اہم خبریں: پرینکا کے عزم کے سامنے پھر جھکی یوگی حکومت، آگرہ جانے کی اجازت دینے پر مجبور

پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی
user

قومی آوازبیورو

20 Oct 2021, 5:58 PM

پرینکا کے عزم کے سامنے پھر جھکی یوگی حکومت، آگرہ جانے کی اجازت دینے پر مجبور

حراست میں فوت ہونے والے صفائی ملازم کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے جا رہی پرینکا گاندھی کو پولیس نے راستہ میں ہی روک لیا اور لکھنؤ کی پولیس لائن لے گئی، لیکن جب ہنگامہ بڑھا تو انتظامیہ نے پرینکا کو آگرہ جانے کیا اجازت فراہم کر دی۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ 4 لوگوں کو آگرہ جانے کی اجازت دی گئی ہے، ہم اب متاثرہ کنبہ سے ملاقات کرنے کے لئے روانہ ہو رہے ہیں۔

20 Oct 2021, 5:28 PM

آرین خان کی درخواست ضمانت بامبے ہائی کورٹ میں داخل

ڈرگس پارٹی معاملہ میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان نے این ڈی پی ایس عدالت میں درخواست ضمانت خارج ہونے کے بعد بامبے کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے خصوصی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ خیال رہے کہ جج وی وی پاٹل نے آرین خان کے علاوہ ارباز مرچنٹ اور من من دھمیچا کی درخواست ضمانت کو بھی خارج کر دیا ہے۔

20 Oct 2021, 4:30 PM

بی جے پی ہرانے کے لئے اوم پرکاش راجبھر کا سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد 

اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اوم پرکاش راجبھر نے سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد قائم کر لیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کی طرف سے اس موقع پر کہا گیا، ’’محروموں، مظلوموں، پسماندگان، خواتین، کسانوں، نوجوانوں اور ہر کمزور طبقہ کی لڑائی سماجوادی پارٹی اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی مل کر لڑیں گے۔ سپا اور سوبھاسپا آئے ساتھ، یوپی میں بھاجپا صاف۔‘‘

وہیں، سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے قومی صدر اوم پرکاش راجبھر نے کہا، ’’سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی اور سماجوادی پارٹی یوپی سے بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے ساتھ آئے ہیں۔ میں نے مؤ میں 27 اکتبور کو مہاپنچایت کے لئے اکھلیش یادو کو مدعو کیا ہے۔‘‘


20 Oct 2021, 3:42 PM

یوپی پولیس نے پرینکا کو آگرہ جانے سے روکا، حراست میں فوت شخص کے اہل خانہ سے ملنے جا رہی تھیں

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کو یوپی حکومت نے آگرہ جانے سے روک دیا ہے۔ وہ پولیس حراست میں فوت ہونے والے شخص کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کے لئے جا رہی تھیں۔

پرینکا گاندھی نے کہا، ’’جیسے ہی میں اپنے دفتر کےک علاوہ کسی دوسری جگہ کا دورہ کرنے کی کوشش کرتی ہوں وہ (انتظامیہ) مجھے روکنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس سے عوام کو بھی پریشانی ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’وہ کہتے ہیں کہ میں آگرہ نہیں جا سکتی۔ میں کہیں بھی جاؤں وہ مجھے روکتے ہیں۔ کیا میں ریستران میں بیٹھی رہوں؟ کیوں کہ یہ ان کے لئے سیاسی طور پر فائدہ مند ہے؟ میں ان سے ملاقات کرنا چاہتی ہوں، اس میں پریشانی کیا ہے؟

20 Oct 2021, 1:31 PM

شام میں دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا

دمشق: شامی فوج کے انجینئروں نے بدھ کے روز شام کے دارالحکومت دمشق میں انتہائی دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا۔ دھماکہ خیز ڈیوائس اسی جگہ سے ملی تھی جہاں دہشت گردوں نے آج صبح وسطی دمشق کے مشہور دامروج ہوٹل کے قریب ایک آرمی بس کو نشانہ بناتے ہوئے دو طاقتور آلات کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں 14 فوجی ہلاک ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ شامی فورسز نے وسطی دمشق میں شدت پسندوں کی جانب سے لگائی گئی تیسری بارودی سرنگ کو بے اثر کر دیا۔


20 Oct 2021, 12:05 PM

پولیس حراست میں کسی کو مارنا کہاں کا انصاف ہے؟... پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی حراست میں کسی کو مارنا کہاں کا انصاف ہے؟ آگرہ پولیس کی تحویل میں ارون والمیکی کی موت کا واقعہ قابل مذمت ہے۔ لارڈ والمیکی جینتی کے روز یوپی حکومت نے ان کے پیغامات کے خلاف کارروائی کی ہے۔ پولیس اہلکاروں کے خلاف اعلیٰ سطحی تحقیقات اور کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو معاوضہ دیا جائے۔

20 Oct 2021, 11:23 AM

وعدہ تھا آشیانہ بسانے کا، کام ہو رہا آشیانہ اجاڑنے کا: رندیپ سرجے والا

کانگر ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے آج صبح اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ ’جملوں‘ اور ’حقیقت‘ کے درمیان کا فرق لوگوں کے سامنے ظاہر کیا۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ’’وعدہ تو تھا آشیانہ بسانے کا... لیکن کام ہو رہا آشیانہ اجاڑنے کا۔ وعدہ تو تھا کشمیری پنڈتوں کو بسانے کا... شورش پسندی کے سبب وقت ہے گھر چھوڑ چلے جانے کا... جملوں اور حقیقت میں یہی فرق ہے۔‘‘


20 Oct 2021, 10:32 AM

مہرشی والمیکی کے یوم پیدائش پر راہل گاندھی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آدی کوی مہرشی والمیکی کے یوم پیدائش پر بذریعہ ٹوئٹ لوگوں کو نیک خواہشات پیش کیں۔

20 Oct 2021, 9:30 AM

ہندوستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 14623 نئے کیسز درج، 197 اموات

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 14623 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس دوران 197 اموات کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ قابل ذکر یہ ہے کہ کورونا کے درج نئے معاملوں میں نصف سے زیادہ حصہ کیرالہ کا ہے۔ کل کیرالہ میں کورونا وائرس کے 7643 معاملے سامنے آئے اور 77 مریضوں کی موت ہوئی تھی۔


20 Oct 2021, 8:12 AM

پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

عوام کو ایک بار پھر مہنگائی کا جھٹکا لگا ہے۔ ہندوستان میں ایک بار پھر تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل 35 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا ہو گیا ہے۔ ملک بھر میں تیل کی نئی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ دہلی میں پٹرول 106-19 روپے فی لیٹر اور ممبئی میں 112.11 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ ممبئی میں ڈیزل اب 102-89 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ دہلی میں ڈیزل کی قیمت 94.92 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔