اہم خبریں LIVE: ادے پور واقعہ کے خلاف گروگرام میں لگے نفرت انگیز نعرے، معاملہ درج

علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

01 Jul 2022, 9:43 PM

ادے پور واقعہ کے خلاف گروگرام میں لگے نفرت انگیز نعرے، معاملہ درج

ادے پور قتل معاملہ کو لے کر گروگرام میں بدھ کے روز ایک خاص طبقہ کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے تھے۔ اس معاملے میں ہریانہ پولیس نے کیس درج کیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کی طرف سے منعقد ریلی کے دوران پیش آیا۔ تعزیرات ہند کے سیکشن 116، 153اے، 295اے، 34، 504 کے تحت یہ ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

01 Jul 2022, 7:48 PM

بی جے پی نیشنل ایگزیکٹیو کی میٹنگ کل حیدر آباد میں ہوگی

بی جے پی نیشنل ایگزیکٹیو کی میٹنگ کل یعنی 2 جولائی کو حیدر آباد میں منعقد ہو گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی حکمراں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت سبھی بڑے لیڈران کی شرکت ہوگی۔ اس میٹنگ میں پارٹی کے آئندہ کی حکمت عملی پر غور و خوض کیا جائے گا۔

01 Jul 2022, 4:31 PM

بی جے پی-آر ایس ایس نے ملک کا ماحول خراب کر دیا، راہل گاندھی

سپریم کورٹ کی طرف سے نوپور شرما کو پھٹکار لگائے جانے کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی نے ملک کا ماحول خراب کر دیا ہے۔ ملک اس وقت فرقہ وارانہ فسادات سے نبردآزما ہے، جبکہ کانگریس پارٹی ملک کے لوگوں کو جوڑنے کا کام کرتی ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی ملک کو فسادات کی آگ میں جھونکنا چاہتی ہیں۔


01 Jul 2022, 3:23 PM

آج جو جی ایس ٹی نافذ ہے یہ وہ نہیں جس کا تصور ’یو پی اے‘ حکومت نے کیا تھا، چدمبرم

جی ایس ٹی کے 5 سال مکمل ہونے پر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے کہا ’’کانگریس یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ جو جی ایس ٹی آج نافذ ہے یہ وہ جی ایس ٹی نہیں ہے جس کا تصور یو پی اے حکومت نے کیا تھا۔ یہ ایک ایسا جی ایس ٹی ہے جو ناقص، خامی سے پر ہے اور غیر مستحکم ہے۔ یہ قانون اتنا خراب ہے کہ حکومت کم از کم 100 مرتبہ رہنما ہدایات جاری کر چکی ہے۔‘‘

01 Jul 2022, 2:26 PM

بی جے پی نے مجھے وزیر اعلیٰ بنا دیا ہوتا تو ایم وی اے کا وجود ہی نہیں ہوتا، شیو سینا

شیوسینا لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’کل جو ہوا اس کے بارے میں، میں نے امیت شاہ کو پہلے بھی کہا تھا کہ 2.5 سال (شیو سینا-بی جے پی اتحاد کے دوران) شیو سینا کا وزیر اعلیٰ ہونا چاہیے۔ اگر انہوں نے یہ کام پہلے کیا ہوتا تو مہا وکاس اگھاڑی وجود میں ہی نہیں آتا۔‘‘


01 Jul 2022, 12:40 PM

میں بے خوف ہوں کیونکہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا، سنجے راؤت

شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا ’’میں ایک نڈر انسان ہوں۔ میں بے خوف ہوں کیونکہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا۔ یہ سب سیاسی ہے یا نہیں، اس کے بارے میں بعد میں پتہ چلے گا۔ ابھی، مجھے لگتا ہے کہ میں ایک غیر جانبدار ایجنسی کے پاس جا رہا ہوں اور مجھے ان پر پورا بھروسہ ہے۔‘‘

01 Jul 2022, 11:38 AM

سپریم کورٹ کا نوپور شرما کو راحت دینے سے انکار، عرضی واپس

سپریم کورٹ نے نوپور شرما کو راحت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ نوپور شرما نے درخواست کی تھی کہ توہین رسالتؐ کے معاملہ پر ان کے خلاف ملک بھر میں درج ایف آئی آرز کو دہلی منتقل کر دیا جائے۔ اس کے بعد نوپور نے اپنی عرضی کو واپس لے لیا۔


01 Jul 2022, 11:04 AM

توہین رسالتؐ کی مرتکب نوپور شرما سپریم کورٹ سے رجوع

توہین رسالتؐ کی مرتکب اور بی جے پی کی معطل شدہ لیڈر نوپور شرما نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر کے اپنے خلاف درج کرائی گئی تمام ایف آئی آرز کو دہلی منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ نوپور کا کہنا ہے کہ ان کو لگاتار دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

01 Jul 2022, 10:53 AM

ہندوستان میں کورونا کے 17000 نئے کیسز، 23 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 17070 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس دوران 14413 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی، جبکہ 23 افراد کی جان چلی گئی۔ ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 107189 ہو گئی ہے۔


01 Jul 2022, 9:59 AM

یہاں دو ہندوستان ہیں، ایک میں امیروں کو راحت، دوسرے میں غریبوں کو مشکل، راہل گاندھی کا حکومت پر حملہ

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا ’’یہاں دو ہندوستان ہیں، متروں (دوستوں) کا ہزاروں کروڑ کا ٹیکس اور لون معاف کیا جا رہا ہے۔ جبکہ غریب بچوں کو آنگن واڑیوں میں غذائیت سے بھرپور کھانا حاصل کرنے کے لیے آدھار کی ضرورت ہوگی۔‘‘ راہل گاندھی نے ایک خبر شیئر کی ہے۔‘‘

01 Jul 2022, 8:22 AM

ایل پی جی کا کمرشل سلنڈر ہوا سستا، 198 روپے کم کئے گئے

ایل پی جی کمرشل سلنڈر (تجارتی سلنڈر) کے داموں میں 198 روپے فی سلنڈر کی کمی کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد دہلی میں 19 کلوگرام والا تجارتی سلنڈر 2021 روپے میں دستیاب ہوگا۔ ابھی تک یہ سلنڈر 2219 روپے میں مل رہا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔