اہم خبریں: ہندوستان نے پاکستان کو 147 رن پر آل آؤٹ کیا

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

28 Aug 2022, 9:44 PM

ہندوستان نے پاکستان کو 147 رن پر آل آؤٹ کیا

دبئی: بھونیشور کمار (چار وکٹ) اور ہاردک پانڈیا (تین وکٹ) کی تیز گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے ایشیا کپ 2022 میں پاکستان کو 147 رن پر آؤٹ کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 43 رنز بنائے۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور بھونیشور کمار نے تیسرے ہی اوور میں بابر اعظم (10) کو آؤٹ کر کے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

تیسرے نمبر پر آنے والے فخر زمان نے دو چوکوں سے اننگز کا آغاز کیا لیکن اویش خان نے انہیں صرف 10 رن پر وکٹ کیپر دنیش کارتک کے ہاتھوں کیچ کروا کے پویلین لوٹا دیا۔ تیسری وکٹ کے لیے 45 رن کی شراکت کرنے والے محمد رضوان اور افتخار احمد ہاردک پانڈیا کی مختصر گیندوں کا شکار ہو گئے۔ رضوان نے 42 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رن بنائے جبکہ افتخار نے 22 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رن بنائے۔ ہاردک نے خوشدل شاہ (02) کا وکٹ بھی لیا۔

اس کے بعد پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بھونیشور نے شاداب خان (10)، آصف علی (09) اور نسیم شاہ (0) کو آؤٹ کیا، ارشدیپ سنگھ نے محمد نواز (01) کو پویلین بھیجا۔ 19ویں اوور میں شاداب اور نسیم کو آؤٹ کرنے کے بعد بھونیشور کے پاس ہیٹ ٹرک کا موقع تھا لیکن شاہنواز دہانی نے چھکا لگا دیا۔ آخری اوور کی پہلی چار گیندوں پر 11 رنز دینے کے بعد ارشدیپ نے دہانی (16) کو بولڈ کیا اور پاکستان کی اننگز 147 رنز پر سمٹ گئی۔

28 Aug 2022, 5:23 PM

کلکتہ ہائی کورٹ میں نو ایڈیشنل ججوں کی تقرری

نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے نو وکلاء کو کلکتہ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر مقرر کیا ہے اتوار کو مرکزی وزارت قانون و انصاف کے محکمہ انصاف کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں تقرری کے حوالے سے یہ جانکاری دی گئی، نوٹیفکیشن کے مطابق صدر نے وشوروپ چودھری، پارتھا سارتھی سین، پرسین جیت بسواس، ادے کمار، اجے کمار گپتا، سپرتیم بھٹاچاریہ، پارتھا سارتھی چٹرجی، اپوروا سنہا رے اور محمد شبیر رشیدی کو اگلے دو سالوں کے لیے اضافی عہدے دیئے ہیں۔ ان کی سنیارٹی کی بنیاد پر جج کی تقرری کی منظوری دی گئی۔

28 Aug 2022, 2:39 PM

دھماکے کے ساتھ منہدم کی گئی عمارت، دھول کے غبار میں ڈوبا شہر

نوئیڈا کے سیکٹر 93اے میں واقع سپرٹیک ٹوئن ٹاورز کو منہدم کر دیا گیا ہے۔ عمارت کو 3700 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کرتے ہوئے گرایا گیا۔ قطب مینار سے بھی اونچے ٹوئن ٹاورز اب ملبے میں تبدیل ہو گئی ہے۔ ٹوئن ٹاورز کے گرنے کے بعد دھول کا زبردست بادل اٹھ گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً دو گھنٹے تک گرد و غبار کا بادل ہوا میں رہے گا۔ آس پاس کے لوگوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر تین ہسپتالوں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔


28 Aug 2022, 2:20 PM

دھماکہ کے سائرن سے گونجا علاقہ، کچھ دیر میں زمیندوز ہوں گے ٹوئن ٹاورز

نوئیڈا کے سپر ٹیک ٹوئن ٹاورز کو زمیندوز کرنے کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ عین 2 بج کر 30 منٹ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ’بدعنوانی کی علامت‘ کو منہدم کر دیا جائے گا۔ ٹوئن ٹاورز کو مہندم کرنے کے لئے دھماکہ کئے جانے سے قبل علاقہ میں سائرن بجا دیا گیا ہے۔

28 Aug 2022, 1:24 PM

تمام تیاریاں مکمل، ہم الٹی گنتی شروع کر رہے ہیں، پولیس کمشنر نوئیڈا

نوئیڈا کے پولیس کمشنر آلوک کمار نے کہا کہ سپرٹیک ٹوئن ٹاورز کے انہدام کے حوالہ سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور انہدام کے لئے الٹی گنتی شروع کی جا رہی ہے۔


28 Aug 2022, 12:21 PM

ٹوئن ٹاورز کے خلاف عرضی دائر کرنے والے یو بی ایس تیوتیا کا اظہار مسرت

ٹوئن ٹاور انہدام سے عین قبل اس معاملہ میں سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرنے والے یو بی ایس تیوتیا نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہم نے 2012 میں ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے 10 سال کی اس جنگ کو جیت لیا۔ انہدام کے طویل المدتی فوائد 3 مہینے بعد نظر آئیں گے۔‘‘

28 Aug 2022, 11:17 AM

انہدام سے قبل متعدد سڑکیں بند

ٹوئن ٹاورز انہدام کے دوران حفاظت سے متعلق ذمہ داریاں نوئیڈا پولیس اور ٹریفک اہلکاروں کے ہاتھوں میں رہیں گی۔ جس کے تحٹ ٹوئن ٹاورز کے آس پاس کی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے روٹ تبدیل کرنے کے لئے بیریکیڈنگ کر دی ہے۔


28 Aug 2022, 10:39 AM

نوئیڈا ٹوئن ٹاورز انہدام سے قبل رہائشی عمارتوں کو خالی کرایا گیا

نوئیڈا میں سپر ٹیک ٹوئن ٹاورز کو منہدم کرنے سے قبل 40 ٹاورز سمیت نزدیک واقع دو رہائشی سوسائٹیوں کو پوری طرح خالی کرا لیا گیا ہے۔ جڑواں ٹاوروں کو آج دوپہر ڈھائی بجے منہدم کر دیا جائے گا۔ علاقہ میں 560 پولیس اہلکار، ریزرو فورسز کے 100 افراد، فوری کارروائی کرنے والی 4 ٹیمیں اور این ڈی آر ایف کی ٹیم تعینات کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔