اہم خبریں: منی پور میں کانگریس کارکنان کا مظاہرہ

تصویر ٹوئٹر@INCManipur
تصویر ٹوئٹر@INCManipur
user

قومی آوازبیورو

16 Jun 2022, 7:51 PM

منی پور میں کانگریس کارکنان کا مظاہرہ

امپھال: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ پوچھ گچھ کے خلاف منی پور میں پارٹی کے کرکنان نے جمعرات کو راج بھون کے سامنے احتجاج کیا۔ ریاستی کانگریس صدر میگھ چندرکی قیادت میں بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان راج بھون کے سامنے جمع ہوئے اور مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر میگھ چندرا نے کہا کہ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت اپوزیشن لیڈروں کوای ڈی کے ذریعے ہراساں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کانگریس پارٹی اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے سرکاری مشینری کے غلط استعمال کے خلاف ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت جھوٹے الزامات لگا کر اپوزیشن لیڈروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں ہندوستانی آئین کی حفاظت کرنی چاہیے اور ای ڈی جیسی سرکاری ایجنسیوں کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی مخالفت کرنی چاہیے۔ کانگریس بی جے پی کی کارروائی کی مذمت کرتی ہے۔ اس سے پہلے کانگریس دفتر سے راج بھون کی طرف ایک ریلی کی شکل میں آگے بڑھتے ہوئے پارٹی کے کارکنان کو پولیس نے روک لیا، لیکن ان میں سے متعدد راج بھون کے مرکزی دروازے تک پہنچنے میں کامیاب رہے، جہاں ان کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ پارٹی کارکنان نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

16 Jun 2022, 6:51 PM

ہندو، مسلمان، سکھ کبھی فساد نہیں کرتے، کچھ لالچی لیڈر کرواتے ہیں: ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہندو، مسلمان، سکھ کبھی فساد نہیں کرتے، یہ کچھ لالچی لیڈروں کی وجہ سے ہوتا ہے جن کے دماغ میں کچرا بھرا ہوا ہے، اس میں عوام کا قصور نہیں بلکہ لوگوں کو اکسانے والوں کا قصور ہے۔

16 Jun 2022, 6:04 PM

اگنی پتھ اسکیم میں بہت سے خطرات ہیں... پی چدمبرم

کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے کہا کہ 'اگنی پتھ' اسکیم متنازعہ ہے، اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ اس اسکیم کے تحت بھرتی ہونے والے فوجی بہتر تربیت یافتہ ہوں گے، ہم نے ریٹائرڈ دفاعی افسران کے خیالات کو پڑھا اور سنا ہے، انہوں نے تقریباً متفقہ طور پر اس کی مخالفت کی ہے۔


16 Jun 2022, 4:32 PM

’اگنی پتھ‘ پر چلا کر نوجوانوں کے صبر کا امتحان مت لیجئے، راہل گاندھی کی وزیر اعظم سے اپیل

مرکزی حکومت کی فوج میں بھرتی کے لئے لائی گئی ’اگنی پتھ‘ اسکیم کے خلاف ملک بھر میں نوجوانوں کی طرف سے کئے جا رہے شدید احتجاج کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی سے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کے صبر کا امتحان مت لیجئے۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’نہ کوئی رینک، نہ کوئی پنشن۔ نہ دو سال سے کوئی ڈائریکٹ بھری۔ نہ چار سال کے بعد مستحکم مستقبل۔ نہ حکومت کا فوج کے تئیں احترام۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ملک کے بے روزگار نوجوانوں کی آواز سنیے، انہیں اگنی پتھ (آگ کی راہ گزر) پر چلا کر ان کے صبر کا امتحان مت لیجئے وزیر اعظم صاحب۔‘‘

16 Jun 2022, 3:52 PM

نواب ملک اور انیل دیشمکھ کی ایم ایل سی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی عرضی پر فیصلہ محفوط

مامبے ہائی کورٹ نے مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ اور وزیر نواب ملک کی اس عرضی پر فیصلہ محفوظ رکھا ہے جس میں انہوں نے 20 جون کو ایم ایل سی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معاملہ میں ہائی کورٹ کل فیصلہ سنائے گا۔


16 Jun 2022, 2:13 PM

کانگریس کے زیر حراست لیڈران کو غیر قانونی طور پر رکھا گیا ہے، ملکارجن کھڑگے

کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا ’’تمام حراست میں لیے گئے کانگریس لیڈروں کو غیر قانونی طور پر رکھا گیا تھا۔ ان پر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ ہمارے لیڈروں کو ہسپتالوں میں جانا پڑا، کچھ کی پسلیاں ٹوٹ گئیں۔ ہم نائب صدر راجیہ سبھا کے چیئرمین کے پاس اپیل کرنے آئے تھے، ہماری حفاظت کرنا ان کا فرض ہے۔‘‘

16 Jun 2022, 1:23 PM

انہدامی کارروائی پر سپریم کورٹ کا یوگی حکومت سے جواب طلب، اسٹے لگانے سے انکار

تشدد کے مبینہ ملزمان کے گھروں کو غیر قانون قرار دینے اور یکطرفہ انہدامی کارروائی کے خلاف جمعیۃ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے یوگی حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔ یوپی حکومت کو تین دن کے اندر حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم سپریم کورٹ نے ان کارروائیوں پر اسٹے لگانے سے انکار کر دیا۔ سپریم کورٹ نے کہا ’’انہدامی کارروائی پر روک نہیں لگائی جا سکتی لیکن مبینہ غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کے لیے قانون پر عمل کیا جانا چاہیے۔‘‘


16 Jun 2022, 12:19 PM

’یکطرفہ انہدامی کارروائی‘ کے خلاف جمعیۃ کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت ’آزادی سے پہلے بھی ایسا نہیں ہوا تھا!‘

سپریم کورٹ میں جمعیۃ علما ہند کی جانب سے یوپی میں انتظامیہ کی ’یکطرفہ انہدامی کارروائی‘ کے خلاف دائر کی گئی عرضی پر سماعت شروع ہو گئی ہے۔ عرضی میں قانونی عمل کو پورا کئے بغیر کی گئی اس طرح کی کارروائی پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جمعیۃ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ سی یو سنگھ نے کہا ’’انہدامی کارروائی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ جو لوگ احتجاج کے دوران تشدد میں شامل ہوئے ان کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے۔ ایسا تو ایمرجنسی میں، یا آزاسی سے پہلے بھی نہیں ہوا تھا۔ یہ مکانات گزشتہ 20 سالوں سے کھڑے ہیں اور کچھ معاملوں میں تو مکان ملزمان کے نام نہ ہو کر ان کے بوڑھے والدین کے نام پر درج ہیں۔‘‘

16 Jun 2022, 10:57 AM

کانگریس دفتر میں پولیس کی بدسلوکی کے معاملہ پر پارٹی وفد کی لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات

کانگریس کے صدر دفتر میں دہلی پولیس کی جانب سے پارٹی لیڈران کے ساتھ کی گئی بدسلوکی کے معاملہ میں آج ادھیر رنجن چودھری کی قیادت میں ایک وفد نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی ہے۔ اس سلسلہ میں تغلق روڈ تھانہ میں بھی شکایت درج کرائی گئی ہے۔


16 Jun 2022, 9:55 AM

ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملوں میں زبردست اضافہ، 24 گھنٹوں میں 12213 کیسز درج

ہندوستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں زبردست اضافہ درج کیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے کورونا کے 12213 نئے کیسز دردج کئے گئے۔ اس دوران 7624 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 11 کی جان چلی گئی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔