اہم خبریں: دہلی اسمبلی انتخابات میں 59.62 فیصد ووٹنگ ہوئی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

09 Feb 2020, 9:12 PM

جنوبی کشمیر کے ترال میں فائرنگ، ایک عام شہری ہلاک

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں اتوار کی شام نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک عام شہری کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے ترال پائین میں اتوار کی شام نامعلوم اسلحہ برداروں نے غلام نبی میر ولد ثناء اللہ میر نامی شہری پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمی میر کو فوری طور پر سب ضلع اسپتال ترال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کے اس واقعہ کے حوالے سے متعلقہ پولیس تھانہ میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

09 Feb 2020, 8:28 PM

دہلی اسمبلی انتخابات میں 59.62 فیصد ووٹنگ ہوئی

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے 8 فروری کو ہوئی ووٹنگ میں 59.62 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ دہلی کے چیف الیکشن افسر رنبیر سنگھ نے اتوار کو نامہ نگاروں کی کانفرنس میں اس کی اطلاع دی۔ سنیچر کو ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سنگھ نے بتایا تھا کہ 6.57 فیصد ووٹروں نے اپنے ووٹ ڈالے ہیں لیکن انہوں نے کہا تھا کہ کئی پولنگ بوتھوں پر ووٹر ووٹ ڈالنے کے لئے قطار میں کھڑے ہیں اس لئے آخری اعدادوشمار میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مئی 2019 میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں اسمبلی میں تقریبا 2 فیصد زیادہ ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ سال 2015 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں 49ء67 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے۔ گزشتہ برس ہوئے لوک سبھا انتخابات میں 06.60 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ سنگھ نے بتایا کہ 70 سیٹو ں کے لئے ہوئے انتخابات میں مجموعی طور سے 672 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 594 مرد اور 79 خواتین شامل ہیں جبکہ 23 سیٹوں پر کوئی خاتون امیدوار نہیں ہیں۔

09 Feb 2020, 7:36 PM

چین میں کورونا وائرس سے اب تک 811 افراد کی موت

بیجنگ: چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 811 ہو گئی ہے جبکہ 37198 افراد میں اس مرض کے پھیل جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ چین کے قومی صحت کمیشن نے یہ اطلاع دی ہے۔ چین کے قومی صحت کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے 37198 معاملات کی تصدیق کی جا چکی ہے جس میں 6188 افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے اس وائرس سے 811 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 2649 لوگوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ اس سے پہلے ہبوئی صحت کمیشن نے کہا کہ صوبہ میں كورونووائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 780 ہو گئی ہے جبکہ صوبہ میں 1400 معاملہ درج ہوئے ہیں۔ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان میں كوروناوائرس پھیلنا شروع ہوا تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 1370 كوروناوائرس کے معاملہ سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہبوئی صوبہ میں کل 2147 نئے کیس درج کیے گئے ہیں۔ چین کے علاوہ امریکہ سمیت کئی ممالک میں پر کورونا وائرس کے معاملہ درج کیے گئے ہیں۔


09 Feb 2020, 7:12 PM

پیلی بھیت میں جعلی نوٹ کا دھندہ کرنے والے چار افراد گرفتار، نوٹ و پرنٹر برآمد

پیلی بھیت: اترپردیش کے پیلی بھیت پولس کو جعلی نوٹوں کا دھندہ کرنے والے گروہ کے چار اراکین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہزاروں نوٹ اور ان کے چھپانے کے آلات برآمد کیے ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیشک دیکشت نے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر کرائم برانچ اور مقامی پولس نےنیوریا علاقے کے محلہ گپتا کالونی میں واقع ایک مقام پر چھاپہ مار کر جعلی نوٹ چھاپنے والے گروہ کے چار اراکین گووند، تنمے سرکار، منگلی پرساد اور چرنجیو کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کا ایک ساتھی نران فرار ہونے میں کامیاب رہا جو گروہ کا سرغنہ ہے اس کی تلاش کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزموں کے قبضے سے 50۔50 روپے کے 85 نوٹوں کے علاوہ اس کے چھاپنے کا اسکینر، پرنٹر وغیرہ برآمد کیا گیا۔ گرفتار گروہ کے لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے نقلی نوٹ چھاپنے کا کام یوٹیوب پر دیکھ کر سیکھا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نیوریا علاقے کے ٹانڈا گاؤں میں این آئی اے کی ٹیم نے اسیم سرکار نام کے نوجوان کے پاس سے دولاکھ کے جعلی نوٹ برآمد کیے تھے۔ اسیم سرکار کی این آئی اے کو کافی عرصے سے تلاش تھی۔

09 Feb 2020, 6:12 PM

علی گڑھ میں ٹینکر نے تین گاڑیوں کو ٹکر مار دی، دو بچے ہلاک، 13 زخمی

علی گڑھ: اترپردیش میں علی گڑھ ضلع کے گبھانہ علاقے میں تیز رفتار ٹینکر نے سڑک کنارے کھڑی باراتیوں کی تین گاڑیوں کو ٹکر ماردی جس سے دو بچوں کی موت ہوگئی اور دیگر 13 زخمی ہوگئے۔ پولس ذرائع نے یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار دوپہر تقریباً دوبجے بارات کی اسکارپیو کار اور ایک بائک سڑک کنارے کھڑی تھی۔ اس دوران تیز رفتار تیل ٹینکر نے ان گاڑیوں کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں13 سالہ ارمان اور دس سالہ مصطفی کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی 13 لوگوں کو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت سنگین ہے۔ پولس نے ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔


09 Feb 2020, 5:16 PM

اڈیشہ میں بارتیوں سے بھری بس پر گرا بجلی کا تار، 6 کی موت، 40 زخمی

اڈیشہ کے ضلع گنجام میں ایک بس کے بجلی کے تار کی زد میں آنے سے 6 افراد کی موت ہوگئی۔ بس میں باراتی سوار تھے۔ بس میں سوار 40 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ایم کے سی جی میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔

09 Feb 2020, 4:24 PM

کورونا وائرس کے 9452 مشتبہ افراد کی نگرانی

نئی دہلی: ملک کی 32ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے 9452مشتبہ افراد کی نگرانی کی جارہی ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت ریاستوں کے ساتھ ملکر ترجیحی بنیادپر سبھی احتیاطی اقدامات کر رہی ہے۔

سبھی ریاست بیماری کی روک تھام کے لیے بندوبست کو بہتر بنارہی ہیں ۔کورونا وائرس کےمشتبہ لوگوں کے 1510نمونوں کی جانچ کی گئی ہے جن میں سے 1507میں وائرس کی موجودگی نہیں ہے ۔کیرالہ کے تین نمونوں میں وائرس کی علامات پائی گئی تھیں۔

چین ،ہانگ کانگ ،سنگاپور اور تھائی لینڈ سے آنے والے سبھی طیاروں کی جانچ کی جارہی ہے ۔ملک کے سرحدی علاقوں کے ساتھ 21 بین الاقوامی ایئرپورٹس اور بین الاقوامی بندرگاہوں پر مسافروں کی صحت کی جانچ کی جارہی ہے ۔اب تک ایک لاکھ 97ہزار سے زیادہ مسافروں کی جانچ کی گئی ہے۔


09 Feb 2020, 3:30 PM

شاہین باغ مظاہرین نے جنازہ لے جانے کے لئے راستہ دیا

دہلی کے شاہین باغ میں سی اے اے کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں نے جنازے کے جلوس کو لے جانے کے لئے راستہ دیا ہے۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک خاتون نے کہا کہ ہم دوسروں کا احترام کرتے ہیں اور شو یاترا (جنازے کے جلوس) کے لئے راستہ دے کر ہم نے کوئی خاص کام نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسکول بسوں اور ایمبولینسوں کو بھی راستہ دیتے ہیں۔

09 Feb 2020, 2:35 PM

کیجریوال جیتے تو یہ ترقی کے ایجنڈے کی جیت ہوگی، ادھیر رنجن

کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے کہا، ’’ہم نے پوری طاقت کے ساتھ دہلی اسمبلی انتخابات لڑے۔ اس انتخاب میں بی جے پی نے تمام فرقہ وارانہ ایجنڈوں کو آگے بڑھایا اور اروند کیجریوال نے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھایا۔ اگر کیجریوال جیت جاتے ہیں تو یہ ترقیاتی ایجنڈے کی جیت ہوگی۔


09 Feb 2020, 1:50 PM

15 جنوری کے بعد چین گئے غیر ملکیوں کو ہندوستان آنے کی اجازت نہیں

سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے کہا ہے کہ 15 جنوری یا اس کے بعد چین جانے والے غیر ملکیوں کو ہندوستان آنے کی اجازت نہیں ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل کی طرف سے یہ ہدایت چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 800 سے زہادہ ہلاکتوں کے بعد جاری کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */