اہم خبر: صومالیہ میں دہشت گردانہ حملہ، 26 کی موت، 56 زخمی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 Jul 2019, 7:10 PM

صومالیہ میں دہشت گردانہ حملہ، 26 کی موت، 56 زخمی

موگادیشو: جنوبی صومالیہ کے بندرگاہی شہر کسمایو میں جمعہ کے روز ہوئے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 26 لوگ ہلاک اور 56 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی افسران نے سنیچر کے روز یہ اطلاع دی۔

جبّالینڈ ریاست کے پریزیڈنٹ احمد مڈوبے نے بتایا کہ مارے گئے لوگوں میں سے 10 لوگ کینیا، کناڈا، امریکہ اور تنزانیہ کے شہری تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کے کسمایو شہر کے مشہور میڈینا ہوٹل میں گھسنے سے قبل الشباب کا خودکشی حملہ آور دھماکہ خیز مادے سے لدی ایک گاڑی لیکر ہوٹل میں داخل ہوگیا تھا۔ دوسری جانب صومالیہ کی صحافی تنظیم نے تصدیق کی ہے کہ مارے گئے لوگوں میں دو صحافی بھی تھے۔

13 Jul 2019, 6:10 PM

گوا کابینہ میں ردوبدل، چار وزیر باہر

پنجی: گوا کے وزیر اعلی پرمود ساونت نے آج کابینہ میں ردوبدل سے پہلے چار وزیروں کو ہٹادیا اور ان کی جگہ پر نئے وزیروں کو شامل کرلیا۔ حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر مردلا سنہا نے چار وزیروں وجے سرڈیسائی، روہن کھونٹے، ونداپالینکر اور جیئش سلگاونکر کو کابینہ سے ہٹانے سے متعلق وزیر اعلی کی سفارش کو تسلیم کرلیا اور یہ فوری طورپر نافذ ہوگا۔

سرڈیسائی، پالینکر اور سلگاونکر گوا فارورڈ پارٹی کے ممبراسمبلی ہیں جب کہ کھونٹے آزاد ممبر اسمبلی ہیں۔ دریں اثنا گوا اسمبلی کے نائب اسپیکر مائیکل لوبو نے استعفی دے دیا ہیں کلگٹ سے منتخب بی جے پی ممبراسمبلی لوبو نے تصدیق کی ہے کہ وہ ساونت حکومت میں وزیر کے طورپر شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیلئی گاو ں سے منتخب ممبر اسمبلی جنیفر موسریٹے بھی وزیر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔

ذرائع کے مطابق دو دیگر ممبران اسمبلی چندر کانت کاولیکر اورفلپ روڈرگز بھی وزیر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ گوا اسمبلی کے اسپیکر راجیش پاٹنیکر نے کہا کہ لوبو کا استعفی منظور کرلیا گیا ہے۔ اس سے پہلے وزیر اعلی نے چاروں وزیروں کو استعفی دینے کے لئے کہا تھا لیکن ان کے انکار کردینے پر انہوں نے کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔

13 Jul 2019, 5:10 PM

روہت شرما کی ہندوستان واپسی، باقی ہندوستانی کرکٹر اب بھی انگلینڈ میں

عالمی کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم کی شکست سے مایوس روہت شرما 13 جولائی کو ہندوستان پہنچ گئے۔ روہت شرما نے عالمی کپ 2019 میں پانچ سنچری اور ایک نصف سنچری کے ساتھ 650 سے بھی زائد رن بنائے لیکن سیمی فائنل میں وہ صرف ایک رن بنا سکے۔ وہ اپنی فیملی کے ساتھ ممبئی ائیر پورٹ پر دیکھے گئے جب کہ باقی ہندوستانی ٹیم اب بھی انگلینڈ کے مانچسٹر واقع ایک ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ٹیم کے باقی ارکان 14 جولائی کو ہندوستان واپس آئیں گے۔ کچھ کھلاڑی دہلی، کچھ ممبئی تو کچھ الگ الگ جگہ پہنچیں گے کیونکہ ٹکٹوں کی وجہ سے ٹیم کو آنے میں تاخیر ہوئی ہے۔


13 Jul 2019, 4:09 PM

پٹرول کی قیمت دوماہ کی اونچی سطح پر

نئی دہلی: تین دن تک مستحکم رہنے کے بعد ہفتہ کو ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی دیکھی گئی جبکہ ڈیزل میں دودن سے جاری گراوٹ کاسلسلہ رک گیا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق، قومی راجدھانی دہلی میں آج پٹرول کی قیمت 9 پیسے بڑھ کر 72 اعشاریہ 99 روپئے فی لیٹر ہوگئی۔ یہ 8 مئی کے بعد سب سے اونچی سطح ہے۔یہاں ڈیزل کی قیمت 30 جون کے بعد کی نچلی سطح پر مستحکم رہی۔ کولکاتہ میں پٹرول کی قیمت 13 پیسے کے اضافہ کے ساتھ 75 اعشاریہ 25 روپئے فی لیٹر اور ممبئی میں 9 پیسے کے اضافہ کے ساتھ 78 اعشاریہ 61 روپئے فی لیٹر ہوگئی۔ چنئی میں یہ 10 پیسے کے اضافہ کے ساتھ 75 اعشاریہ 80 روپئے فی لیٹر فروخت ہوا۔ دہلی کے ساتھ ہی کولکاتہ، ممبئی اور چنئی میں بھی ڈیزل کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

13 Jul 2019, 3:08 PM

دہلی: جھلمل علاقہ میں ربر فیکٹری میں آتش زدگی، تین افراد ہلاک

نئی دہلی: قومی راجدھانی کے جھلمل صنعتی علاقہ میں واقع ربر اور پلاسٹک فیکٹری میں آج صبح آتش زدگی کے نتیجہ میں تین لوگوں کی موت ہوگئی۔ فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’’صبح 9 بج کر 25 منٹ پر جھلمل صنعتی علاقہ کے نزدیک ایم ایس پارک میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ کی 30 گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے جائے حادثہ پر پہنچیں۔ فیکٹری سے تین لاشیں اسپتال بھیجی گئی ہیں۔‘‘ ابھی تک آتش زدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ پولس پورے معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔ راحت اوربچاؤ کام جاری ہے۔


13 Jul 2019, 2:10 PM

کرناٹک: باغی رکن اسمبلی کے تعلق سے شیو کمار نے کہا ’ہم ایک ساتھ رہیں گے، ایک ساتھ مریں گے‘

کانگریس لیڈر ڈی کے شیو کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کرناٹک میں کانگریس کے باغی اراکین اسمبلی کے بارے میں کہا کہ ’’ہم ایک ساتھ رہیں گے اور ایک ساتھ مریں گے کیونکہ ہم نے پارٹی کے لیے 40 سال کام کیا ہے۔‘‘

13 Jul 2019, 1:08 PM

موب لنچنگ کے خلاف حکومت قانون بنائے: مایاوتی

بی ایس پی صدر مایاوتی نے کہا کہ موب لنچنگ ایک زبردست بیماری کی شکل میں ملک بھر میں سامنے آ رہا ہے۔ اس کے پیچھے وجہ بی جے پی حکومتوں کی وہ پالیسی ہے جس کے تحت قانون کا راج نافذ نہیں کرنا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد مرکز کو سنجیدگی کے ساتھ موب لنچنگ پر الگ سے ملک گیر قانون بنا لینا چاہیے تھا لیکن لوک پال کی طرح موب لنچنگ کے معاملے میں بھی مرکز کا رویہ مایوس کن ہے۔


13 Jul 2019, 10:17 AM

ممبئی: عازمین حج کی پہلی پرواز چھترپتی شیواجی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے روانہ

حج کمیٹی آف انڈیا نے ممبئی میں 12 جولائی کو ایک تقریب کا انعقاد کیا اور عازمین حج کے پہلے گروپ کو مکہ کے لیے روانہ کر دیا۔ عازمین حج کا پہلا گروپ ممبئی کے چھترپتی شیواجی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے روانہ ہوا۔

13 Jul 2019, 9:10 AM

موب لنچنگ معاملہ میں شہروں سے زیادہ گاؤں کے لوگ خوف میں: سلمان خورشید

موب لنچنگ کے واقعات پر کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ دہلی کے ان علاقوں میں خوف کا کوئی ماحول نہیں ہے جہاں ہم رہتے ہیں یا کام کرتے ہیں۔ لیکن ہاں، چھوٹے شہروں اور گاؤں میں ایک خوف ہے۔ ان اندیشوں کو ختم کرنا ہر ہندوستانی کی ذمہ داری ہے۔


13 Jul 2019, 8:09 AM

اتر پردیش میں بارش کا قہر، 15 افراد کی موت

اتر پردیش کے کچھ علاقوں میں زبردست بارش سےمعمولات زندگی درہم برہم ہے۔ خصوصی طور لکھنو اور اس کے آس پاس کے علاقے میں لگاتار بارش نے لوگوں کو پریشانی میں ڈال رکھا ہے۔ اس بارش کی وجہ سے اب تک کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بارش کے سبب کم و بیش 133 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔