اہم خبریں: فوجیوں کی موت سے سبھی غمزدہ، سونیا گاندھی اپنی سالگرہ نہیں منائیں گی

بپن راوت، تصویر سوشل میڈیا
بپن راوت، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

08 Dec 2021, 8:19 PM

جنرل بپن راوت کی موت سے غمزدہ سونیا گاندھی 9 دسمبر کو نہیں منائیں گی اپنا یومِ پیدائش

ہیلی کاپٹر حادثہ میں جنرل بپن راوت سمیت 13 افراد کی موت سے پورا ہندوستان غمزدہ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سمیت متعدد سیاسی و سماجی ہستیوں نے اس حادثہ پر اظہارِ غم کیا ہے۔ اس درمیان کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 9 دسمبر کو اپنا یومِ پیدائش نہیں منائیں گی۔ یہ جانکاری کانگریس کے سینئر لیڈر کے سی وینوگوپال نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے دی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ کانگریس صدر نے کل یعنی 9 دسمبر کو اپنا یومِ پیدائش نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے پارٹی کارکنان اور حامیوں سے سختی کے ساتھ کہا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کے جشن سے پرہیز کریں۔

08 Dec 2021, 6:48 PM

ہیلی کاپٹر حادثہ: بپن راوت سمیت 13 افراد کی موت، پی ایم مودی کا اظہارِ غم

تمل ناڈو میں پیش آئے فضائیہ کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ کیے گئے ایک ٹوئٹ میں یہ جانکاری دی گئی اور بتایا گیا کہ جنرل بپن راوت اور ان کی بیوی مدھولیکا راوت کے علاوہ دیگر 11 سوار افراد کی حادثہ میں موت ہوئی ہے۔ جنرل بپن راوت کے موت کی خبر سامنے آنے کے بعد پی ایم مودی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ انھیں خراج عقیدت پیش کیا اور اس حادثہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔

08 Dec 2021, 2:01 PM

سی ڈی ایس بپن راوت کو لے جا رہا ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار، فوج کی جانب سے جانچ کا حکم

ہندوستانی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر تمل ناڈو میں کوئمبٹور اور سولور کے درمیان حادثہ کا شکار ہو گیا، اس ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفینس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کا اسٹاف اور کنبہ کے افراد سوار تھے۔ انڈین ایئر فورس کی جانب سے ایک بیان جاری کر کے ہیلی کاپٹر کریش کی تصدیق کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ حادثہ کے تعلق سے تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔


08 Dec 2021, 12:41 PM

پرینکا گاندھی نے کانگریس کی جانب سے ہندوستان کا پہلا ’خاتون انتخابی منشور‘ پیش کیا

لکھنؤ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے آئندہ یوپی انتخابات کے پیش نظر ’خاتون انتخابی منشور‘ پیش کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم خواتین کو حقیقی طور پر بااختیار بنانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے ایسا ماحول بنانا پڑے گا جس سے ان پر ظلم و ستم بند ہو۔‘‘

پرینکا گاندھی نے کہا کہ کانگریس ملک کی تاریخ کا پہلا خاتون انتخابی منشور پیش کر رہی ہے لیکن امید ہے کہ یہ پہلا نہیں ہوگا اور اس سے دوسری سیاسی جماعتوں پر بھی دباؤ ہوگا کہ سیاست میں خواتین کی شراکت داری کو سنجیدگی سے لیا جائے۔‘‘

08 Dec 2021, 11:35 AM

یوپی انتخابات کے پیش نظر پرینکا گاندھی آج جاری کریں گی ’خواتین کا منشور‘

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج ’خاتون پر مبنی منشور’ جاری کرنے جا رہی ہیں۔ لکھنؤ میں واقع کانگریس کے صدر دفتر ’نہرو بھون‘ میں 12 بجے پریس کانگریس کے دوران منشور جاری کریں گی۔


08 Dec 2021, 10:06 AM

کانگریس کے اجلاس سے سونیا گاندھی کا کسانوں اور مہنگائی کے حوالہ سے مودی حکومت پر حملہ

کانگریس کے اجلاس کے دوران پارٹی صدر سونیا گاندھی نے کہا، ’’آئیے ان 700 کسانوں کو عزت دیں جنہوں نے تحریک کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔ مودی حکومت کسانوں اور عام لوگوں کے تئیں بے حس ہے۔ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہر خاندان کے ماہانہ بجٹ میں آگ لگا رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔