اہم خبریں: معروف صحافی انور علی دہلوی کی اہلیہ شمسی بیگم کا 85 سال کی عمر میں انتقال

معروف صحافی انور علی دہلوی کی اہلیہ شمسی بیگم کا 85 سال کی عمر میں انتقال
مشہور و معروف صحافی انور علی دہلوی کی اہلیہ شمسی بیگم کا آج 85 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ وہ شکیل انجم دہلوی اور جمیل انجم دہلوی کی والدہ تھیں۔ جمیل انجم دہلوی کے حوالے سے یہ خبر ملی ہے کہ نمازِ جنازہ 8.30 بجے دہلی گیٹ قبرستان کے باہر ادا کی جائے گی۔ ان کی تدفین دہلی گیٹ قبرستان میں ہی عمل میں آئے گی۔
ممبئی پولیس نے این سی بی افسر سمیر وانکھیڈے کا بیان درج کیا
ممبئی پولیس نے آج این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کی قومی کمیشن برائے درج فہرست ذات کو دی گئی اس شکایت کے تعلق سے بیان درج کرایا جو انہوں نے مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کے خلاف کی ہے۔ نواب ملک نے سمیر وانکھیڈے پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ایک مسلمان ہیں اور انہوں نے ریزرویشن کا فائدہ حاصل کرتے ہوئے ایک دلت کا حق مارا ہے۔
تمل ناڈو میں بارش کا قہر، اب تک 14 افراد ہلاک
تمل ناڈو کے محکمہ محصولات کے پرنسپل سکریٹری کمار جینت نے کہا ہے کہ ریاست میں بھاری بارش کے سبب اب تک 14 افراد جان گنوا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، گزشتہ رات بھاری بارش ہونے کے بعد آج چنئی کے مختلف علاقوں میں پانی بھرا ہوا نظر آ رہا ہے۔ دریں اثنا، 13 سب وے سے پانی نکال دیا گیا ہے اور 160 گرے ہوئے درختوں کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ گزشتہ 4 دنوں کے دوران چنئی میں تقریباً 20 لاکھ لوگوں تک کھانے کے پیکیٹس پہنچائے گئے ہیں۔
ڈاکٹر کفیل خان ملازمت سے برخاست، کلین چٹ ملنے کے باوجود یوگی حکومت کی کارروائی
بی آر ڈی میڈیکل کالج گورکھ پور کے ماہر اطفال ڈاکٹر کفیل خان کو یوگی حکومت نے برخاست کر دیا ہے۔ وہ کالج میں آکسیجن کی قلت کے سبب ہونے والی بچوں کی اموات کے بعد سے معطل تھے اور ڈی جی ایم ای ڈائریکٹریٹ سے منسلک تھے۔ اس سے قبل انہوں نے اپنی دوبارہ معطلی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا اور عدالت کی ہدایت کے بعد حکومت نے احکامات کو واپس لے لیا تھا۔ قبل ازیں، ان کے خلاف کی گئی جانچ میں انہیں بے قصور قرار دیا گیا تھا۔ تاہم، یوگی حکومت نے دوبارہ جانچ کا حکم صادر کر دیا تھا۔
مولانا ابو الکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر کانگریس پارٹی کا خراجِ عقیدت
مجاہد آزادی اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابو الکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر کانگریس پارٹی نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا مولانا آزاد کا تعلیم کے شعبہ تعاون ہمیشہ یاد رہے گا۔ انہیں 1992 میں بعد از مرگ ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’بھارت رتن‘ سے نوازا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔