اہم خبر: ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی خبروں سے میں فکرمند... پرنب مکھرجی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

21 May 2019, 4:07 PM

ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی خبروں سے میں فکرمند: پرنب مکھرجی

ملک بھر میں ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی خبروں پر سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے بیان جاری کر کہا ہے کہ ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی خبروں سے میں فکرمند ہوں۔ ای وی ایم کی سیکورٹی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ کمیشن کو کچھ ایسا کرنا چاہیے جس سے اس طرح کے قیاس پر روک لگے۔

21 May 2019, 3:09 PM

دفعہ 370 ہٹانے اور یکساں سول کوڈ تھوپنے کی بات نہیں ہونی چاہیے: نتیش کمار

دہلی میں این ڈی اے کی میٹنگ میں شامل ہونے پہنچے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ دفعہ 370 کو ہٹانے اور کامن سول کوڈ تھوپنے کی بات نہیں ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ایودھیا مسئلہ کا حل آپسی اتفاق یا عدالت کے فیصلے سے ہونا چاہیے۔ خاص بات یہ ہے کہ نتیش کمار کے برعکس بی جے پی کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کے حق میں ہے۔

لوک سبھا انتخابی تشہیر کے دوران جھارکھنڈ میں ایک انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا تھا کہ ایک بار پھر مودی کو پی ایم بنائیے، ہم کشمیر سے دفعہ 370 ہٹا دیں گے۔

21 May 2019, 2:04 PM

دہلی: کانسٹی ٹیوشن کلب میں اپوزیشن کی انتہائی اہم میٹنگ شروع

دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں اپوزیشن کی ایک انتہائی اہم میٹنگ شروع ہوئی ہے۔ میٹنگ میں کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد اور سماجوادی پارٹی کے لیڈر رام گوپال یادو، سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، ترنمول کانگریس لیڈر ڈیرک او برائن اور آر جے ڈی لیڈر منوج جھا سمیت کئی لیڈر موجود ہیں۔ یہ میٹنگ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں ہو رہی ہے۔ میٹنگ سے پہلے رام گوپال یادو نے کہا کہ اپوزیشن ڈرا ہوا نہیں ہے، جو ڈرے ہوئے ہیں وہ غار میں بیٹھ رہے ہیں۔


21 May 2019, 1:07 PM

اتر پردیش: کانگریس امیدوار نے مرزا پور کے ووٹ کاؤنٹنگ سنٹر پر رکھے اضافی ای وی ایم کو ہٹانے کا کیا مطالبہ

اتر پردیش کے مرزا پور سے کانگریس امیدوار للتیش پتی ترپاٹھی نے لوک سبھا پارلیمانی حلقہ کے آبزرور کو خط لکھ کر دوسری پارٹیوں کے امیدواروں اور ان کے نمائندوں کے سامنے ووٹ شماری مرکز پر رکھے گئے اضافی ای وی ایم کو ہٹانے کی گزارش کی ہے۔

21 May 2019, 11:10 AM

الیکشن ختم ہونے کے لگاتار دوسرے دن بھی بڑھی پٹرول-ڈیزل کی قیمت

19 مئی کو لوک سبھا الیکشن کے لیے ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سے لگاتار دو دن سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ آج تیل کمپنیوں نے نئی دہلی میں پٹرول پر پانچ پیسے اور ڈیزل پر 9 پیسے کا اضافہ کیا۔ اسی کے ساتھ قومی راجدھانی میں ڈیزل کی قیمت 66 روپے 20 پیسے فی لیٹر کی شرح پر پہنچ گئی۔ پٹرول کی بات کریں تو آج 71 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی شرح سے پٹرول فروخت ہو رہا ہے۔پیر کے روز ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت 66 روپے 11 یپسے اور پٹرول کی قیمت 71 روپے 12 پیسے فی لیٹر تھی۔ کموڈیٹی بازار کے جانکار بتاتے ہیں کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل میں آئی حالیہ تیزی کے بعد اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی الحال راحت ملنے کی گنجائش نہیں ہے۔


21 May 2019, 8:49 AM

سونیا، راہل اور پرینکا سمیت کئی ہستیوں نے راجیو گاندھی کے یوم شہادت پر انھیں یاد کیا

سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کا آج یوم شہادت ہے۔ اس موقع پر یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی، کانگریس صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت کئی ہستیوں نے دہلی واقع ویر بھومی پہنچ کر ان کی قربانی کو یاد کیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ راجیو گاندھی کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری، کانگریس کے سینئر لیڈران غلام نبی آزاد، اے کے انٹونی، بی ایس ہوڈا، شیلا دیکشت، کے سی وینو گوپال اور آنند شرما نے بھی گلپوشی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔