اہم خبریں: عہدہ ملے یا نہ ملے، میں ہمیشہ راہل-پرینکا کے ساتھ رہوں گا... نوجوت سدھو

سدھو
سدھو
user

قومی آوازبیورو

02 Oct 2021, 4:50 PM

عہدہ ملے یا نہ ملے، میں ہمیشہ راہل-پرینکا کے ساتھ رہوں گا: نوجوت سدھو

پنجاب کانگریس صدر عہدہ سے استعفیٰ دے چکے نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے ایک ٹوئٹ میں گاندھی جی اور شاستری جی کے راستے پر چلتے رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ ’’عہدہ ملے یا نہ ملے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے سات کھڑا رہوں گا۔‘‘ انھوں نے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’سبھی منفی طاقتوں کو مجھے ہرانے میں مصروف رہنے دیجیے، میں ہر مثبت توانائی سے پنجاب کی جیت یقینی کروں گا، پنجابیت جیتے اور ہر پنجابی جیتے گا۔‘‘

02 Oct 2021, 3:29 PM

الیکشن کمیشن نے لوک جن شکتی پارٹی کا انتخابی نشان ضبط کیا

چراغ پاسوان اور پشوپتی کمار پارس گروپ میں رسہ کشی کے درمیان الیکشن کمیشن نے لوک جن شکتی پارٹی کا انتخابی نشان ضبط کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پشوپتی یا چراغ کے دو گروپوں میں سے کسی کو بھی ایل جے پی کے انتخابی نشان کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

02 Oct 2021, 2:35 PM

مہاراشٹر: زوردار بارش کے سبب اورنگ آباد واقع ناریگاؤں علاقہ پانی پانی

مہاراشٹر میں ’شاہین‘ طوفان کا اثر نظر آنے لگا ہے۔ اورنگ آباد کے ناریگاؤں علاقہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں زوردار بارش کے سبب ہر طرف پانی پھیلا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔


02 Oct 2021, 1:21 PM

کانپور میں ایک ہی کنبہ کے 3 لوگوں کی لاش برآمد، پولیس جانچ میں مصروف

اتر پردیش کے کانپور میں آج ایک دردناک معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ایک گھر میں تین لوگوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ کانپور کے ڈی سی پی نے بتایا کہ فضل گنج تھانہ حلقہ میں ایک گھر میں ایک ہی کنبہ کے تین لوگوں کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کی فورنسک یونٹ، ڈاگ اسکواڈ کی ٹیم، سرویلانس کی ٹیم جانچ میں مصروف ہے۔ کچھ سراغ بھی ملے ہیں جس کی بنیاد پر چھان بین کی جا رہی ہے۔ جلد ہی اس تعلق سے کچھ انکشاف کیا جائے گا۔

02 Oct 2021, 11:40 AM

سونیا گاندھی نے مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر پیش کیا خراج عقیدت

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے راج گھاٹ پہنچ کر بابائے قوم مہاتما گاندھی جی کی سمادھی پر پھول چڑھائے اور خراج عقیدت پیش کیا۔


02 Oct 2021, 11:02 AM

باپو کے عدم تشدد اور انصاف کے نظریات کا پرچم آج بھی لہرا رہا ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اصول و نظریات آج بھی اثرانداز ہیں۔ اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’سیاہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک میں، سونبھدر کے قبائلیوں و ہاتھرس کی دلت لڑکی کے لیے انصاف کی لڑائی میں و نفرت کے نظریات کے خلاف محبت کے نظریہ کی ابھرتی آواز میں باپو کے سچ، عدم تشدد اور انصاف کے نظریات کا پرچم آج بھی لہرا رہا ہے۔‘‘

02 Oct 2021, 9:27 AM

راہل گاندھی نے باپو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دیا بڑا پیغام

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا اور ’کسان تحریک‘ کو بھی یاد کیا۔ انھوں نے اپنے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر لکھا ہے ’’فتح کے لیے صرف ایک ستیاگرہی ہی کافی ہے۔ مہاتما گاندھی کو پرخلوص خراج عقیدت۔‘‘ اس کے ساتھ انھوں نے ہیش ٹیگ فارمرس پروٹیسٹ لگایا ہے، اور ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کسان تحریک کس طرح سے مہاتما گاندھی کے بہت قریب ہے۔


02 Oct 2021, 8:49 AM

کانگریس کی سینئر لیڈر تاجدار بابر کا انتقال

کانگریس کی سینئر لیڈر تاجدار بابر کا ہفتہ کی صبح انتقال ہو گیا۔ انھوں نے 80 کی دہائی میں کانگریس کی سربراہی کی تھی اور دہلی کی سیاست کا ’آئرن لیڈی‘ کہا جاتا تھا۔ تاجدار بابر کے انتقال کی خبر ان کی پوتی یاسمین قدوائی نے ٹوئٹر پر دی جو کہ خود بھی کانگریس سے جڑی ہوئی ہیں۔ اس خبر سے تاجدار بابر کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ کانگریس میں بھی غم کا ماحول پھیل گیا ہے۔

02 Oct 2021, 8:05 AM

کانپور میں برسرعام سماجوادی پارٹی لیڈر کا قتل، جرائم پیشوں نے دوڑا کر ماری گولی

یوگی راج میں جرائم کے واقعات کسی صورت کم ہوتے ہوئے نظر نہیں آ رہے ہیں۔ بدمعاشوں کے حوصلے اتنے بلند ہیں کہ عام لوگوں کو تو چھوڑیے، سیاسی لیڈروں کا بھی برسرعام قتل ہو رہا ہے۔ گورکھپور میں ہوئے قتل کے بعد راجدھانی لکھنؤ اور کانپور میں بھی قتل کی واردات سامنے آئی ہے۔ کانپور کے برّا 2 سبزی منڈی میں بدمعاشوں نے کار سوار سماجوادی پارٹی لیڈر ہرش یادو کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ برسرعام بازار میں سماجوادی پارٹی لیڈر کے قتل سے علاقے میں کشیدگی کا عالم ہے۔ گولی مارنے کے بعد بدمعاش آرام سے فرار ہو گئے۔ واقعہ کے بعد خون سے شرابور ہرش یادو کو کچھ نوجوان علاج کے لیے نزدیکی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔