اہم خبر: انصاف تو ہوا لیکن طریقہ ناانصافی والا ہے، حیدرآباد انکاؤنٹر پر نواب ملک کا بیان

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

06 Dec 2019, 6:40 PM

انصاف تو ہوا لیکن طریقہ ناانصافی کا ہے: نواب ملک

ممبئی: حیدرآباد میں ’مویشی ڈاکٹر‘ کی اجتماعی عصمت دری، قتل اور نذرِآتش کرنے کے ملزمین کی مبینہ پولس انکاونٹر میں ہوئی موت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے راشٹروادی کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی ترجمان نواب ملک نے کہا ہے کہ انصاف تو ہوا مگر طریقہ کار ناانصافی والا اختیار کیا گیا۔

میڈیا کے لئے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالتی طریقہ کار کو مکمل کرتے ہوئے ملزمین کو اگر پھانسی دی گئی ہوتی تو لوگوں کے دلوں میں خوف پیدا ہوا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کرنے کا یہ طریقہ غلط ہے اور ناانصافی کا طریقہ استعمال کرتے ہوئے انصاف دیا جانا مناسب نہیں ہے۔

06 Dec 2019, 5:11 PM

حیدر آباد جیسے انکاؤنٹرس کو قانونی شکل دی جانی چاہیے: لاکٹ چٹرجی

حیدر آباد انکاؤنٹر کے بعد پورے ملک میں ایک زبردست بحث شروع ہو گئی ہے۔ کچھ لوگ اس انکاؤنٹر کو صحیح قرار دے رہے ہیں تو کچھ لوگ پولس کی کارروائی پر سوال بھی اٹھا رہے ہیں۔ مغربی بنگال سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ لاکٹ چٹرجی نے اس انکاؤنٹر کو درست ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے انکاؤنٹرس کو قانونی شکل دی جانی چاہیے۔

06 Dec 2019, 4:15 PM

حیدرآباد انکاؤنٹر: مہلوکین کی لاشوں کا ہوا پوسٹ مارٹم

حیدرآباد: اجتماعی عصمت دری اور قتل واقعہ کے ملزمین کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد اُن کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم حیدرآباد کے گاندھی اسپتال میں کیا گیا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جانے سے قبل انکاؤنٹر کی جگہ پر ہلاک ملزمین کے خاندان والوں کو لایا گیا جہاں عوام کی بڑی تعداد پہلے سے ہی جمع تھی۔ انکاؤنٹر کے مقام پر عوام نے پولس پر پھولوں کی بارش بھی کی۔ خواتین کی بیشتر تنظیمیں بھی وہاں پہنچیں جنہوں نے مقتولہ کو خراج پیش کیا۔


06 Dec 2019, 3:21 PM

حیدر آباد انکاؤنٹر: ملزمین کی لاش اب بھی جائے وقوع پر موجود، ہاتھ میں ہے پستول

حیدر آباد پولس نے اس جگہ کی تصویر جاری کی ہے جہاں انکاؤنٹر میں عصمت دری و قتل واقعہ کے چاروں ملزمین کو مارا گیا۔ جائے وقوع پر اب بھی لاش موجود ہے اور جلد ہی ان لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا جائے گا۔ اس وقت جائے وقوع پر فورنسک ٹیم کے ذریعہ جانچ کی کارروائی چل رہی ہے۔ کچھ ایسی تصویریں بھی سامنے آئی ہیں جس میں ملزم کے ہاتھ میں پستول ہے۔

06 Dec 2019, 2:14 PM

اس بات کی جانچ ہونی چاہیے کہ کیا حیدر آباد انکاؤنٹر ’حقیقی انکاؤنٹر‘ تھا: پی چدمبرم

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سینئر وکیل پی چدمبرم نے حیدر آباد انکاؤنٹر پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے معلوم نہیں کہ حیدر آباد میں واقعی میں کیا کچھ ہوا ہے۔ ایک ذمہ دار انسان کے طور پر میں کہوں گا کہ اس بات کی جانچ ہونی چاہیے کہ حیدر آباد انکاؤنٹر کیا حقیقی معنی میں ایک انکاؤنٹر تھا۔ اس کا پتہ لگانا چاہیے کہ کیا سچ میں ملزمین فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے یا کوئی دوسری بات ہے۔‘‘


06 Dec 2019, 2:00 PM

ہیلی کاپٹر حادثے میں امریکی نیشنل گارڈ کے 3 اہلکار ہلاک

واشنگٹن: امریکہ کی مینیسوٹا ریاست کے سینٹ کلاؤڈ شہر میں ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے کا شکار ہونے کے سبب امریکی نیشنل گارڈ کے تین اہلکار ہلاک ہو گئے۔ امریکی فوجی افسروں نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ مینیسوٹا نیشنل گارڈ نے ٹویٹ کر کے بتایا کہ اس کا جمعرات کی دوپہر يوایچ -60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے ساتھ رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔ اس وقت اس ہیلی کاپٹر نے سینٹ کلاؤڈ میں مینٹیننس ٹیسٹ کے لئے پرواز بھری تھی۔ ایک مزیدٹویٹ میں مینیسوٹا نیشنل گارڈ نے حادثے میں تین فوجی اہلکار وں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ افسروں نے کہا ہیلی کاپٹر کے حادثے کا شکار ہونے کے وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔

(یو این آئی)

06 Dec 2019, 1:01 PM

وحشیوں کو ان کے گناہ کی سزا ملی... شیوراج

بھوپال: تلنگانہ میں ایک لڑکی کی آبروریزی اور قتل معاملے کے سبھی چاروں ملزمان کو آج پولس تصادم میں ہلاک کرنے کے واقعہ پر بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ’’جو جس کین تو تس پھل چاكھو‘۔ مسٹر چوہان نے اپنے ٹوئٹس میں کہا کہ حیدر آباد میں وحشیوں کو ان کے گناہ کی سزا ملی۔ پورے ملک کو بڑا سکون ملا۔ وحشیوں کے ساتھ یہی سلوک ہونا چاہئے۔‘‘ شیوراج چوہان نے اپنا ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’’اس تصادم کے بعد پورے ملک نے چین کی سانس لی ہے۔‘‘ شیوراج چوہان کا کہنا ہے کہ تصادم پر سوال اٹھانے والوں کو بیٹی کے ساتھ پیش آئے واقعہ کے بارے میں پہلے سوچنا چاہئے۔


06 Dec 2019, 12:45 PM

اناؤ واقعہ پر کانگریس کا احتجاجاً لوک سبھا سے واک آؤٹ

اتر پردیش کے اناؤ میں عصمت دری متاثرہ کو نذرِ آتش کیے جانے کا معاملہ آج پھر لوک سبھا میں ہنگامہ کا سبب بنا۔ اس واقعہ کے خلاف کانگریس اراکین پارلیمنٹ نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ اناؤ عصمت دری متاثر کے ملزمین نے گاؤں کے باہر اسے زندہ جلا دیا تھا۔ فی الحال اس کا علاج صفدر جنگ اسپتال میں چل رہا ہے جہاں اس کی حالت انتہائی سنگین بنی ہوئی ہے۔

06 Dec 2019, 12:01 PM

حیدر آباد انکاؤنٹر پر بی جے پی لیڈر مینکا گاندھی کا بڑا بیان، کہا ’جو ہوا بہت بھیانک ہے‘

بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر مینکا گاندھی نے حیدر آباد انکاؤنٹر کی خبر سننے کے بعد پولس محکمہ پر انگلی اٹھائی ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’جو ہوا ہے بہت بھیانک ہوا ہے۔ ملک کے لیے یہ ٹھیک نہیں۔ آپ قانون کو اپنے ہاتھوں میں نہیں لے سکتے۔ عدالت کے ذریعہ آخر میں ان سبھی (ملزمین) کو پھانسی کی سزا ملنے ہی والی تھی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر آپ قانون اور ضابطوں پر عمل کیے بغیر ملزمین کو گولی مارنے کے لیے جاتے ہیں، تو پھر عدالت، قانون اور پولس کا کیا مطلب ہے؟‘‘


06 Dec 2019, 11:11 AM

حیدر آباد پولس انکاونٹر پر ملزمین کی ماؤں نے کیا شبہات کا اظہار

حیدر آباد: شہر حیدرآباد کے سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں 26 سالہ ویٹنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت دری کے بعد اس کے قتل اور لاش کو جلا دینے کی واردات میں ملوث تمام چار ملزمین انکاونٹر میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان کی ہلاکت پر ملزمین کے خاندان والوں نے شبہات کا اظہار کیا ہے۔ ملزم عارف اور چنا کیشولو کی ماں نے کہا کہ ان کے بیٹوں سے ناانصافی کی گئی۔ یہ دونوں مائیں انکاؤنٹر میں ان کے بیٹوں کی ہلاکت کی اطلاع پر غمزدہ ہو گئیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو رواں ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے ان کو سزا دی جانی چاہئے تھی۔ تاہم پولس نے ناانصافی کرتے ہوئے ان کو ہلاک کیا ہے۔ انہوں نے اس انکاؤنٹر کو غلط اور غیر منصفانہ قرار دیا۔

(یو این آئی)

06 Dec 2019, 10:50 AM

حیدر آباد پولس کے انکاؤنٹر سے خوش لوگوں نے پولس گاڑیوں پر برسائے پھول

حیدر آباد پولس کی گاڑیوں پر لوگوں کے ذریعہ پھول برسائے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ عوام میں اس بات کو لے کر خوشی ہے کہ خاتون ویٹنری ڈاکٹر کی عصمت دری اور جلا کر اسے ہلاک کرنے والے چاروں ملزمین کو پولس نے انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا۔


06 Dec 2019, 10:12 AM

حیدر آباد پولس نے بہترین کام کیا، آپ کو سلام: سائنا نہوال

حیدر آباد پولس کے ذریعہ ویٹنری ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے ملزمین کو انکاؤنٹر میں ہلاک کیے جانے کے بعد کچھ لوگوں میں بہت خوشی دیکھنے کو مل رہی ہے تو کچھ لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ انھیں قانون کے مطابق سزا ملتی تو زیادہ بہتر ہوتا۔ حیدر آباد پولس کے ذریعہ انکاؤنٹر کی خبر ملنے کے بعد بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹر پر حیدر آباد پولس کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے ’’حیدر آباد پولس نے بہترین کام کیا... ہم آپ کو سلام کرتے ہیں۔‘‘

06 Dec 2019, 9:59 AM

حیدر آباد عصمت دری واقعہ کے ملزمین کی موت کے بعد ’نربھیا‘ کی ماں نے ظاہر کی خوشی

حیدر آباد پولس کے ذریعہ ویٹنری ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے چاروں ملزمین کو انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس خبر کو سننے کے بعد ’نربھیا‘ کی ماں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں بہت خوش ہوں، انصاف مل گیا۔‘‘


06 Dec 2019, 9:37 AM

یو پی اور دہلی پولس کو حیدر آباد پولس کے انکاؤنٹر سے سبق سیکھنا چاہیے: مایاوتی

حیدر آباد پولس کے ذریعہ انکاؤنٹر میں ویٹنری ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے چاروں ملزمین کو ہلاک کیے جانے کے بعد بی ایس پی سربراہ مایاوتی کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’خواتین کے خلاف اتر پردیش میں لگاتار جرائم ہو رہے ہیں، لیکن ریاستی حکومت اور پولس انتظامیہ سو رہی ہے۔ اتر پردیش پولس اور دہلی پولس دونوں کو حیدر آباد پولس سے سبق سیکھنا چاہیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بدقسمتی سے اتر پردیش میں جرائم پیشوں کے ساتھ ریاستی مہمان کی طرح سلوک کیا جاتا ہے، اتر پردیش میں اس وقت جنگل راج ہے۔‘‘

06 Dec 2019, 9:18 AM

حیدر آباد انکاؤنٹر: عصمت دری اور قتل کی شکار لڑکی کے والد کا بیان ’بیٹی کی روح کو اب سکون ملا‘

حیدر آباد میں خاتون ویٹنری ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل معاملے میں چاروں ملزمین کو آج حیدر آباد پولس نے صبح ایک تصادم کے دوران ہلاک کر دیا۔ اس واقعہ کے بعد متاثرہ خاتون ڈاکٹر کے والد کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میری بیٹی کو مرے ہوئے دس دن گزر چکے ہیں۔ میں پولس اور حکومت کا شکار گزار ہوں کہ انھوں نے صحیح قدم اٹھایا۔ میری بیٹی کی روح کو اب سکون ملا۔‘‘


06 Dec 2019, 8:17 AM

حیدر آباد عصمت دری اور قتل کے چاروں ملزمین پولس انکاونٹر میں ہلاک

حیدر آباد عصمت دری اور قتل معاملے کے ملزمین کی پولس تصادم میں موت ہو گئی ہے۔ اس انکاؤنٹر کے بعد پولس کے سینئر افسران جائے واقعہ پر پہنچے۔ تلنگانہ میں خاتون ویٹنری ڈاکٹر کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے سبھی چار ملزمین پولس کے ساتھ تصادم میں مارے گئے۔ پولس ملزمین کو جرائم کی جگہ پر لے گئی تھی، اسی دوران ملزمین نے بھاگنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد ان پر گولی چلائی گئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پولس چاروں ملزمین کو کرائم سین سمجھنے کے لیے نیشنل ہائی وے 44 لے کر گئی تھی جہاں انھوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ یہ دیکھ کر پولس نے انھیں انکاونٹر میں ہلاک کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔