اہم خبریں: مرادآباد میں مردہ قرار دئے جانے کے بعد سرد خانہ سے زندہ پایا جانے والا شخص 4 دن بعد فوت

مرادآباد میں مردہ قرار دئے جانے کے بعد سرد خانہ سے زندہ پایا جانے والا شخص 4 دن بعد فوت
مراد آباد کے سرکاری اسپتال میں حادثہ کے بعد زیر علاج شخص، جسے مردہ قرار دئے جانے کے بعد مردہ خانہ سے کئی گھنٹے کے بعد زندہ نکالا گیا تھا، اس نے میرٹھ میں چار دن بعد علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ مرادآباد ضلع اسپتال کے سی ایم ایس شیو سنگھ نے کہا، ’’اس کی گزشتہ شام موت ہو گئی۔ محکمہ صحت معاملہ کی تفتیش کر رہا ہے۔‘‘
4اکھلیش سے ملاقات کے بعد سنجے سنگھ کا بیان ’یوپی کو بی جے پی سے پاک کرنے کے لئے بات چیت ہوئی‘
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کے بعد سنجے سنگھ نے کہا، ’’اکھلیش یادو سے ملاقات ہوئی۔ اتر پردیش کو بی جے پی سے پاک کرانے کے لئے عام مسائل پر اسٹریٹیجک بات چیت ہوئی۔ اتحاد کے حوالہ سے بات چیت طے ہوگی تو اطلاع دی جائے گی۔ سیٹوں کے حوالہ سے ابھی کوئی بات نہیں ہوئی۔‘‘
دہلی میں ہوا کا معیار بہتر ہو رہا ہے، تمام تعلیمی ادارے 29 نومبر سے کھلیں گے، گوپال رائے
دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا، ’’دہلی میں ہوا کا معیار اب بہتر ہو رہا ہے۔ راجدھانی کے تمام اسکول، کالج اور تعلیمی ادارے 29 نومبر سے دوبارہ کھل جائیں گے۔ ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ سی این جی اور الیکٹرک گاڑیوں کو 27 نومبر سے داخلہ کی اجازت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ دیگر گاڑیوں پر 3 دسمبر تک پابندی عائد رہے گی۔‘‘
حکومت ایم ایس پی اور 700 اموات پر مطالبات قبول کر لیتی ہے تو ہم چلے جائیں گے، راکیش ٹکیت
کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا، ’’حکومت نے اعلان کیا ہے تو وہ قرارداد پیش کر سکتے ہیں لیکن ایم ایس پی اور 700 کسانوں کی موت بھی ہمارا مدعا ہے۔ حکومت اس پر بھی بات کرنی چاہئے۔ 26 جنوری سے پہلے تک اگر حکومت مان جائے گی تو ہم چلے جائیں گے۔ الیکشن کے تعلق سے ہم ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد بتائیں گے۔‘‘
ہماچل پردیش بی جے پی کے نائب صدر کرپال سنگھ پرمار عہدے سے مستعفی
بی جے پی کے ہماچل پردیش کے ریاستی نائب صدر کرپال سنگھ پرمار نے اپنے عہدے سے استعفی پیش کر دیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر کرپال سنگھ نے کہا، ’’کئی سالوں سے پارٹی کی جانب سے مجھے نظر انداز کیا جا رہا تھا۔ گزشتہ 6 مہینے سے میرا استحصال کیا جا رہا تھا۔‘‘
ہندوستان میں کورونا کے 9283 نئے کیسز، 437 اموات
مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 9283 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس دوران 10949 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی، جبکہ 437 مریضوں کی جان چلی گئی۔ ملک بھر میں اب کورونا کے محض 111481 کیسز فعال رہ گئے ہیں، یہ تعداد گزشتہ 537 دنوں میں سب سے کم ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔