اہم خبر: پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں ہوں گی کم

پنجاب کی کانگریس حکومت نے ریاست کے عوام کو آج بڑی راحت دیتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 18 فروری کی نصف شب سے بالترتیب پانچ روپے اور ایک روپے کی کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18 Feb 2019, 10:09 PM

پنجاب: کانگریس حکومت نے پٹرول و ڈیزل کی قیمت کم کرنے کا لیا فیصلہ

چنڈی گڑھ: پنجاب کی کانگریس حکومت نے ریاست کے عوام کو آج بڑی راحت دیتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 18 فروری کی نصف شب سے بالترتیب پانچ روپے اور ایک روپے کی کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خزانہ منپریت سنگھ بادل نے اسمبلی میں سال 20-2019 کے بجٹ اندازے پیش کرتے ہوئے ایوان میں یہ اعلان کیا۔ کانگریس حکومت کے اس قدم کو آئندہ لوک سبھا الیکشن کے مدنظر انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت کے فیصلے کے بعد اس ریاست میں ڈیزل اب ملک میں سب سے سستا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں میں پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے ریاست میں اس کاروبار میں گذشتہ تقریباَ پندرہ برسوں سے مندی کا ماحول تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے سے کاروبار میں اب نئی جان آجائے گی اور عوام کو بھی بڑی راحت ملے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے زرعی قرض معافی اسکیم کے تحت چھوٹے اور درمیانہ کسانوں کو دو لاکھ روپے کے قرض معاف کردئے ہیں او راس میں اب تک 4739 کروڑ روپے کی رقم دستیاب کرا ئی جا چکی ہے۔

18 Feb 2019, 9:10 PM

پلوامہ حملہ کا اثر: پاکستانی فنکاروں پر ہندوستان میں لگی پابندی

آل انڈیا سنیما ورکرس ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے پیر کو پاکستانی فنکاروں پر ہندوستان کے فلمی تجارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان رونق سریش جین نے کہا کہ ’’اے آئی سی ڈبلیو اے پلوامہ میں ہونے والے حملے کی سخت مذمت کرتی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ ہم ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم باضابطہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ’’اگر کوئی شخص یا تنظیم پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کی وکالت کرے گا تو اے آئی سی ڈبلیو اے اس پر بھی سخت پابندی لگائےگی اور ان کےخلاف سخت کاروائی کرےگی۔‘‘

18 Feb 2019, 8:09 PM

بی جے پی پلوامہ میں شہید جوانوں کی لاشوں کا سیاسی سودا کررہی ہے: نواب ملک

ممبئی: ’’پلوامہ میں فوج کے جوانوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ایک جانب جہاں پورا ملک فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے وہیں بی جے پی شہیدوں کی لاشوں کا سیاسی سودا کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ وزیراعظم تمام پارٹیوں سے اس معاملے میں سیاست نہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں مگر خود اس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔‘‘ یہ باتیں 18 فروری کو راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان نواب نے ممبئی میں کہی ہیں۔

نواب ملک نے کہا کہ پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کے بعد بھی بی جے پی کی انتخابی مہم جاری ہے۔ بی جے پی شہید فوجیوں کی لاشوں پر اپنی سیاسی روٹی سینکنے کا کام کررہی ہے۔ نواب ملک نے اس معاملے میں شیوسینا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ 14 فروری کو فوجیوں پر دہشت گردانہ حملہ ہوا لیکن اسی روز ماتوشری میں وزیراعلیٰ کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر ادھو ٹھاکرے بات چیت کررہے تھے۔ نواب ملک نے ادھو ٹھاکرے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو اس بات کا جواب دیں کہ وہ شہیدوں کو فراموش کر کے کون سا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک ادھو ٹھاکرے چوکیدار چور ہے کا نعرہ لگا رہے تھے اور آج اسی چوکیدار کی پارٹی سے اتحاد کر رہے ہیں۔ یہ شیوسینا کا دوہرا کردار ہے جسے عوام بخوبی سمجھتی ہے۔


18 Feb 2019, 7:09 PM

دیوبند میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کو بجرنگ دل نے دی دھمکی

سہارنپور: جموں و کشمیر کے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر ہوئے حملے کے بعد جہاں پورے ملک میں شدید رنج و غم ہے تو وہیں نام نہاد وطن پرستی کے نام پر حالات کو کشیدہ کرنے کی کوششیں بھی لگاتار جاری ہیں۔ ضلع سہارنپور میں واقع دارالعلوم دیوبند میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کو مقامی بجرنگ دل نے دیوبند چھوڑنے کی دھکمی دی ہے۔

بجرنگ دل لیڈر وکاس تیاگی نے پیر کو ایک ویڈیو جاری کر کے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دارالعلوم میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کو فوراً ان کے ریاست جموں و کشمیر بھیجا جائے ورنہ سخت گیر ہندو تنظیمیں انہیں واپس بھیجنے کے لئے اقدام کریں گی۔ انہوں نے الزام لگا یا کہ جیش محمد کا سربراہ مولانا مسعود اظہر دیوبند نظریات سے متاثر ہے۔ مسٹر تیاگی نے کہا کہ جیش محمد کا سربراہ 20 سال قبل دیوبند ہی میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔

دوسری جانب سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ دنیش کمار نے بتایا کہ کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وہیں پولس سپرنٹنڈنٹ (دیہات) ودیا ساگر مشر نے کہا کہ انہیں اس ضمن میں مقامی تھانے سے اطلاع ملی ہے اور ان کی اس پورے معاملے پر نظر ہے۔

18 Feb 2019, 6:09 PM

پلوامہ حملہ: انٹیلیجنس اِن پُٹ کے باوجود کارروائی کیوں نہیں ہوئی، ممتا بنرجی کا سوال

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پلوامہ حملہ کے چار دن بعد مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’حکومت کے پاس 8 فروری کو ہی انٹلیجنس اِن پٹ تھا کہ عام انتخابات 2019 سے پہلے اس طرح کا حملہ ہو سکتا ہے۔ پھر فوری طور پر کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ کیوں 78 گاڑیوں کا قافلہ جانے دیا گیا؟ میرے پاس بھی خفیہ رپورٹ ہے کہ میرا فون ہمیشہ ٹیپ کیا جاتا ہے، جیسا کہ آپ سبھی جانتے ہیں۔‘‘


18 Feb 2019, 5:09 PM

دہلی: مودی حکومت نوجوانوں کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے... کانگریس

کانگریس نے مودی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت گزشتہ پانچ برس کے دوران نوجوانوں کے لئے ٹھوس کام کرنے کی بجائے ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔ کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کے اب تک کے دور اقتدار سے ثابت ہوگیا ہے کہ وہ سماج میں نہ صرف عدم یکسانیت کو بڑھاوا دے رہی ہے بلکہ اقتصادی ترقی کے خلاف، تعلیم مخالف اور نوجوان مخالف بھی ہے۔

پرینکا نے کہا کہ یہ حکومت نوجوانوں کے لئے کام کرنے کی بجائے ان کے لئے مصیبت بن گئی ہے اور ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔ اس کا ہر برس دو کروڑ نوجوانوں کو ملازمت دینے کا وعدہ جملہ ثابت ہوا ہے اور اس کی بدانتظامی کی وجہ سے نوجوانوں کے سامنے روزگار کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ملک کے 25لاکھ نوجوان پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں ایک اور موقع دینے کی مانگ کرتے ہوئے مسلسل مظاہرہ کررہے ہیں لیکن انکی آواز کو نہیں سنا جارہا ہے۔

(یو این آئی)

18 Feb 2019, 4:09 PM

بہار: پورنیہ کے بھٹہ بازار میں زبردست آگ لگنے سے 100 سے زائد دکانیں جل کر خاک

پو رنیہ: بہار میں پورنیہ ضلع کے خزنچی ہاٹ علاقے میں بھٹہ بازار میں آگ لگنے سے 100 سے زائد دوکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں ۔ پو لس ذرائع نے آج یہا ں بتایا کہ بھٹہ بازار میں واقع ایک دکان میں گزشتہ رات اچانک آگ لگ گئی، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی جس سے سبز منڈی سمیت 100 سے زائد دکانیں جل کا خاک ہو گئیں ۔ واقعہ میں کروڑوں روپے سے زائد املاک کا جل کر خاک ہونے کا اندازہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعہ میں کسی جانی نقصان ہونے کی اطلا ع نہیں ہے۔ واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہوئے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔
(یو این آئی)


18 Feb 2019, 2:09 PM

لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی ہلچل تیز

فوجی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی فوجی ٹھکانوں پر ہلچل بڑھ گئی ہے کیونکہ وہ ہائی آپریشنل الرٹ پر ہیں۔ فوجی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’فوج کشمیر کے حالات کو لے کر وزیر دفاع اور دیگر سینئر افسران کو لگاتار جانکاری دے رہی ہے۔ جیش کے دہشت گرد اپنے چھپنے کے ٹھکانوں سے نکل کر رہائشی علاقوں کے پاس آ گئے ہیں کیونکہ انھیں سیکورٹی فورس کی جوابی کارروائی کا خوف ہے۔‘‘

18 Feb 2019, 12:52 PM

پلوامہ میں 2 ملی ٹنٹ ہلاک، ماسٹر مائنڈ غازی رشید کے مارے جانے کی اطلاع

جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں پیر کو دہشت گردوں کے ساتھ ہوئے تصادم میں ایک فوجی افسر سمیت 4 جوان شہید ہو گئے، چل رہے تصادم میں سیکورٹی فورسز نے 2 ملی ٹنٹوں کو بھی ڈھیر کر دیا ہے، خبروں کے مطابق ان دونوں کا لنک پلوامہ حملے سے تھا، اطلاعات کے مطابق اس تصادم میں پلوامہ دہشت گردانہ حملے کا ماسٹر مائنڈ غازی رشید کے مارے جانے کی خبر ہے،

سرکاری ذرائع کے مطابق فوج کی 55 راشٹریہ رائفلز (آر آر)، سینٹرل ریزرو پولس فورس اور جموں وکشمیر پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے پلوامہ کے پنگلن میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک میجر سمیت چار فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے۔

مہلوک فوجیوں کی شناخت میجر ڈی ایس ڈونڈائل ، ہیڈ کانسٹیبل ستیہ رام، سپاہی اجے کمار اور سپاہی ہری سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمی فوجی جس کی شناخت سپاہی گلزار محمد کے طور پر ہوئی ہے، کو علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس ملٹری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک عام شہری بھی جاں بحق ہوا۔ مہلوک شہری کی شناخت مشتاق احمد کے طور پر ہوئی ہے۔ دریں اثنا انتظامیہ نے مسلح تصادم کے پیش نظر ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔


18 Feb 2019, 12:09 PM

راہل گاندھی کی موجودگی میں سابو بی جے پی رہنما کیرتی آزاد کانگریس میں شامل

سابق کرکٹر اور بی جے پی رہنما کیرتی آزاد آج کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں، اس سے پہلے کانگریس صدر راہل گاندھی سے وہ ملے اور باقاعدہ پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔

18 Feb 2019, 10:29 AM

سوئٹزرلینڈ میں پٹری سے اتری جرمنی کی ہائی اسپیڈ ٹرین

برلن: جرمنی سے 240 مسافروں کو لے کر جا رہی ایک ہائی اسپیڈ ٹرین سوئٹزرلینڈ کے باسل میں اتوار کو دیر رات پٹری سے اتر گئی۔ مقامی میڈیا نے جرمنی کی ریل کمپنی کے ایک ترجمان کے حوالہ سے یہ اطلاع دی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق باسل کے وسط میں ایس بی بی اسٹیشن پر ٹرین کے آتے ہی انجن کار اور ایک کیرج پٹری سے اتر گئے۔

اس حادثہ کے وقت ٹرین برلن کے اوسٹبین هوف اسٹیشن سے سوئٹزرلینڈ انٹرلاكین جا رہی تھی۔ اس حادثہ میں ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔