اہم خبر:رات کو دو بجے پرمود ساونت کو دلایا گیا حلف، دو نائب وزیر اعلی نے لیا حلف

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18 Mar 2019, 11:10 PM

پرمود ساونت ہوں گے گوا کے نئے وزیر اعلیٰ

گوا میں دیر رات تک چلے سیاسی ڈرامہ کے بعد پرمود ساونت کو صبح دو بجے وزیر اعلی کا حلف دلایا گیا اور ان کے ساتھ دو اتحادی پارٹی کے ارکان کو نائب وزیر اعلی کا حلف دلایا گیا ۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اس معاملہ کو سلجھایا لیکن بھی بھی حکومت میں بے چینی ہے اور حکومت کسی بھی وقت گر سکتی ہے کیونکہ کانگریس نے اپنا دعوی پیش کیا ہوا تھا۔

نئے وزیر اعلیٰ کو لے کر چل رہی افرا تفری کے درمیان گوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے رات کہہ دیا تھا کہ راج بھون میں نئے وزیر اعلیٰ کی جو حلف برداری پیر کی شب 11 بجے ہونی تھی اسے روک دیا گیا۔ حالانکہ یہ طے ہو چکا ہے کہ گوا کے نئے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت ہی ہوں گے۔۔

انگریزی ویب سائٹ بزنس اسٹینڈرڈ کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے رکن اسمبلی نے کہا، ’’بی جے پی رہنماؤں اور اتحادیوں کے درمیان کئی معاملات پر تبادلہ خیال ہونا ہے۔ لہذا 11 بجے حلف برداری نہیں ہوگی۔‘‘ واضح رہے کہ بی جے پی نے گوا کے اسپیکر پرمود ساونت کو نیا وزیر اعلیٰ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثنا بی جے پی کے قومی ترجمان گوپال کرشن اگروال نے پرمود ساونت کو گوا کا نیا وزیر اعلیٰ بننے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ اس ٹوئٹ کے بعد کئی اہم میڈیا اداروں کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پرمود ساونت ہی گوا کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔

18 Mar 2019, 10:10 PM

پرمود ساونت ہوں گے گوا کے نئے وزیر اعلیٰ، 11 بجے حلف برداری

گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کے انتقال کے بعد بی جے پی کے نئے وزیر اعلیٰ آدھی رات کو حلف لینے جا رہے ہیں۔ رات 11 بجے گوا اسمبلی کے اسپیکر پرمود ساونت ریاست کی باگڈور سنبھال لیں گے۔ ان کے ساتھ ہی بی جے پی کی معاون جماعتوں کے رہنما سودن دھولیکر اور وجے سردیسائی نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔

18 Mar 2019, 9:10 PM

پرمود ساونت ہوں گے گوا کے نئے وزیر اعلیٰ

گوا میں وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کے انتقال کے بعد قیادت کے حوالہ سے بی جے پی میں چل رہا بحران آخرکار اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق گوا اسمبلی کے اسپیکر پرمود ساونت گوا کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے جبکہ سودین دھولیکر اور وجے سردیسائی نائب وزارئے اعلیٰ بنائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ دھولیکر مہاراشٹروادی گومنتک پارٹی اور وجے سردیسائی گوا فارورڈ پارٹی کے رہنما ہیں۔


18 Mar 2019, 7:10 PM

گوا بی جے پی میں بحران، ’سی ایم عہدہ کا میں بھی دعوے دار‘، ریاستی صدر کا بیان

گوا میں منوہر پاریکر کے انتقال کے بعد بی جے پی میں بحران جاری ہے۔ اسی درمیان بی جے پی کے ریاستی صدر ونے تندولکر نے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے دعوے داروں میں میں بھی شامل ہوں۔ ابھی ارکان اسمبلی کی میٹنگ جاری ہے اور آج ہی طے ہو جائے گا کہ گوا کا نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا۔

18 Mar 2019, 6:09 PM

اہم خبر: منوہر پاریکر کی آخری رسومات ادا

گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کی آخری رسومات ادا ہو گئی ہیں ریاستی عزاز کے دوران ان کے بیٹے نے آخری رسومات ادا کیں۔ اس دوران جوانوں انہیں سلامی پیش کی۔

قبل ازیں منوہر پاریکر کو آخری وداعی دی گئی اور ان کی آخری یاترا نکالی گئی۔ آخری یاترا میں ہزاروں لوگ شامل ہوئے۔ پاریکر کے جسد خاکی کو اس سے پہلے آخری درشن کے لئے رکھا گیا جہاں وزیر اعظم سمیت کئی رہنماؤں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔


18 Mar 2019, 4:45 PM

نیدرلینڈ کے اٹریچ شہر میں فائرنگ، ایک کی موت، کئی زخمی

اہم خبر:رات کو دو بجے پرمود ساونت کو دلایا گیا حلف، دو نائب وزیر اعلی نے لیا حلف

خبر رساں ایجنسی رائٹر کے مطابق، نیدرلینڈ کے اٹریچ شہر میں فائرنگ ہوئی ہے، اس فائرنگ میں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ فی الحال پولس تحقیقات کر رہی ہے۔

18 Mar 2019, 3:09 PM

اسدالدین اویسی نے حیدر آباد سیٹ کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی نے پیر کے روز حیدر آباد لوک سبھا سیٹ کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔ پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت انھوں نے ملک مخالف طاقتوں کو شکست دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر کئی پارٹی کارکنان بھی اسدالدین اویسی کے ساتھ موجود تھے۔


18 Mar 2019, 1:10 PM

بی جے پی رکن اسمبلی نے ’ائیر اسٹرائیک‘ کا لیا نام، الیکشن کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی

انتخابی کمیشن کی سخت ہدایت کے باوجود بی جے پی کے لیڈر ’ائیر اسٹرائیک‘ کا انتخابی فائدہ اٹھانے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔ اتر پردیش کے شاملی میں بی جے پی رکن اسمبلی سنگیت سوم نے انتخابی جلسہ میں ’ائیر اسٹرائیک‘ کا نام لے کر عوام کے سامنے اپنی بات رکھی۔ انھوں نے کہا ’’بالاکوٹ جہاں تک ہم (ہماری فوج) پہنچے ہیں، وہ لاہور سے بہت نزدیک ہے، دوستوں بہت نزدیک۔ اتنا نزدیک ہے کہ اگر دو منٹ اور رک جاتے تو جھنڈا (ہمارا قومی پرچم) لاہور میں ہوتا۔‘‘

18 Mar 2019, 12:10 PM

جموں و کشمیر: راجوری میں ہند-پاک افواج کے درمیان تصادم، 1 فوجی ہلاک، 3 زخمی

جموں: جموں کشمیر کے ضلع رجواری میں لائن آف کنٹرول پر پیر کے روز ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دیگر تین اہلکار زخمی ہوئے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ راجوری ضلع کےسندر بنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی صبح قریب ساڑھے پانچ بجے پاکستانی فوج کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا جبکہ دیگر تین اہلکار ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے گولہ باری اور فائرنگ کرکے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کا بھارتی فوج نے بھی بھر پور جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ صبح قریب ساڑھے سات بجے تک جاری رہا۔ قابل ذکر ہے کہ ماہ گذشتہ ہوئے پلوامہ خودکش دھماکے کے بعد سرحد پر دونوں ممالک کے درمیان تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔


18 Mar 2019, 11:11 AM

ایک ہزار امریکی فوجی شام سے وطن لوٹیں گے

ماسکو: امریکہ کے فوجی حکام نے کہا ہے کہ کم از کم ایک ہزار فوجیوں کی جلد ہی شام سے واپسی ہو گی، اگرچہ اس کے لئے کوئی مقررہ ڈیڈلائن طے نہیں کی گئی ہے۔ میڈیا نے اتوار کو امریکی حکام کے حوالہ سے یہ اطلاع دی۔صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ تقریباً دو ہزار فوجیوں کو واپس بلا لیا جائے گا۔ مسٹر ٹرمپ نے کہا تھا کہ شام میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کا تقریبا خاتمہ ہو چکا ہے اس وجہ سے کم از کم دو ہزار امریکی فوجیوں کو وہاں سے ہٹا لیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے فروری میں کہا تھا کہ امریکہ، شام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تقریبا 200 جوانوں کو کچھ وقت کے لئے تعینات رکھے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجیوں کی تعداد 400 تک پہنچ جائے گی کیونکہ دو سو فوجیوں کو شمال مشرقی اور 200 کو جنوبی شام میں قائم بیس پر تعینات کیا جانا ہے۔ ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کے مطابق انقرہ کےشمالی شام میں کردوں کے خلاف فوجی مہم شروع کرنے کی دھمکی کے باوجود امریکہ نے شام میں کرد فورسز کی حمایت جاری رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اسکیم سے شام میں موجود فوجیوں میں سے تقریبا 50 فیصد کو وہاں تعینات رکھنے کی ضرورت ہو گی۔

18 Mar 2019, 10:09 AM

آج 140 کلو میٹر کی گنگا یاترا پر نکلیں گی پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج پریاگ راج سے بنارس کے لیے ’گنگا یاترا‘ شروع کرنے والی ہیں۔ تین دنوں تک پرینکا گاندھی یہ سفر اسٹیمر سے کرنے والی ہیں جو کہ 140 کلو میٹر تک چلے گا۔ اس دوران وہ گنگا کے راستے میں پڑنے والے علاقوں میں لوگوں سے ملاقات بھی کریں گی۔


18 Mar 2019, 8:56 AM

سرکاری اعزاز کے ساتھ منوہر پاریکر کو آج دی جائے گی آخری وداعی

گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کو آج سرکاری اعزاز کے ساتھ الوداع کہا جائے گا۔ پنجی میں آج ان کی آخری رسومات ادا ہوں گی۔ آج ساڑھے نو بجے سے ساڑھے دس بجے تک ب ی جے پی دفتر میں ان کا جسد خاکی آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا۔ اس کے بعد جسد خاکی کو ’کلا اکادمی‘ لے جایا جائے گا۔ عام لوگ صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک ’کلا اکادمی‘ میں پاریکر کا آخری دیدار کر انھیں خراج عقیدت پیش کر سکیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ پاریکر کا انتقال اتوار کی شام کو ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔