اہم خبریں LIVE: دھونی نے دی خوشخبری، 2023 کا آئی پی ایل بھی کھیلیں گے ’ماہی‘

مہندر سنگھ دھونی، تصویر آئی اے این ایس
مہندر سنگھ دھونی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

20 May 2022, 8:40 PM

دھونی نے اپنے چاہنے والوں کو دی خوشخبری، 2023 کا آئی پی ایل بھی کھیلیں گے ماہی

ایسے امکانات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی 2023 کے آئی پی ایل سے پہلے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گے۔ لیکن بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے دھونی نے آئی پی ایل 2022 میں چنئی سپر کنگز کے آخری میچ سے پہلے اپنے چاہنے والوں کو یہ خوشخبری دی ہے کہ وہ 2023 کے ایڈیشن میں بھی دکھائی دیں گے۔

20 May 2022, 5:44 PM

حیدر آباد انکاؤنٹر کو سپریم کورٹ نے فرضی قرار دیا، 10 پولیس اہلکاروں پر چلے گا قتل کا مقدمہ

مشہور حیدر آباد انکاؤنٹر کو سپریم کورٹ کی جانچ کمیشن نے فرضی قرار دے دیا ہے۔ ساتھ ہی 10 پولیس اہلکاروں پر قتل کا مقدمہ چلائے جانے کی بات کہی گئی ہے۔

20 May 2022, 4:09 PM

’گیان واپی معاملے پر ضلع جج اپنے طریقے سے کریں سماعت‘، سپریم کورٹ

گیان واپی مسجد معاملے میں سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔ جسٹس چندرچوڑ نے اس دوران کہا کہ ’’ہم ہدایت دے سکتے ہیں کہ ذیلی عدالت عرضی دہندہ کی عرضی کا نمٹارہ کرے۔ تب تک ہمارا عبوری حکم جاری رہے۔ اور تیسری بات ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ معاملے کی پیچیدگی کو دیکھتے ہوئے اسے ضلع جج کو بھیجا جائے۔‘‘


20 May 2022, 1:02 PM

گیان واپی مسجد معاملہ پر الہ آباد ہائی کورٹ میں سماعت 6 جولائی تک ملتوی

الہ آباد ہائی کورٹ میں گیان واپی مسجد کے معاملے پر سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔ اب اس معاملے کی سماعت عدالت کی گرمیوں کی تعتیلات کے بعد 6 جولائی کو ہوگی۔ دریں اثنا، گیان واپی مسجد میں نماز جمعہ کے لیے کافی تعداد میں لوگ پہنچ گئے۔ پہلے 30 لوگوں کے نماز ادا کرنے کی اطلاع تھی لیکن رپورٹ کے مطابق وہاں 700 نمازی پہنچ گئے، جس کے بعد مسجد کا گیٹ بند کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ وضو خانہ سیل ہونے کی وجہ سے نمازیوں کو گھر سے وضو کر کے آنے کو کہا گیا تھا۔

20 May 2022, 12:41 PM

مہاراشٹر میں 2 ٹرکوں کے تصادم کا دلخراش حادثہ، 9 افراد ہلاک

مہاراشٹر کے چندر پور شہر کے مضافات میں ڈیزل سے بھرے ٹینکر اور لکڑیوں سے لدے ٹرک کے درمیان تصادم کے بعد لگنے والی آگ کی زد میں آنے والے کم از کم 9 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ یہ اطلاع ایک پولیس عہدیدار نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ جمعرات کی رات تقریباً 10.30 بجے چندر پور-مول روڈ پر پیش آیا۔


20 May 2022, 11:03 AM

آسام میں سیلاب متاثرین کی امداد کریں، راہل گاندھی کی کانگریس کارکنان اور لیڈران سے اپیل

راہل گاندھی نے کانگریس کے لیڈران اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ آسام میں سیلاب کے لاکھوں متاثری کی ہرممکن امداد کریں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’آسام میں شدید سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ میں کانگریس کارکنوں اور لیڈروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بچاؤ اور راحت کے کاموں میں ہر ممکن مدد جاری رکھیں۔‘‘

20 May 2022, 9:55 AM

لالو یادو کے ٹھکانوں پر سی بی آئی کی چھاپہ ماری کے خلاف آر جے ڈی کا پٹنہ میں احتجاج

سی بی آئی نے جمعہ کی صبح بدعنوانی سے متعلق معاملہ پر کارروائی کرتے ہوئے لالو یادو سے وابستہ متعدد ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی، اس سے آر جے ڈی میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ پارٹی کارکنان اور لیڈران نے راجدھانی پٹنہ میں چھاپہ ماری کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

آر جے ڈی لیڈر آلوک مہتا نے کہا ’’یہ ایک مضبوط آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔ سی بی آئی کی ہدایت اور کارروائیاں مکمل طور پر جانبدار ہیں۔‘‘


20 May 2022, 9:52 AM

ہندوستان میں کورونا وائرس کے 2259 نئے کیسز، 20 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2259 نئے کیسز درج کئے گئے، اس دوران 2614 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 20 افراد کی جان چلی گئی۔ فی الحال ملک بھر میں کورونا کے 15044 کیسز فعال ہیں۔

20 May 2022, 9:24 AM

کرناٹک میں تین دن سے بھاری بارش، کئی علاقوں میں اسکول، کالج بند رکھنے کے احکامات

ریاست کرناٹک میں راجدھانی بنگلورو سمیت متعدد علاقوں میں گزشتہ تین روز سے ہو رہی لگاتار بارش نے معلومات زندگی درہم برہم کر دئے ہیں۔ متعدد مقامات پر پانی بھر گیا ہے اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعلیٰ بسوراج ایس بومئی نے آج بنگلورو کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ دریں اثنا، بھاری بارشوں کے سبب ضلع دھارواڑ میں اسکول اور کالج بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔


20 May 2022, 8:51 AM

جھوٹ کے لمحے ہوتے ہیں، صدیاں نہیں: اکھلیش یادو

اعظم خان کی رہائی پر اکھلیش یادو نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’ایس پی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے اعظم خان جی کی ضمانت پر رہائی پر ان کا دلی خیرمقدم ہے۔ ضمانت کے اس فیصلے سے سپریم کورٹ نے انصاف کے نئے معیارات دیے ہیں، یقین ہے کہ وہ باقی تمام جھوٹے معاملوں-مقدمات سے بری ہوں گے۔ جھوٹ کے لمحات ہوتے ہیں صدیاں نہیں!‘‘

20 May 2022, 8:23 AM

اعظم خان 27 مہینے کے بعد جیل سے رہا، ’یہ انصاف کی جیت ہے‘

سپریم کورٹ سے عبوری ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے ایک روز بعد اعظم خان 27 مہینے کے بعد آخرکار جیل سے رہا ہو گئے ہیں۔ وہ اپنے بیٹے عبداللہ اعظم کے ساتھ ان کی گاڑی میں سیتاپور جیل سے باہر آئے۔ شیوپال یادو جیل کے باہر موجود تھے۔

اس موقع پر شیو پال یادو نے کہا کہ یہ انصاف کی جیت ہے، اعظم خان کی جیت ہے۔ ہم سماجوادی ہیں، ہمیشہ نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) سے سیکھا کہ خوشی اور غم میں ساتھ رہنا ہے۔ شیو پال یادو نے کہا، وہ رام پور نہیں جائیں گے۔ وہ لکھنؤ جائیں گے۔ انہوں نے آج اعظم خان سے بات کی ہے۔


20 May 2022, 8:16 AM

کچھ دیر میں جیل سے باہر آئیں گے اعظم خان، 27 مہینے بعد ہوگی رہائی

سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قدآور لیڈر اعظم خان 27 مہینے کے بعد آج جیل سے رہا ہونے جا رہے ہیں۔ وہ سیتا پور جیل میں قید تھے۔ اعظم خان کے دونوں بیٹے عبداللہ اور ادیب انہیں لینے سیتا پور جیل پہنچ چکے ہیں۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز یعنی 19 مئی کو اعظم خان کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کی تھی۔ اعظم کی رہائی کا پروانہ شام 5.30 بجے تک جیل نہیں پہنچ سکا تھا، لہذا انہیں آج رہا کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔