اہم خبر: چھپرہ موب لنچنگ پر بہار اسمبلی میں اپوزیشن کا زبردست ہنگامہ

موب لنچنگ کے خلاف مظاہرے کی ایک تصویر/Getty Images
موب لنچنگ کے خلاف مظاہرے کی ایک تصویر/Getty Images
user

قومی آوازبیورو

22 Jul 2019, 7:49 PM

بہار: چھپرہ موب لنچنگ کو لے کر اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، کارروائی ملتوی

پٹنہ: بہار اسمبلی میں آج اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے چھپرہ موب لنچنگ کے معاملے پر جم کر ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کاروائی مقررہ وقت سے قبل ہی ملتوی کرنی پڑی۔ اسمبلی کی کاروائی گیارہ بجے شروع ہوتے ہی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسوادی لینن وادی ( سی پی آئی۔مالے) کے ستیہ دیو رام نے موب لنچنگ کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی ۔ اسمبلی اسپیکر وجے کمار چودھری نے اس کی اجازت نہیں دی اور کہاکہ مقررہ وقت پر اس معاملے کو اٹھائیں۔ ابھی وقفہ سوالات چلنے دیں۔ اس پر راشٹریہ جنتا دل ( آرجے ڈی ) کے للت کمار یادو نے اسپیکر مسٹر چودھری سے ان کی بات سن لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ موب لنچنگ کا معاملہ بیحد سنگین ہے۔ اسمبلی اسپیکر نے کہاکہ اگر آپ اس بات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں تو اسے وقت پر اٹھانا مناسب ہوگا۔ ابھی وقفہ سوالات ہے اسے برباد نہ کریں۔

22 Jul 2019, 7:02 PM

گجرات: سورت کوچنگ آتشزدگی معاملہ میں پولس نے 4271 صفحات کی چارج شیٹ فائل کی

گجرات واقع سورت کے کوچنگ سنٹر میں آگ لگنے کے معاملہ میں پولس نے 4271 صفحات کی چارج شیٹ فائل کر دی ہے۔ یہ چارج شیٹ 14 لوگوں کے خلاف داخل کی گئی ہے۔ چارج شیٹ کے مطابق 14 میں سے 11 ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے، وہیں 3 ملزم اب بھی فرار ہیں۔ کوچنگ سنٹر میں آگ لگنے سے 22 بچوں کی جان چلی گئی تھی۔

22 Jul 2019, 5:59 PM

ہاتھ سے چھوٹ کر نیچے گرا اور پارسل میں ہو گیا دھماکہ، گجرات ڈاکخانہ میں لگ گئی آگ

احمدآباد: گجرات کے احمدآباد شہر کے ایک ڈاک خانے میں ایک پارسل میں ہوئے دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ پولس نے بتایا کہ یہ پارسل گجرات میں کچھ کے انجار سے اترپردیش بھیجا گیا ہے، وہاں کسی کے نہ لینے کے وجہ سے یہ واپس لوٹ آیا۔ کل شام یہ پارسل منتقل کرنے کے دوران گرا تو اس میں دھماکہ ہوگیا۔حالانکہ کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا لیکن وہاں آگ لگ گئی۔اس پر بھی جلد ہی قابو پالیاگیا۔ ایف ایس ایل ٹیم اور کرائم برانچ اس معاملے میں تفصیلی جانچ کررہی ہے۔ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ اس میں پٹاخے اور ایئرگن کی گولیاں بنانے والا بارود رکھا ہوا تھا۔اب تک اس سلسل میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔


22 Jul 2019, 4:58 PM

ویاپم گھوٹالہ: ملزموں کو سزا دلوانے کے لیے دگوجے نے کمل ناتھ کو لکھا خط

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگوجے سنگھ نے ویاپم گھپلے کے اہم ملزموں کو قانون کے دائرے میں لاکرسزادلوانے کے لیے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کو خط لکھا ہے۔ خط میں انہوں نے وزیر اعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ وہ ویاپم گھپلے کے معاملے میں بے گناہ طلبہ و طالبات کو انصاف دلانے اور ان کے مستقبل کی حفاظت کے لیے مناسب فیصلہ کریں۔ خط میں الزام عائد کیاگیاہے کہ اس وقت کی حکومت نے اہم ملزموں کو بچانے کے لیے طلبہ کو ڈھال بنایا۔ وہیں امیدواروں کے ساتھ اہل خانہ کو بھی ملزم بنا دیا گیا۔

دگوجے سنگھ نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو اس معاملے میں کئی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کئی مشورے دیتے ہوئے کہا کہ ان افراد کو جن کا انتخاب بھی نہیں ہوا ہے پھر بھی ملزم بنا دیا گیا ہے۔ ان کے خلاف رپورٹ واپس لے لیے جائیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سےگزارش کی ہے کہ اہم ملزموں کو قانون کے دائرے میں لاکر بے گناہ طلبہ و طالبات کو انصاف دلائیں۔

22 Jul 2019, 4:02 PM

مدھیہ پردیش: عام آدمی پارٹی کے عہدیداران نے دیا اجتماعی استعفیٰ

بھوپال: مدھیہ پردیش میں عام آدمی پارٹی تنظیم کو ختم کرنے کی کوشش کے خلاف پارٹی کے ریاستی عہدیداران نے اجتماعی طورپر استعفی دے دیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی عہدیداران کی کل یہاں اس سلسلہ میں میٹنگ ہوئی جس میں پارٹی کے ریاستی انچارج گوپال رائے پر پارٹی کی ریاستی تنظیم کو کمزور کرنے کی کوشش کا الزام لگایا گیا۔ میٹنگ میں بات چیت کے بعد اس کارروائی کے خلاف عام آدمی پارٹی کی ریاستی مجلس عاملہ کے تقریباََ تمام عہدیداران نے پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کو ایک خط لکھ کر اپنے تمام عہدوں سے استعفی دے دیا۔ استعفی دینے والوں میں ریاستی صدر آلوک اگروال، ریاستی تنظیمی سکریٹری بھوپال زون انچارج بھٹناگر، ریاستی نائب صدر رانی اگروال، تنظیمی سکریٹری۔اندور زون انچارج یوراج سنگھ، تنظیمی سکریٹری۔ بندیل کھنڈ زون انچارج اندر وکرم سنگھ، تنظیمی سکریٹری۔اجین زون انچارج افتخار احمد خان، تنظیمی سکریٹری۔گوالیار زون انچارج سومل شرما، ریاستی سکریٹری جتیندر چورسیا، ریاستی خزانچی پرکاش ڈکوسٹا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے بیشتر تنظیمی وزرا نے بھی استعفی دے دیا ہے۔


22 Jul 2019, 3:05 PM

چندریان-2 کی لانچنگ کے ساتھ ہی ہندوستان نے رقم کی تاریخ

آندھرا پردیش کے شری ہری کوٹا کے ستیش دھون خلائی مرکز سے چندریان-2 کو لانچ کر دیا گیا ہے۔ جی ایس ایل وی-ایم کے-3 راکٹ کی لاگت 375 کروڑ روپے ہے جب کہ چندریان-2 کی لاگت 603 کروڑ روپے ہے۔ یہ راکٹ اپنی تقریباً 16 منٹ کی پرواز کے دوران چندریان-2 کو اس کی 170 گنا 40400 کلو میٹر کی آربٹ میں داخل کرے گا۔ اس لانچنگ سے متعلق اِسرو کا کہنا ہے کہ امید سے بھی بہتر لانچنگ ہوئی۔

22 Jul 2019, 1:50 PM

چندریان-2 کی لانچنگ 2.43 بجے، سائنسداں پرجوش

انتظار کا وقت ختم ہو چکا ہے اور 2.43 بجے راکٹ جی ایس ایل وی-ایم کے3 سے لانچ کیا جائے گا۔ کرایوجینک اسٹیج پر لیکوئڈ آکسیجن کی فلنگ مکمل ہو گئی ہے اور لیکوئڈ ہائیڈروجن کی فلنگ جاری ہے۔ چندریان-2 کی لانچنگ کو لے کر سائنسداں پرجوش ہیں اور پورے ملک کی نظر اس پر ٹکی ہوئی ہے۔


22 Jul 2019, 1:09 PM

سون بھدر سانحہ کے خلاف کانگریس ممبران پارلیمنٹ کا احتجاج

نئی دہلی: کانگریس ممبران پارلیمنٹ نے اتر پردیش میں سون بھدر کے واقعہ اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے کیمپس میں پیر کو احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔

پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے کانگریس کے دونوں ایوانوں کے ممبران، پارلیمنٹ کے کیمپس میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے جمع ہوئے اور نعرے لگانے لگے۔ کانگریس ممبران پارلیمنٹ اتر پردیش کی حکومت کو غریب اور دلت مخالف بتاتے ہوئے نعرے لگائے اور ریاستی حکومت سے غریبوں کو انصاف دینے کا مطالبہ کرتے رہے۔

احتجاج میں راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، چیف وہپ کے سریش اور گورو گوگوئی سمیت تقریباً تمام اہم رہنما موجود تھے۔ احتجاج کرنے والے ممبران سون بھدر میں پرینکا گاندھی کی گرفتاری کو غیر قانونی بتا رہے تھے اور ریاستی حکومت سے اس پورے معاملے پر جواب کا مطالبہ کر رہے تھے۔

22 Jul 2019, 11:10 AM

ہاپوڑ میں شدید سڑک حادثہ، 9 باراتیوں کی موت، 18 زخمی

ہاپوڑ: اترپردیش میں ہاپوڑ ضلع کے حافظ پور علاقہ میں ہوئے ایک شدید سڑک حادثہ میں 9 باراتیوں کی موت اور 18زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں بیشتر بچے ہیں۔ پولس ذرائع نے پیر کو یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دھولانا علاقہ کے سالے پور کوٹلہ کے باشندہ مہربان کی بیٹی گلفشاں کی اتوار کو شادی تھی۔ میرٹھ ضلع کے ننگلا گاؤں سے بارات آئی تھی۔ شادی کے بعد باراتیوں کو لے کر دیر رات تقریباً گیارہ بجے پک اپ گاڑی میں سوار باراتی اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ بلندشہر روڈ پر صادق پور گاؤں کے نزدیک تیز رفتار کینٹر نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پک اپ گاڑی پلٹ گئی اور 9 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 18 لوگ زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے بعد کینٹر کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولس حکام موقع پر پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو الگ الگ اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کئی لاشیں سڑک پر ہی پڑی تھیں۔


22 Jul 2019, 10:04 AM

سعودی عرب کا ایران سے جہاز رانی میں رکاوٹ پیدا نہ کرنے کا مطالبہ

ریاض:سعودی عرب نے ایران کو خبردار کیا کہ وہ جہاز رانی کی آزادی میں رکاوٹ پیدا نہ کرے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ٹوئٹر پر لکھا ’’جہارانی کی آزادی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ایران کو یہ بات ضرور سمجھنی چاہیے کہ حال ہی میں برطانوی جہاز سمیت دیگر بحری جہاز روکنے کی اس کی حرکتیں مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں‘‘۔ انہوں نے عالمی برادری سے اس طرح کی حرکتوں کو روکنے کے لئے کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */