اہم خبریں: مسجد-مندر اور ذات پات کی سیاست کرتی ہے بی جے پی... سچن پائلٹ

سچن پائلٹ، تصویر آئی اے این ایس
سچن پائلٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

04 Feb 2022, 9:57 PM

مسجد-مندر اور ذات پات کی سیاست کرتی ہے بی جے پی: سچن پائلٹ

کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے آج بلند شہر میں کانگریس امیدوار کے لیے انتخابی تشہیر کی۔ اس دوران انھوں نے بی جے پی کی پالیسیوں اور غلط طرز حکمرانی کی خوب تنقید کی۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بی جے پی ترقی کی سیاست نہیں کرتی، وہ مسجد-مندر اور ذات پات کی سیاست کرتی ہے۔

04 Feb 2022, 6:30 PM

گوا میں غریب شخص کے اکاؤنٹ میں ہم ہر مہینہ 6000 روپے ڈالیں گے: راہل گاندھی

گوا میں ورچوئل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کانگریس حکومت بننے پر غریبوں کے لیے ’نیائے اسکیم‘ پر عمل کرنے کا وعدہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم گوا کے لوگوں کے لیے نیائے اسکیم لائیں گے۔ ہم ہر مہینے 6 ہزار روپے گوا کے سب سے غریب شخص کے بینک اکاؤنٹ میں ڈالیں گے۔ 72 ہزار روپے سالانہ آپ کے بینک اکاؤنٹ میں دیے جائیں گے۔‘‘

04 Feb 2022, 5:04 PM

راہل گاندھی کی موجودگی میں گوا کے تمام کانگریس امیدواروں نے ریاست کی خوشحالی کا عہد کیا

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی آج گوا کے دورے پر گئے جہاں انہوں نے پارٹی امیدواروں کے لئے مہم چلائی۔ اس دوران تمام امیدواروں نے راہل گاندھی کی موجودگی میں گوا کے باشندگان کی خوشحالی اور گوا کی ترقی کے تئیں وفاداری کا عہد لیا۔


04 Feb 2022, 3:57 PM

ہم پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں اور عوامی مسائل کو اٹھا رہے ہیں، پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا، ’’ہم اپنی پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔ 30 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ ہماری پارٹی تمام 403 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ ہم ایسے مسائل اٹھا رہے ہیں جو عوام سے متعلق ہیں اور جن سے عوام پریشانی ہے۔‘‘

04 Feb 2022, 2:56 PM

پرینکا گاندھی کا غازی آباد کے صاحب آباد میں روڈ شو، سنگیتا تیاگی کے لئے چلائی مہم

یوپی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج صاحب آباد میں رود شو کیا اور پارٹی کے لئے ووٹ مانگے۔ صاحب آباد سے سنگیتا تیاگی میدان میں ہیں جن کے شوہر اور کانگریس کے لیڈر راجیو تیاگی کا اگست 2020 میں حرکت قلب بند ہو جانے کے سبب انتقال ہو گیا تھا۔


04 Feb 2022, 1:58 PM

پنجاب انتخابات کے لیے کانگریس کے اسٹار کیمپینروں کی فہرست جاری، سونیا، منموہن، راہل اور پرینکا شامل

پنجاب کے اسمبلی انتخابات کے لیے آج کانگریس کے اسٹار کیمپینروں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ اس فہرست میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھوپندر سنگھ ہڈا اور آنند شرما بھی پارٹی کے اسٹار کیمپینروں میں شامل ہیں۔

کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کو بھی پنجاب کے لئے پارٹی کے اہم مہم جوؤں میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل گووا کی اسٹار کیمپینروں کی فہرست میں بھی عمران پرتاپ گڑھی کا نام شامل تھا۔

04 Feb 2022, 12:55 PM

انتخابات کے دوران لوگوں پر مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے دباؤ کا حربہ ناقابل قبول، پرینکا گاندھی

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کے بھتیجے بھوپندر سنگھ ہنی کو ای ڈی کی جانب سے غیرقانونی ریت کی کانکنی کے معاملہ میں گرفتار کئے جانے پر پرینکا گاندھی نے کہا، ’’میں کہہ چکی ہوں کہ ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ حکومت انہں لوگوں کو دھمکانے اور حزب اختلاف کے لیڈران پر دباؤ بنانے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ انتخابات کے دوران یہ سب قبول نہیں کیا جا سکتا۔‘‘


04 Feb 2022, 12:03 PM

ایم ایس پی پر کمیٹی کا اعلان انتخابات کے بعد ہوگا، کسانوں کی ناراضگی کے درمیان وزیر زراعت کا بیان

کسانوں کے حکومت پر ایم ایس پی کے معاملہ پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کئے جانے کے بعد آج مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملہ پر انتخابات کے بعد کمیٹی کا اعلان کیا جائے گا۔ راجیہ سبھا میں اپنی تقریر کے دوران نریندر تومر نے کہا، ’’مرکزی حکومت پانچ ریاستوں میں ہونے جا رہے اسمبلی انتخابات کے بعد ایم ایس پی کے تعلق سے کمیٹی کا اعلان کرے گی۔‘‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی سنیوکت کسان مورچہ نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے مرکزی حکومت کے خلاف محاذ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ پریس کانفرنس سے کہا گیا، ’’کسانوں کا حکومت کے ساتھ پانچ نکات پر اتفاق قائم ہوا تھا، جس پر حکومت نے خط بھی جاری کیا تھا۔ اسی کے بعد کسان تحریک ملتوی کی گئی تھی۔ بدقسمتی سے ایم ایس پی پر کمیٹی آج تک نہیں بنی، کسانوں کے اوپر درج مقدمات واپس ہونے کی بات پر کوئی کارروائی نہیں، پرالی پر جرمانے کا معاملہ بھی تھا، اور بجلی بل پر بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔‘‘

04 Feb 2022, 10:48 AM

نیٹ پی جی امتحان 6 سے 8 ہفتوں کے لئے ملتوی، وزارت صحت نے لیا فیصلہ

مرکزی وزارت صحت نے نیٹ پی جی امتحان کو 6 سے 8 ہفتوں کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ امتحان 12 مارچ کو منعقد ہونے جا رہا تھا۔ وزارت صحت نے یہ فیصلہ ایم بی بی ایس کے طلبا کی طرف سے دائر اس عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت سے قبل لیا ہے، جس میں قومی اہلیت اور داخلہ ٹیسٹ (نیٹ پی جی) امتحان 2022 کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ عرضی 4 فروری کو جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور سوریہ کانت کی بنچ کے سامنے سماعت کے لیے درج کی گئی تھی۔


04 Feb 2022, 9:35 AM

ہندوستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز، 1.49 لاکھ نئے کیسز درج

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب 1072 افراد کی جان چلی گئی، اسی کے ساتھ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ تاہم کورونا کے یومیہ کیسز میں کمی درج کی گئی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ مقابلہ 13 فیصد کی کمی کے ساتھ ملک بھر سے آج ایک لاکھ 49 ہزار 394 نئے کیسز درج کئے گئے۔ اس دوران 2 لاکھ 46 ہزار 674 افراد نے شفایابی حاصل کر لی۔

ملک بھر میں فی الحال 14 لاکھ 35 ہزار 569 کورونا کیسز فعال ہیں۔ یومیہ پازیٹوٹی ریٹ 9.27 فیصد ہے۔ ملک بھر میں 168.47 کورونا ویکسین کی خوراکیں فراہم کی جا چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔