اہم خبریں: ہندوستان کی سعدیہ طارق نے روس میں جیتا طلائی تمغہ، وزیر اعظم مودی نے دی مبارکباد

سعدیہ طارق / تصویر ٹوئٹر
سعدیہ طارق / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

26 Feb 2022, 11:09 PM

ہندوستان کی سعدیہ طارق نے روس میں جیتا طلائی تمغہ، وزیر اعظم مودی نے دی مبارکباد

ہندوستان کی اسٹار کھلاڑی سعدیہ طارق نے ماسکو ووشو اسٹارز چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے فائنل میں ایک مقامی روسی کھلاڑی کو شکست دی وزیر اعظم مودی نے سعدیہ کو ان کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔

پی ایم مودی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’سعدیہ طارق کو ماسکو ووشو اسٹارز چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد۔ ان کی کامیابی بہت سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو متاثر کرے گی۔ ان کو مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات۔‘‘

26 Feb 2022, 10:34 PM

ہندوستان کی دوسرے ٹی-20 میں سری لنکا پر 7 وکٹ سے جیت، سیریز پر قبضہ

ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف دھرمشالہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی - 20 مقابلہ کو 7 وکٹ سے جیت لیا ہے۔ تین میچوں کی سیریز میں ہندوستان نے 2-0 سے ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔

26 Feb 2022, 9:25 PM

یوکرین سے 219 ہندوستانیوں کی پہلی انخلا کی پرواز ممبئی پہنچی، دوسری پرواز دہلی کے لئے روانہ

یوکرین سے 219 مسافروں کو لے کر پہلی انخلا کی پرواز مہاراشٹر کے ممبئی میں اتر گئی ہے۔ اس طیارے نے آج سہ پہر رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ سے اڑان بھری تھی۔ اس کے علاوہ ہندوستانی مسافروں کی دوسری پرواز بھی رومنانیہ کے شہر بخارسٹ سے دہلی کے لئے رووانہ ہو چکی ہے۔ حکومت نے ہندوستان کے یوکرین سے انخلا کی مہم کو ’آپریشن گنگا‘ کا نام دیا ہے۔


26 Feb 2022, 7:51 PM

کورونا کیسز میں کمی کے بعد دہلی والوں کو راحت، نجی گاڑی میں ماسک لگانے کی لازمیت ختم

دہلی میں کورونا کے کم ہوتے کیسز کے پیش نظر تمام پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔ ماسک کے بغیر پکڑے جانے پر جرمانہ پہلے ہی 2 ہزار سے کم کر کے 500 روپے کر دیا گیا تھا۔ اب نجی گاڑی کے سواروں کے لیے ماسک پہننا لازمی نہیں ہوگا۔ یہ اصول صرف پرائیویٹ کار میں سفر کرنے والوں پر لاگو ہوگا۔ دہلی حکومت کا یہ حکم 28 فروری سے لاگو ہوگا۔

26 Feb 2022, 6:54 PM

پونے کی سابق کمشنر رشمی شکلا کے خلاف فون ٹیپنگ معاملہ میں ایف آئی درج

پونے پولیس نے مبینہ غیر قانونی فون ٹیپنگ معاملہ میں آئی پی ایس افسر اور شہر کی سابق پولیس سربراہ رشمی شکلا کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل نے کہا کہ رشمی شکلا کے خلاف ایف آئی آر جانچ رپورٹ کی بنیاد پر درج کی گئی ہے، انہوں نے اپنی مدت کار میں ڈرگ معاملہ میں منسلک ہونے کے نام پر کچھ سیاسی لیڈران کے فون ٹیپ کرائے تھے۔


26 Feb 2022, 4:50 PM

اتر پردیش میں خواتین پر مظالم سب سے زیادہ ہے: پرینکا گاندھی

اتر پردیش کے مہاراج گنج واقع نوتنواں میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک انتخابی ریلی کے دوران کہا کہ ’’اتر پردیش میں خواتین پر مظالم سب سے زیادہ ہے۔ متاثرہ کنبہ کو دبایا جاتا ہے، ایف آئی آر درج نہیں ہوتی۔ ہم ایک قانون لائیں گے کہ اگر 10 دن میں مجرم کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تو جس نے روکا ہے اس افسر کو معطل کیا جائے۔‘‘

26 Feb 2022, 3:27 PM

رومانیہ سے ممبئی کے لیے پہلی پرواز 219 ہندوستانیوں کے ساتھ روانہ

یوکرین میں موجود ہندوستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے بخاریست بھیجا گیا ایئرانڈیا کا طیارہ وہاں سے ہندوستان کے لیے پرواز بھر چکا ہے۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ یوکرین سے نکالے گئے 219 ہندوستانیوں کے ساتھ پہلی پرواز رومانیہ سے ممبئی کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ہم لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہماری ٹیمیں 24 گھنٹے زمین پر کام کر رہی ہیں۔ میں نجی طور سے نگرانی کر رہا ہوں۔


26 Feb 2022, 1:56 PM

یوکرین میں پھنسے طالب علم رومانیہ کے بخاریست ائیرپورٹ پہنچے

یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلبا کے گھر والوں کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آ رہی ہے۔ ہندوستانی طلبا کا ایک گروپ رومانیہ کے بخاریست ائیرپورٹ پہنچ چکا ہے۔ ایک طالب علم کے حوالے سے بیان سامنے آیا ہے کہ یوکرین میں موجود ہندوستانی اور رومانیائی سفارتخانہ انھیں یوکرین سے نکال کر ہندوستان بھیج رہی ہے۔

26 Feb 2022, 11:30 AM

یوکرینی صدر نے امریکہ سے کہا ’میں بھاگوں گا نہیں، مجھے ہتھیار چاہیے‘

روس-یوکرین جنگ کے درمیان امریکہ نے یوکرینی صدر وولدومیر زیلینسکی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ملک چھوڑ سکتے ہیں۔ لیکن یوکرینی صدر نے امریکہ کا یہ مشورہ مسترد کر دیا ہے۔ انھوں نے صاف لفطوں میں کہا ہے کہ ’’میں بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ آپ کو میری مدد کرنی ہے تو ہتھیار دیجیے، گولہ بارود دیجیے۔‘‘


26 Feb 2022, 10:29 AM

کورونا: ہندوستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 11499 نئے کیسز درج

ہندوستان میں کورونا کے معاملے دھیرے دھیرے کم ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11499 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں اور اس درمیان 255 افراد کی اس وائرس نے جان لے لی۔ اس وقت سرگرم کیسز کی تعداد 1 لاکھ 21 ہزار 881 ہے۔

26 Feb 2022, 9:29 AM

یوکرین کے وزیر خارجہ نے ہندوستانی وزیر خارجہ جے شنکر سے کی گفتگو

روس-یوکرین جنگ کے دوران یوکرین کے وزیر خارجہ نے ہندوستانی وزیر خارجہ جے شنکر سے بات کی ہے۔ ہندوستان سے فوجی مہم کو ختم کرنے کے لیے روس کے ساتھ اپنے تعلقات میں اثر کا استعمال کرنے کے لیے کہا۔


25 Feb 2022, 11:20 PM

روس-یوکرین جنگ: ہندوستان نے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں روس کے خلاف ووٹنگ سے کیا پرہیز

اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں ہندوستان نے یوکرین پر روسی حملے سے متعلق ہوئی ووٹنگ میں شامل ہونے سے پرہیز کیا۔ یوکرین پر حملہ کرنے کے سبب سیکورٹی کونسل میں روس کے خلاف قرارداد لایا گیا تھا، جس پر تمام ممالک کو ووٹنگ کرنی تھی۔ ہندوستان نے اس میں روسی حملے کی مذمت تو کی، لیکن ووٹنگ سے پرہیز کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔