اہم خبریں: گھبرائیں نہیں، ہم لاک ڈاؤن نافذ نہیں کریں گے، دہلی میں کورونا بحران کے دوران کیجریوال کا بیان

گھبرائیں نہیں، ہم لاک ڈاؤن نافذ نہیں کریں گے، دہلی میں کورونا بحران کے دوران کیجریوال کا بیان
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال نے کہا ہے کہ دہلی میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور پازیٹوٹی ریٹ 24-25 فیصد کے قریب پہنچ گیا ہے، تاہم وہ لاک ڈاؤن نافذ نہیں کریں گے۔ کیجریوال نے کہا، ’’گزشتہ کچھ دنوں سے 24-25 فیصد پازیٹوٹی ریٹ کے ساتھ تقریباً 22 ہزار کیسز کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ گھبرائیں نہیں، ہم لاک ڈاؤن نافذ نہیں کریں گے۔ ڈی ڈی ایم اے کے اجلاس کے دوران ہم نے مرکزی حکومت کے عہدیداران سے گزارش کی ہے کہ پابندیاں پورے این سی آر میں عائد کی جائیں، انہوں نے اس پر ہمیں یقین دہانی کرائی ہے۔‘‘
عظیم گلوکارہ لتا منگیشکر کورونا سے متاثر، احتیاط کے طور پر آئی سی یو میں داخل
ہندوستان کی عظیم گلوکارہ لتا منگیشکر کورونا سے متاثر پائی گئی ہیں، جس کے بعد انہیں آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی بھتیجی رچنا نے اس کی تصدیق کی ہے۔ رچنا کے مطابق لتا منگیشکر میں کورونا کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’ان کی (لتا منگیشکر) طبعیت بہتر ہے اور ان کی عمل کے پیش نظر احتیاط کے طور پر انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔‘‘
دہلی کی جیلوں پر کورونا کا سایہ، اب تک 66 قیدی اور عملہ کے 48 افراد متاثر
دہلی کی مختلف جیلوں میں کورونا ٹیسٹ کے دوران 66 قیدی اور جیل عملہ کے 48 افراد متاثر پائے گئے ہیں۔ جیل عہدیداران کے مطابق، تہاڑ جیل کے 42 قیدی اور عملہ کے 34 افراد ، منڈولی جیل کے 24 قیدی اور عملہ کے 8 افراد اور روہنی جیل عملہ کے 6 افراد کوران سے متاثر پائے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔