین مارچ تک منسوخ کیا گیا ہے اور ریلوے بورڈ نے اس ٹرین کو منسوخ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

02 Mar 2019, 5:09 PM

پنجاب میں تسلیم شدہ صحافیوں کو 1200 روپئے ماہانہ پنشن

چنڈی گڑھ: پنجاب میں ریاست کے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ سے کم از کم پانچ سال تک تسلیم شدہ رہے صحافیوں کو 12 ہزار روپے ماہانہ پنشن ملے گی۔

وزیر اعلی کیپٹن امرندر سنگھ کی صدارت میں آج یہاں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں تجویز کو منظوری دی گئی ۔ صحافیوں کے مطالبے پر وزیر اعلی نے انہیں اس پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

وزیر اعلی کے دفتر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ میٹنگ میں منظور کی گئی تجویز کے مطابق 60 سال کی عمر پوری کرنے والے پنجاب میں ایسے صحافی جو گذشتہ پانچ سے چھ سال تک محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ سے تسلیم شدہ ہوں انہیں ماہانہ 12000 روپے پنشن دی جائے گی۔


02 Mar 2019, 2:09 PM

دہلی: 7 میں سے 6 لوک سبھا سیٹوں کے لیے عآپ نے امیدواروں کا اعلان کیا

عام آدمی پارٹی نے لوک سبھا انتخابات 2019 کے پیش نظر دہلی کی 7 میں سے 6 سیٹوں کے لے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا۔ جن چھ سیٹوں کے لیے امیدوار فائنل ہو گئے ہیں وہ اس طرح ہیں...

  • چاندنی چوک سے پنکج گپتا
  • شمال مشرق دہلی سے دلیپ پانڈے
  • مشرقی دہلی سے آتشی
  • جنوبی دہلی سے راگھو چڈھا
  • شمال مغربی دہلی سے گگن سنگھ
  • نئی دہلی سے برجیش گویل

جس ایک سیٹ سے عآپ نے فی الحال امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے وہ مغربی دہلی ہے۔

02 Mar 2019, 1:09 PM

پلوامہ: اونتی پورہ میں زبردست بارودی سرنگ دھماکہ، مکانوں کے شیشے چکناچور

جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقےمیں مشتبہ جنگجوؤں کی طرف سے سڑک میں بچھائی بارودی سرنگ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کے دوران زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے کے املر گاؤں میں مشتبہ جنگجوؤں نے سڑک میں ایک بارودی سرنگ بچھائی تھی جو رات کے قریب تین بجے زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئی۔ انہوں نے کہا کہ تاہم دھما کے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے رات کے قریب تین بجے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی جس سے علاقے میں سراسیمگی اور خوف وہراس پھیل گیا۔ ایک مقامی باشندے نے کہا کہ دھماکے سے سڑک کے بیچوں بیچ ایک کھائی بن گئی اور نزدیکی مکانوں کے شیشے چکنا چور ہوئے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد جائے واردات پر اضافی سیکورٹی فورسز کی نفری کو بھیج دیا گیا اور علاقے کا محاصرہ کرکے جنگجوؤں کی تلاش شروع کی گئی۔


02 Mar 2019, 12:09 PM

کانگریس نے پی ایم مودی سے پوچھا سوال- 'قربانیوں اور شہادتوں کا یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟'

جموں و کشمیر کے کپواڑا میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں 5 جوان کے شہید ہونے پر کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے افسوس ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ”پانچ شہیدوں کی یہ قربانی، ہندوستان سلام کرتا ہے۔ کپواڑا میں دہشت گردوں سے جنگ لڑتے ہوئے قربانی دینے والی فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر کے پولس جوانوں کی شہادت کو سلام۔“

ساتھ ہی انھوں نے اس تعلق سے پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ ھی بنایا۔ انھوں نے ان سے سوال پوچھا کہ ”مودی جی، قربانیوں اور شہادتوں کا یہ سلسلہ کب تک؟ دہشت گردی کے خلاف آپ کی نتیجہ خیز کارروائی کب ہوگی؟“

02 Mar 2019, 11:09 AM

سعودی عرب نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسامہ بن لادن کے بیٹے کی شہریت ختم کی

سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ اس نے القاعدہ لیڈر اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی شہریت ختم کر دی ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری گزٹ میں شائع نوٹیفکیشن میں یہ جانکاری دی گئی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے ایک شاہی حکم کے ذریعہ نومبر میں اس کی شہریت ختم کر دی تھی۔


02 Mar 2019, 10:09 AM

ائیر اسٹرائیک پر بڑا انکشاف، فضائیہ نے بالاکوٹ میں جیش محمد کی 4 عمارتیں تباہ کی تھیں

26 فروری کو ہندوستان کے ذریعہ پاکستان کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے دہشت گرد کیمپوں پر کی گئی ائیر اسٹرائیک میں اس کی چار عمارتیں تباہ ہوئی تھیں۔ یہ عمارتیں مدرسہ تعلیم القرآن کے کیمپس میں بنی ہوئی تھیں۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اس ہوائی حملے میں ہندوستانی فضائیہ نے جیش کی چار عمارتوں کو نشانہ بنایا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کی صحیح صحیح تعداد نہیں بتائی جا سکتی کیونکہ اس کے لیے جو تکنیکی اور زمینی خفیہ جانکاری ہونی چاہیے، وہ مکمل نہیں ہے۔ لیکن خبروں کی مانں تو اس ائیر اسٹرائیک میں تقریباً 300 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

02 Mar 2019, 8:29 AM

جموں و کشمیر: پاکستان نے پھر کی جنگ بندی کی خلاف ورزی، تین شہری ہلاک

جموں و کشمیر میں کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر یہاں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولی باری کی۔ پونچھ کے ایس ایس پی آر کے انگرال کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کرشن گھاٹی میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجہ میں 3 شہریوں کی موت ہو گئی۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ پاکستان امن کی بات کرتا ہے اور امن کے نام پر ہی اس نے یکم مارچ کو ہندوستانی وِنگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو آزاد کر ہندوستان کے حوالے کیا ہے۔ اس کے باوجود جموں و کشمیر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی ظاہر کرتا ہے کہ وہ سرحدوں پر امن کا خواہاں نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔