اہم خبر: ’کٹھوعہ معاملے میں عدالت کا فیصلہ فرقہ پرست طاقتوں کے منہ پر طمانچہ‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 Jun 2019, 6:54 PM

کٹھوعہ معاملے میں عدالت کا فیصلہ فرقہ پرست طاقتوں کے منہ پر طمانچہ: طالب حسین

سری نگر: کٹھوعہ عصمت دری و قتل کیس میں متاثرہ بچی کو انصاف دلانے کے لئے سر توڑ جدوجہد کرنے والے سماجی کارکن طالب حسین نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ پٹھان کوٹ کے فیصلے کو فرقہ پرست لوگوں کے منہ پر ایک طمانچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ملک کی عدالتوں اور قانون پر یقین ہے۔

طالب حیسن جو آل ٹرائبل کارڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے یہاں 'ایوان صحافت' میں ایک پریس کانفرنس میں کہا: 'ملک میں لوگوں کو عدالتوں اور قانون پر یقین ہے، فرقہ پرست طاقتیں چاہے جتنی بھی کوششیں کریں، ہندوستان کی جمہوریت، عدلیہ اور قانون پر ٹکی ہوئی ہے، اس ملک کے عوام کو ملک کی عدلیہ پر یقین ہے آج ملک کے اندر ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ لگا جو فرقہ پرستی کو ہوا دیتے تھے'۔

انہوں نے کہا کہ آج اس معصوم بچی کو خراج عقیقدت پیش کرنے کا موقعہ ہے اور ہم سارے لوگ، ہائی کورٹ جموں، عدالت عالیہ دلی اور سیشنز کورٹ پٹھان کوٹ، میڈیا والوں اور ملک کی سیکولر سوچ رکھنے والے لوگ، وکلاء اور سماجی کارکنوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ طالب حسین نے کہا کہ اس کیس کی حمایت کرنے والے لوگوں کے خلاف بھی کیس درج کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا: 'جو لوگ جموں میں فرقہ وارانہ فسادات برپا کرنا چاہتے ہیں، جو یہ کہتے تھے کہ پاکستان کے اشارے پر اس بچی کا قتل ہوا ہے، جو یہ کہہ رہے تھے کہ کسی سیاسی جماعت نے یہ سب کچھ کرایا، آج ان لوگوں کے خلاف بھی کیس درج ہونا چاہیے تاکہ اس ملک کی جمہوریت بچ سکے'۔

10 Jun 2019, 5:10 PM

کٹھوعہ عصمت دری اور قتل کیس میں 3 مجرموں کو عمر قید، 3 کو 5-5 سال کی سزا

کٹھوعہ اجتماعی عصمت دری اور قتل کیس میں پٹھان کوٹ کی عدالت نے سزا کا اعلان کر دیا ہے، تین مجرموں کو عمر قید کی سزا کے ساتھ ایک ایک لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا گیا ہے اور باقی تین قصورواروں کو 5-5 پانچ سال کی سزا سنائی ہے۔ سانجی رام سانجی رام، پرویش کمار، ایس پی او دیپک کھجوریہ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے وہیں ایس پی او سریندر کمار، تحقیقاتی افسران آنند دتا اور تلک راج کو 3-3 سال کی سزا دی گئی ہے۔ جبکہ سانجی رام کے بیٹے وشال جنگوترا کو بری کر دیا گیا ہے۔

پنجاب کے ضلع پٹھان کوٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ پٹھان کوٹ نے پیر کے روز صوبہ جموں کے ہندو اکثریتی ضلع کٹھوعہ کے رسانہ نامی گائوں میں جنوری 2018 میں پیش آئے آٹھ سالہ کمسن بکروال لڑکی کی وحشیانہ عصمت دری و قتل کیس کے آٹھ میں سے چھ ملازمین کو مجرم قرار دے دیا۔ کورٹ نے ساتویں ملزم وشال جنگوترا کو بری کردیا ہے۔ آٹھواں ملزم جو کہ نابالغ ہے اور جس نے کمسن بچی پر سب سے زیادہ ظلم ڈھایا تھا، کے خلاف ٹرائل عنقریب جوینائل کورٹ میں شروع ہوسکتی ہے۔

ثبوتوں کو مٹانے کے لئے پولس سب انسپکٹر آنند دتہ، ہیڈ کانسٹبل تلک راج اور اسپیشل پولس افسر سریندر ورما کو 5 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، ساتھ ہی ان پر 50 ہزار کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جرمانہ نہ دینے کی صورت میں انہیں چھ ماہ اور جیل میں رہنا پڑے گا۔

10 Jun 2019, 4:10 PM

اتر پردیش کے متھرا میں غیر ملکی خاتون کے ساتھ لوٹ

متھرا :اترپردیش میں متھرا کے نوجھیل علاقہ میں ایک غیر ملکی خاتون اور اس کے دوست کے ساتھ لوٹ کا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔

پولس ذرائع نے پیر کے روز بتایا کہ جمنا ایکسپریس وے پر اتوار شام یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ماریشس کی خاتون پلوٹو سیلائن کی کار گرم ہو جانے کی وجہ سے سیتاگڑھی کے پاس کھڑی تھی۔ اس دوران تین نقاب پوش لٹیروں میں سے ایک موٹر سائیکل کو تھوڑی دوری پر اسٹارٹ کرکے کھڑا تھا۔ لوٹ کی واردات انجام دینے کے بعد بدمعاش پہلے سے اسٹارٹ بائک پر سوار ہوکر فرار ہوگئے۔ خاتون کے مطابق لٹیروں نے ان کے ساتھ مارپیٹ نہیں کی۔


10 Jun 2019, 3:10 PM

گریش کرناڈ کے انتقال پر کرناٹک میں تین روزہ سوگ

بنگلور: کرناٹک حکومت نےمشہور مصنف اور تھیٹر فنکار گریش کرناڈ کی وفات پر پیر کو تعطیل اور تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، ریاستی حکومت کے تمام دفاتر، اسکولوں اور کالج پیر کو بند رہیں گے ۔ساتھ ہی آج ہونے والے تمام سرکاری پروگراموں کو بھی منسوخ کردیاگیا ہے۔

وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی نے اپنے تمام سرکاری پروگراموں کو منسوخ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ، اپوزیشن پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی نے، کانگریس کے ریاستی دفتر کے سامنے احتجاج کا مظاہرہ کا پروگرام بھی منسوخ کر دیا ہے۔

10 Jun 2019, 1:56 PM

کرکٹر یوراج سنگھ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

لمیٹڈ اوورز کے کرکٹ میں ہندوستان کے بہترین ہر فن مولا کھلاڑیوں میں شمار یوراج سنگھ نے آج بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹارئمنٹ کا اعلان کر دیا۔ یوراج نے ایک پریس کانفرنس سے یہ اعلان کیا۔ یوراج سنگھ نے کہا کہ وہ کافی وقت سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے تھے تھے اور اب ان کا پلان آئی سی سی سے توثیق شدہ ٹی-20 ٹورنامینٹوں میں کھیلنے کا ہے۔

یوراج سنگھ نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ سال 212 میں کھیلا تھا۔ لمیٹڈ اووروں کے کرکٹ میں وہ 2017 میں نظر آئے تھے۔ یوراج نے سال 2000 میں پہلا ون ڈے، 2003 میں پہلا ٹیسٹ اور 2007 میں پہلا ٹی-20 میچ کھیلا تھا۔


10 Jun 2019, 12:06 PM

کٹھوا ریپ کیس میں کورٹ کے فیصلے کا پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے خیر مقدم کیا

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ پٹھان کوٹ کے ذریعہ سنائے گئے فیصلہ کا پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے خیر مقدم کیا۔

10 Jun 2019, 11:47 AM

کٹھوعہ عصمت دری و قتل کیس میں 7 ملزمین میں سے 6 کو سزا

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ پٹھان کوٹ نے آج کٹھوعہ میں ہوئے وحشیانہ عصمت دری و قتل کیس کا فیصلہ سنایا ہے۔ اس میں7 ملزمیں میں سے 6 کو سزا سنائی ہے۔

کٹھوعہ کیس کی 'ان کیمرہ' اور 'روزانہ بنیادوں' پر سماعت قریب ایک سال تک جاری رہنے کے بعد 25 مئی کو اختتام پذیر ہوئی تھی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج ڈاکٹر تجویندر سنگھ نے آج فیصل سنا دیا۔

یاد رہے چارج شیٹ کے مطابق گزشتہ سال 10 جنوری کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ میں اغوا کی گئی 8 سال کی بچی کو گاؤں کے ہی ایک مندر میں یرغمال بنا کر رکھا گیا تھا، معصوم بچی کی کچھ لوگوں نے عصمت دری کے بعد اس کا قتل کردیا تھا اور لاش جھاڑیوں میں پھینک دی تھی۔


10 Jun 2019, 11:10 AM

مشہور اداکار گریش كرناڈ کا انتقال

مشہور اداکار، ڈرامہ نگار اور گیان پيٹھ ایوارڈ سے سرفراز گریش كرناڈ کا آج صبح 81 سال کی عمر میں بنگلور میں انتقال ہو گیا، خبروں کے مطابق ان کے جسم کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا تھا، جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہو گیا، وہ کافی دنوں سے بیمار چل رہے تھے، ان کے انتقال سے فلم اور ادب کی دنیا میں غم کی لہر ہے۔

ان کی پیدائش 19 مئی 1938 کو مہاراشٹر کے ماتھیران میں ہوا تھا، ان کو بچپن سے ہی ڈرامے میں دلچسپی تھی، کرنارڈ ایک معاصر مصنف تھے جنہوں نے کنڑ زبان اور ہندوستانی تھیٹر کے میدان میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے اپنی تعلیم تعلیم کرناٹک کے اترکنڑ اور دھارواڑ میں حاصل کی تھی ۔انہوں نے امریکہ کے شکاگو یونیورسٹی میں وزیٹنگ پروفیسر کے طور پر بھی کام کیا۔ انہوں نے اسکول کے وقت سے ہی تھیٹر میں کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ گریش كرناڈ نے 1970 میں کنڑ فلم ’سنسکار‘ سے بطور اسکرپٹ رائٹر اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی۔

ان کے مشہور ڈراموں میں ییاتی، تغلق، ہے ودن، انجو مالگے، اگنی نمتومالے، اور ناگ منڈل وغیرہ شامل ہیں۔ ان کا ’تغلق‘ ڈرامہ کا انگریزی سمیت مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا گیا تھا۔

10 Jun 2019, 10:07 AM

چین میں کوئلے کی کان دھنسنے سے نو کانکنو ں کی موت، 10 زخمی

بیجنگ: چین میں صوبہ جیلن کے لونگجیاپو میں کوئلہ کی ایک کان دھنسنے کی وجہ سے نو کانکنوں کی موت ہو گئی اور 10 دیگر زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً آٹھ بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے اسی دوران لونگجياپوکوئلے کی کا نکنی کی کمپنی میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 2.3 تھی ۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

حکام نے بتایا کہ ایمرجنسی خدمات سروس جاری ہے اور متعلقہ ٹیموں کو راحت اور بچاؤ کاروائیوں کے لئے بھیجا گیا ہے۔ اس حادثے کی بنیادی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات کی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔