اہم خبریں: وزیر خارجہ جے شنکر اتوار کو اسرائیل کا دورہ کریں گے

ایس جے شنکر، تصویر یو این آئی
ایس جے شنکر، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

16 Oct 2021, 4:08 PM

وزیر خارجہ جے شنکر اتوار کو اسرائیل کا دورہ کریں گے

نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر اتوار کو اسرائیل کے تین روزہ سرکاری دورے پر جا رہے ہیں جہاں وہ نئی حکومت میں پہلی بار وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور وزیر خارجہ جیرلاپیڈ سے ملاقات کریں گے۔ اسرائیل میں نئی ​​حکومت کے قیام کے بعد ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان یہ پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ ہوگا۔ ڈاکٹر جے شنکر قومی سلامتی کے مشیر ایال ہولاتا سے بھی ملاقات کریں گے۔ اسرائیل کے سیکریٹری خارجہ ایلون اُشپیز نے ٹوئٹ کر کے ڈاکٹر جے شنکر کو دسہرہ کے تہوار کی مبارکباد دی ہے۔

16 Oct 2021, 2:20 PM

لکھیم پور کھیری واقعہ نے بی جے پی کی ذہنیت کو ظاہر کر دیا... سونیا گاندھی

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی مٹنگ میں پارٹی صدر سونیا گاندھی نے لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے ساتھ ہوئے ظلم کے لیے بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’حال ہی میں لکھیم پور کھیری میں خوفناک واقعہ پیش آیا جس نے بی جے پی کی ذہنیت کو ظاہر کر دیا۔ اس واقعہ سے پتہ چل گیا ہے کہ بی جے پی کسان تحریک کو کس نظریے سے دیکھتی ہے، کسانوں کے ذریعہ اپنی زندگی اور روزی روٹی کی حفاظت کے لیے جاری جدوجہد سے کس طرح نمٹتی ہے۔‘‘

16 Oct 2021, 1:42 PM

افغانستان کی مسجد میں ہوئے بم دھماکہ کی پاکستان نے مذمت کی

اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان کے صوبے قندھار میں ایک مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ قندھار شہر میں جمعہ کے دہشت گردانہ حملے میں 30 سے ​​زائد افراد کے ہلاک اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام بشمول مذہبی مقامات پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ’’پاکستان کی حکومت اور عوام افغانستان کے لوگوں سے تعزیت کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ مقامی میڈیا کے مطابق دھماکہ جمعہ کی سہ پہر قندھار کی ایک مسجد کے اندر اس وقت ہوا جب سینکڑوں لوگ نماز جمعہ ادا کر رہے تھے۔


16 Oct 2021, 12:22 PM

برازیل میں کورونا کے 15239 نئے کیسز، 570 ہلاکتیں

برازیلیا: برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 15،239 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس سے متاثرین کی تعداد 2،16،27،476 ہو گئی ہے۔ قومی وزارت صحت نے جمعہ کی رات دیر گئے یہ اطلاع دی۔ وزارت کے مطابق اس عرصے کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے مزید 570 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 6،02،669 ہو گئی ہے۔ اس سے ایک دن پہلے اس لاطینی ملک میں کورونا کے 14،288 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 525 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

16 Oct 2021, 11:19 AM

اسرائیل کے ساتھ تصادم میں 40 سے زائد فلسطینی زخمی

غزہ/تل ابیب: مغربی کنارے میں جمعہ کو اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ تصادم میں 40 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع فلسطینی ہلال احمر نے دی ہے۔ ہلال احمر نے جمعہ کو دیر رات ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نابلس شہر کے قریب مغربی کنارے کے بیتا اور بیت دجان اضلاع میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں آج 44 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے کہا کہ فلسطینیوں کا ایک گروپ بغیر کسی ابتدائی اطلاع کے نابلس شہر کے جنوب میں ریہلم بستی کے قریب داخل ہونے کے بعد یہ جدو جہد شروع ہوئی۔


16 Oct 2021, 10:24 AM

مودی حکومت نے ٹیکس نہ بڑھایا ہوتا تو پٹرول 66 اور ڈیزل 55 روپے لیٹر ہوتا: سرجے والا

کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھنے کے بعد مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’آج پھر پٹرول-ڈیزل مہنگا۔ مودی حکومت نے ٹیکس نہ بڑھائے ہوتے تو پٹرول آج 66 روپے اور ڈیزل 55 روپے لیٹر ہوتا۔ مودی حکومت نے ٹیکس لوٹ میں نئے ریکارڈ قائم کیے۔ اعداد و شمار گواہ ہیں کہ جب خام تیل کی بین الاقوامی قیمتیں گھٹیں تو ٹیکس بڑھایا۔ اس کا فائدہ ملک کو نہیں دیا۔‘‘

16 Oct 2021, 9:34 AM

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری، آج بھی ہوا 35-35 پیسے مہنگا

نئی دہلی: بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ابال جاری رہنے کے درمیان ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہفتے کے روز مسلسل تیسرے دن 35-35 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا۔ دارالحکومت دہلی میں آج پٹرول 35 پیسے فی لیٹر بڑھ کر 105.49 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 94.22 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ اس سے قبل پیر کو مسلسل ساتویں دن گھریلو پٹرول 30 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 35 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا تھا۔ اس کے بعد دو دن تک سکون رہا لیکن اس کے بعد سے قیمتوں میں اضافہ کا دور شروع ہوگیا۔ اضافے کے بعد ممبئی میں پٹرول 111.43 روپے اور ڈیزل 102.15 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں پٹرول 114.09 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 103.40 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک ساتھ سنچری بنانے کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ رانچی میں پٹرول 99.92 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 99.44 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم رانچی میں پٹرول اب بھی پورے ملک میں سب سے سستا ہے۔


16 Oct 2021, 8:11 AM

’ایسر‘ کا سرور ہیک، صارفین کا ڈاٹا غلط ہاتھوں میں جانے پر تشویش

ایسر کا لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ تائیوان کی لیپ ٹاپ کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایسر کے ہندوستانی ڈاٹا بیس سے صارفین کا ڈاٹا چوری ہوا ہے۔ ایسر نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ہندوستان میں ان کا سَرور ہیک ہو گیا ہے اور اس دوران 60 جی بی صارف ڈاٹا ہیکرس نے چرا لیے ہیں۔ غور طلب ہے کہ یہ ایسر ڈاٹا بیس میں اس سال کی دوسری ہیکنگ ہے۔ اس ہیکنگ کی ذمہ داری ڈیسورڈن نامی ایک گروپ نے لی ہے۔ اس گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسر کے سرورس سے انفرادی کسٹمرس کی جانکاریاں، کارپوریٹ کسٹمر ڈاٹا اور صارف کی اہم جانکاریاں حاصل کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔