’سارے جہاں سے اچھا‘ گاتے ہوئے پرانی دہلی کی خواتین نے کیا شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

08 Jan 2020, 8:10 PM

پرانی دہلی کی خواتین نے شہریت قانون کے خلاف نکالا مارچ

پرانی دہلی کی خوایتن نے شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف آج ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور پرامن انداز میں ایک مارچ نکالا جو کہ پرانی دہلی واقع ہمدرد دواخانہ اور چاؤڑی بازار ہوتے ہوئے جامع مسجد تک پہنچا۔ اس مارچ میں خواتین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا جب کہ سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیو میں کچھ مرد حضرات بھی اس بھیڑ کا حصہ نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں کچھ خواتین اپنے ہاتھوں میں بینر لیے اور کچھ موم بتی روشن کیے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایک ویڈیو میں خواتین ’سارے جہاں سے اچھا‘ نغمہ گاتی ہوئی جامع مسجد کی طرف بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔

08 Jan 2020, 7:11 PM

جے این یو تشدد: کانگریس نے یونیورسٹی وائس چانسلر کے استعفیٰ کا کیا مطالبہ

جے این یو میں 5 جنوری کو ہوئے تشدد کے لیے کانگریس نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے وائس چانسلر جگدیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں یونیورسٹی چھوڑ دینا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’جے این یو کے وائس چانسلر چاہتے ہیں کہ طالب علم ماضی کو پیچھے چھوڑ دیں۔ انھیں اپنی صلاح ماننی چاہیے۔ وہ ماضی ہیں اور انھیں جے این یو چھوڑ دینا چاہیے۔‘‘

08 Jan 2020, 6:02 PM

مہاراشٹر: گڈکری اور فڑنویس کے قلعے پر کانگریس نے لہرایا فتح کا پرچم

بی جے پی اور آر ایس ایس کا قلعہ کہے جانے والے ناگپور میں بی جے پی کو کانگریس نے زبردست جھٹکا دیا ہے۔ ضلع پریشد الیکشن میں بی جے پی کو پٹخنی دے کر کانگریس نے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، مرکزی وزیر نتن گڈکری اور سابق وزیر چندرشیکھر باونکلے کا آبائی علاقہ ناگپور ہی ہے۔ یہاں بی جے پی کی ہوئی شکست تینوں بڑے لیڈروں کے لیے زبردست جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔


08 Jan 2020, 5:11 PM

وکیل کے قتل کے بعد پرینکا گاندھی نے پوچھا سوال ’کیا یو پی پوری طرح جرائم پیشوں کے ہاتھ میں ہے؟‘

لکھنو میں وکیل کے قتل پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’سوراؤں کے وجے شنکر تیواری اور شاملی کے اجے پاٹھک کے قتل کے بعد اب لکھنؤ میں وکیل ششر ترپاٹھی کا بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ کیا ریاست پوری طرح سے جرائم پیشوں کے ہاتھ میں ہے؟ بی جے پی حکومت قانون نظام کے بارے میں پوری طرح فیل ہے۔ میں ان سبھی خاندانوں کی انصاف کی لڑائی میں ان کے ساتھ کھڑی ہوں۔‘‘

08 Jan 2020, 4:11 PM

اتر پردیش: عصمت دری متاثرہ لاء طالبہ نے کی خودکشی

اتر پردیش میں عصمت دری کے بڑھتے واقعات کے درمیان ایک عصمت دری متاثرہ طالبہ نے منگل کے روز خودکشی کر لی۔ ایل ایل پی کی پڑھائی کر رہی اس طالبہ کی لاش اس کے کمرے میں پھندے سے لٹکتی ہوئی ملی۔ طالبہ کی ماں نے الزام عائد کیا ہے کہ پہلے تو دبنگ ملزمین کی گرفتاری نہیں ہوئی اور بعد میں بیٹی پر صلح کا دباؤ بنایا گیا تھا جس کی وجہ سے اس نے اپنی جان دے دی۔ اس سلسلے میں مہلوکہ کی ماں نے پولس کو تحریر بھی دی ہے اور عصمت دری ملزمین پر مظالم کا الزام عائد کیا ہے۔


08 Jan 2020, 3:11 PM

حادثہ زدہ یوکرین طیارہ میں 82 ایرانی اور 63 کناڈائی شہری تھے سوار

یوکرین کے ایک وزیر کے حوالے سے خبر رساں ادارہ اے ایف پی نے یہ جانکاری دی ہے کہ یوکرین کا جو طیارہ حادثہ کا شکار ہوا ہے اس میں ایران کے 82 اور کناڈا 63 شہری سوار تھے۔ واضح رہے کہ یہ طیارہ ایران واقع ہوائی ادہ سے پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی حادثہ کا شکار ہو گیا۔

08 Jan 2020, 2:10 PM

امریکہ کے ’منھ پر طمانچہ‘ رسید کر دیا گیا: آیت اللہ خامنہ ای

عراق واقع امریکی ائیر بیس پر میزائل سے حملہ کیے جانے کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بیان دیا ہے کہ یہ امریکہ کے منھ پر طمانچہ ہے اور جو کچھ اس نے کیا ہے اس کا بدلہ ہے۔

عراق میں امریکی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کے بعد ایران نے یہ بھی کہا ہے کہ آپ جنرل سلیمانی کا ہاتھ کاٹیں گے اور ہم آپ کو اکھاڑ پھینکیں گے۔ ہم اس پورے علاقے سے امریکہ کے پاؤں اکھاڑ دیں گے۔


08 Jan 2020, 1:33 PM

ایران کی طرف سے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی برطانیہ نے مذمت کی

برطانیہ سیکرٹری خارجہ ڈامینیک ریب نے کہا کہ ’’ہم اتحاد کی میزبانی کرنے والے عراقی فوجی اڈوں پر اس حملے کی مذمت کرتے ہیں، ہم ایران سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ دوبارہ ایسے حملے نے کریں‘‘۔

08 Jan 2020, 1:23 PM

بھارت بند، دہلی میں لیفٹ کا احتجاج، ورندا کرات مظاہرہ میں ہوئیں شامل

10 ٹریڈ یونینوں نے مرکزی حکومت کی مزدور مخالف پالیسیوں کے خلاف آج بھارت بند کا اعلان کیا، دہلی میں بھی احتجاج کیا جا رہا ہے، سی پی آئی ایم لیڈر برندا کرات سمیت کئی لیڈر اس احتجاج میں شامل ہوئے ہیں۔


08 Jan 2020, 1:09 PM

مرکزی حکومت نے عراق نہ جانے کا دیا مشورہ

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے خلیجی ممالک جانے والے مسافروں کے لئے سفری ہدایت نامہ جاری کرکے کہا ہے کہ وہ عراق کا غیر ضروری سفر نہ کریں۔ عراق میں گزشتہ دنوں رونما ہوئے واقعات کے پیش نظر وزارت خارجہ نے آج یہاں یہ ایڈوائزری جاری کی ۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عراق کی موجودہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آئندہ اطلاعات تک عراق کے اپنے غیر ضروری سفر کو ٹال دیں۔ عراق میں رہ رہے ہندوستانیوں کو بھی محتاط رہنے اور ملک میں کہیں آنے جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

حکومت نے کہا کہ بغداد میں واقع ہندوستانی سفارت خانے اور اربیل میں قونصل خانے حسب معمول کام کر رہے ہیں اور ہندوستانی شہریوں کو ہر ممکن امداد فراہم کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ جمعہ کو ایرانی فوج کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کے عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی حملے میں مارے جانے کے بعد تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ سلیمانی کی ہلاکت کے انتقام میں منگل کی شب ایران نے عراق میں واقع امریکی اور اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کرنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ کا خدشہ بڑھ ہو گیا۔

08 Jan 2020, 12:15 PM

ایران نے امریکہ کے اتحادی خلیجی ممالک کو انتباہ دیا

تہران: ایران نے بدھ کے روز امریکہ کے اتحادی خلیجی ممالک کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی دی ۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی القدس فورس ( آئی آر جی ایس ) نے کہا ہے کہ عراق میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر کیا گیا حملہ جمعہ کے روز جنرل قاسم سلیمانی سمیت کئی لوگوں کی موت کے جواب میں کیا گیا ہے۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی آئی آر این اے پر جاری کئے گئے ایک بیان میں آئی آر جی ایس نے کہا’’ ہم امریکہ کے ان سارے ساتھیوں کو انتباہ دینا چاہتے ہیں جنہوں نے اس کی ’دہشت گرد‘ فوج کو اپنی زمین استعمال کرنے دی ہے۔ ایسی کسی بھی جگہ سے (خلیجی ممالک) جہاں سے ایران کے خلاف کارروائی ہوتی ہے، اس کو نشانہ بنایا جائے گا۔


08 Jan 2020, 11:03 AM

تہران ایئر پورٹ پر یوکرین کا طیارہ حادثہ کا شکار، 176 افراد ہلاک

تہران: ایران کے تہران میں یوکرائن کا ایک طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، حاصل معلومات کے مطابق یوکرائن کے طیارہ بوئنگ -737 میں عملہ سمیت کل 176 لوگ سوار تھے جن کی اس حادثے میں موت ہو گئی ہے، ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک انکوائری ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کی گئی ہے۔

08 Jan 2020, 9:38 AM

تہران ایئر پورٹ پر یوکرین کا بوئنگ -737 طیارہ حادثہ کا شکار، 180 مسافر سوار تھے

ایران کے تہران واقع امام خمینی ایئرپورٹ پر ایک بوئنگ -737 طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا، ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق طیارہ یوکرائن کا تھا، تیکنیکی خامیوں کی وجہ سے پرواز کے ٹھیک بعد طیارہ گر گیا، اس میں 180 مسافر سوار تھے۔


08 Jan 2020, 9:17 AM

سلیمانی کے آخری سفر میں بھَگدڑ مچنے سے ہلاکتوں کی تعد اد 56 پہنچی

تہران: امریکی ڈرون راکٹ حملے میں گزشتہ ہفتے ہلاک ہوئے ایران کے اسلامی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سیلمانی کے كرمان میں آخری سفر کے دوران بھَگدڑ مچنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 56 ہو گئی، جبکہ زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 213 ہو گئی ہے۔ ایرانی ایمرجنسی سینٹر کے سربراہ نے اس کی اطلاع دی۔ اس سے پہلے مہلوکین کی تعداد 40 اور زخمیوں کی تعداد 190 بتائی گئی تھی۔ سلیمانی کے آخری سفر میں لاکھوں لوگ شامل تھے۔ تہران میں 10 لاکھ لوگ اپنے لیڈر کو آخری وداعی دینے کے لئے جمع ہوئے تھے۔ جنرل سلیمانی کے آبائی شہر كرمان کی سڑکوں پر منگل کی صبح ہی لاکھوں لوگ اپنے بہادر افسر کو آخری وداعی دینے آئے تھے۔ اس درمیان کچھ ویڈیو فوٹیج میں اس بھَگدڑ میں ہلاک شدگان فرش پر پڑے نظر آ رہے ہیں اور ان کی لاشیں کپڑوں سے ڈھکی ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔