اہم خبریں: جبل پور میں سڑک حادثہ میں چار افراد ہلاک

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

28 Oct 2021, 6:11 PM

جبل پور میں سڑک حادثہ میں چار افراد ہلاک

جبل پور: مدھیہ پردیش کے ضلع جبل پور میں پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق، جبل پور سے تقریباً 20 کلومیٹر کے فاصلے پر پنگر ہائی وے پر ایک ڈھابہ کے نزدیک رات دیر گئے ایک ٹرک اور جننی ایکسپریس بس کے ٹکرانے کے حادثے میں پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ اس واقعہ میں کٹنی کے باشندے چھوٹو کول، دموہ کی رہنے والی پنیا بائی اور جننی ایکسپریس کے ڈرائیور دھنو یادو کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ ضلع اومریا کی رہنے والی شدید زخمی خاتون ریکھا بائی راوت کی اسپتال میں موت ہو گئی۔ ایک اور شدید زخمی شخص میڈیکل کالج میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جننی ایکسپریس بس کٹنی کی طرف آرہی تھی کہ ڈھابہ کے نزدیک کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس خوفناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولس کے اعلیٰ افسران نے موقع پر پہنچ کر چھان بین شروع کردی ہے۔

28 Oct 2021, 4:51 PM

بامبے ہائی کورٹ سے آرین خان کو ملی ضمانت

بامبے ہائی کورٹ نے کروز شپ ڈرگس کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ گزشتہ 3 روز سے بامبے ہائی کورٹ میں ضمانت کی عرضی پر تفصیلی بحث ہوئی۔ آرین خان کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی کے علاوہ دیگر وکیلوں نے بحث میں حصہ لیا۔ آرین خان کے ساتھ دیگر تین ملزمین کی ضمانت بھی عدالت نے منظور کرلی ہے۔

واضح ہو کہ آرین خان کو پانچ اکتوبر سے عدالتی تحویل میں بھیجے جانے کے بعد سے آج تک وہ آرتھر روڈ جیل میں عام قیدیوں کے کمرے میں مقید ہیں۔ ابتدائی ایام میں انہیں جیل کے کورنٹائن مرکز پر رکھا گیا تھا اور پھر ان کی کورونا رپورٹ منفی آنے کے بعد انہیں عام قیدیوں کے کمرے میں منتقل کر دیا گیا تھا

28 Oct 2021, 4:31 PM

جعلی انکم ٹیکس افسر بن کر تیس لاکھ روپے کا فراڈ

پتھلگاؤں: چھتیس گڑھ کے ضلع جشپور کے پتھلگاؤں میں ایک بدمعاش نے فرضی انکم ٹیکس افسر کے طور پر تیس لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی۔ جشپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ وجے اگروال نے بتایا کہ راہا ادارہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر الزابتھ کی رپورٹ ملنے کے بعد تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب راہا ادارہ کے ڈائریکٹر کو معلوم ہوا کہ انہیں فرضی انکم ٹیکس افسر نے دھوکہ دیا ہے تو انہوں نے اس معاملے میں تحریری شکایت درج کرائی تھی۔ ڈاکٹر الزابتھ کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں راہا تنظیم کے ہی ایک ملازم کی ملی بھگت سے لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ فی الحال، پتھلگاؤں ایس ڈی او پی نے اس معاملے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر فوری تحقیقات شروع کر دی ہے۔ راہا، کرسچن مشن کی ایک سماجی خدمت گار تنظیم سرگوجا ڈیویژن میں 50 سال سے غریب خاندانوں کے معذور افراد کے لیے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں کام کر رہی ہے۔ پتھلگاؤں ہیڈ کوارٹر سے ایک بدمعاش نے راہا سے فرضی انکم ٹیکس افسر ظاہر کر کے تیس لاکھ روپے ٹھگ لیے۔


28 Oct 2021, 2:54 PM

اجیت پوار کے رشتہ دار جگدیش قدم کے گھر پر ای ڈی کا چھاپہ

پونے: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کے روز مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار کے رشتہ دار جگدیش قدم کے گھر پر چھاپہ مارا۔ پونے سے تقریباً 50 کلومیٹر پر داؤنڈ شوگر مل واقع ہے جس کے ڈائریکٹر جگدیش قدم ہیں۔ وہ اجیت پوار کے بھتیجے ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس نے کچھ دنوں پہلے اجیت پوار کی بہن اور شوگر مل مالکان کے گھروں پر چھاپے مارے تھے۔ ذرائع کے مطابق جگدیش قدم کی رہائش گاہ پر ابھی بھی تفتیش جاری ہے۔ ای ڈی کی ٹیم بعد میں اجیت پوار کے آبائی شہر بارامتی بھی جائے گی۔

28 Oct 2021, 2:03 PM

غیر قانونی پٹاخے لے جانے والے دو ملزمان گرفتار

نارائن پور: چھتیس گڑھ کے نارائن پور میں پولیس نے غیر قانونی پٹاخوں کی نقل و حمل کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دیپک ڈے اور مہیپال پٹیل کو بغیر لائسنس کے غیر قانونی پٹاخے لے جانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولس اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات کر رہی ہے۔


28 Oct 2021, 11:22 AM

جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں خوفناک سڑک حادثہ، بس کھائی میں گرنے سے 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی

جموں و کشمیر میں ٹھٹھری سے ڈوڈہ جانے والی ایک منی بس کے کھائی میں گرنے سے 8 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ حادثے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ایڈیشنل ایس پی ڈوڈہ نے یہ اطلاع فراہم کی۔

28 Oct 2021, 9:51 AM

ہندوستان میں کورونا کے 16156 نئے کیسز، 733 افراد ہلاک

مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 16156 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس دوران 733 افراد کی جان چلی گئی۔ فی الحال ملک میں 160989 کیسز فعال ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔