اہم خبر: مشتاق احمد بنے ایشیائی ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

22 Feb 2019, 7:10 PM

مشتاق احمد بنے ایشیائی ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر

ہاکی انڈیا کے صدر محمد مشتاق احمد بلامقابلہ ایشیائی ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) کے نائب صدر منتخب ہو گئے ہیں جبکہ ہاکی انڈیا کی نائب صدر عاصمہ علی کو اے ایچ ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔

ہاکی انڈیا نے اپنے دونوں عہدیداروں کو ان کے انتخاب کے لئے نیک خواہشات دی ہیں۔ ہاکی انڈیا کے سیکرٹری جنرل راجندر سنگھ نے اس الیکشن میں ملی جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ ہمارے لئے بہت خوشی کی بات ہے۔ میں مشتاق کو اے ایچ ایف کا نائب صدر بننے اور عاصمہ کو بورڈ کمیٹی کی رکن منتخب ہونے کے لئے مبارک باد دیتا ہوں۔

راجندر نے کہاکہ آپ دونوں نے ہاکی انڈیا میں عہدیدار رہتے ہوئے پورے ملک میں ہاکی کو ایک خاص شناخت دلائی اور اسے ایک پیشہ ور یونین کی شکل میں تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ آپ اپنے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے اپنی نئی ذمہ داری کو بخوبی سنبھالیں گے اور ہمیں فخر کا موقع فراہم کریں گے۔ میں ہاکی انڈیا کے تمام اراکین کی جانب سے آپ دونوں کو نیک خواہشات دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آپ کی نگرانی میں ایچ آئی نئی بلندیوں کو چھوئے۔

22 Feb 2019, 5:10 PM

بھارت کی جنگ کی دھمکی پر ہمیں تیار رہنے کا حق: پاکستانی فوج

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران پلوامہ حملہ کے حوالہ سے رد عمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا بغیر سوچے سمجھے اور بغیر ثبوت پاکستان پر الزامات عائد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جواب دینے کے لئے کچھ وقت لیا، جو الزامات عائد کئے گئے ان کی تحقیقات کی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا، ’’ہندوستان کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ ہم جنگ کی تیاری کر رہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان ہمیں جنگ کی دھمکی دے رہا ہے۔ ایسے حالات میں ہمیں تیار رہنے کا حق ہے۔‘‘

22 Feb 2019, 4:09 PM

آئی پی ایل افتتاحی تقریب رَد، پلوامہ شہیدوں کے اہل خانہ کو دی جائے گی یہ رقم

بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا یعنی بی سی سی آئی کی منتظمہ کمیٹی کے رکن ونود رائے نے اعلان کیا ہے کہ اس بار آئی پی ایل اوپننگ سریمنی یعنی افتتاحی تقریب کا انعقاد نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس رقم کو پلوامہ کے شہید جوانوں کے گھر والوں کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس درمیان انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پلوامہ حملہ اور اس سے جڑی چیزوں کو لے کر ہم خط کے ذریعہ آئی سی سی کو مطلع کرائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ 16 جون کو عالمی کپ میں ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ میں بہت دن باقی ہیں اور ہم اس پر حکومت کے ساتھ صلاح و مشورہ کریں گے کہ یہ میچ کھیلنا ہے یا نہیں۔


22 Feb 2019, 3:09 PM

مدھیہ پردیش: سوائن فلو سے متاثر لوگ فوری علاج کے لیے اسپتال جائیں... کمل ناتھ

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ نے شہریوں سے سوائن فلو سے بچاؤ اور ابتدائی اثرات نظر آتے ہی علاج کرانے کی اپیل کی ہے۔ مسٹر کمل ناتھ نے ٹویٹ میں کہا کہ سوائن فلو موسمی وائرل انفیکشن ہے۔ اس کے ابتدائی اثرات نظر آتے ہی نزدیکی میڈیکل سینٹر میں جاکر جانچ کروائیں، یہ مکمل طور پر ممکن ہے۔ ڈاکٹروں کی مشورے پر عمل کریں۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ اسپتالوں میں اس بیماری کی ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ریاست کے مختلف حصوں سے ان دنوں سوائن فلو کے بڑھتے معاملات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

22 Feb 2019, 2:09 PM

کانگریس نے پھر اٹھایا سوال- جب پلوامہ حملہ ہوا اس وقت پی ایم کیا کر رہے تھے؟

پلوامہ دہشت گردانہ حملے کو لے کر ایک بار پھر کانگریس نے پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ دہلی میں کانگریس صدر دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی ترجمان منیش تیواری نے کہا کہ ’’پی ایم مودی بتائیں کہ 14 فروری کو پلوامہ حملے کے بعد وہ جم کوربیٹ پارک میں کیا کر رہے تھے؟‘‘ منیش تیواری نے مزید کہا کہ ’’جس وقت سیکورٹی فورس پر حملہ ہوا اس وقت پی ایم مودی جم کوربیٹ پارک میں ایک شوٹنگ میں مصروف تھے۔ یہ شوٹنگ حکومت کی تشہیر کے لیے کی جا رہی تھی۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انھوں نے سوال پوچھا کہ ’’آخر پی ایم بتاتے کیوں نہیں کہ 3.10 بجے سے لے کر 5.10 بجے تک وہ کہاں مصروف تھے۔‘‘ منیش تیواری نے کہا کہ ملک کے پی ایم اس قدر بے حس کیسے ہو سکتے ہیں۔


22 Feb 2019, 1:09 PM

بہار: گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

گوپال گنج: بہار میں ضلع گوپال گنج کے كچائی كوٹ تھانہ علاقہ کے بکھری گاؤں میں گزشتہ دیر رات ایک گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی کنبےکے چھ افراد کی جھلس كر موت ہو گئی۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بکھری گاؤں میں واقع ایک گھر میں گزشتہ دیر رات اچانک آگ لگ گئی ۔ اس واقعہ میں چار افراد کی موقع پر ہی جھلس كر موت ہو گئی جبکہ دیگر چار شدید زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو علاج کے لئے گوپال گنج صدر اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ ایک زخمی نے راستے میں دم توڑ دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایک دیگر شدید زخمی کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ ابتدائی علاج کے بعد دو افراد کو بہتر علاج کے لئے پٹنہ بھیجا گیا ہے۔ مرنے والوں کی شناخت حسمو دین راے ( 30)، غیاس الدين عالم (07)، سنترا خاتون (33)، خوبصورتی خاتون (03)، بكر الدین رائے (35) اور سجرينا خاتون (08) کے طور پر کی گئی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

(یو این آئی)

22 Feb 2019, 12:09 PM

کشمیری طلباء پر حملہ: سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور 10 ریاستی حکومتوں کو بھیجا نوٹس

پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک میں کشمیری طلبا پر لگاتار ہو رہے حملوں کی خبریں میڈیا میں آ رہی ہیں۔ اس درمیان سپریم کورٹ نے اس تعلق سے انتہائی سخت رخ اختیار کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت اور 10 ریاستی حکومتوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔


22 Feb 2019, 11:09 AM

پلوامہ حملہ: کناڈا میں مقیم ہندوستانی باشندہ نے 4 شہید جوانوں کے اہل خانہ کو دیا ایک-ایک لاکھ روپیہ

کناڈا میں مقیم ہندوستانی جسکرن دیول نے پلوامہ دہشت گردانہ حملہ میں شہید 4 سی آر پی ایف جوانوں کے گھر والوں کو ایک-ایک لاکھ کی مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’شہید جوانوں کے گھر والے اس وقت بہت بڑے غم سے دو چار ہیں۔ یہ ایسا وقت ہے جب ہمیں اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں اور شہید جوانوں کے گھر والوں کی مدد کرنی چاہیے۔‘‘

22 Feb 2019, 8:40 AM

اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے رکن ممالک نے پلوامہ حملہ کی مذمت کی

اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے رکن ممالک نے جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی بزدلانہ اور کائرانہ حرکت قرار دیا ہے۔ گزشتہ 14 فروری کو ہوئے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے لی ہے اور اس میں 49 سی آر پی ایف جوان شہید ہو گئے تھے۔ حملہ کے بعد سے ہی مختلف ممالک اور اداروں کے ذریعہ پاکستان کے خلاف بھی آوازیں اٹھنے لگی ہیں اور دہشت گردی کی جنگ میں وہ ہندوستان کے ساتھ کھڑے نظر آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔