اہم خبریں: کانگریس پر افواہ پھیلانے کا الزام بے بنیاد، شوبھا اوجھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

26 Dec 2019, 6:23 PM

سی اے اے اور این آر سی کے سلسلے میں کانگریس پر افواہ پھیلانے کا الزام بے بنیاد: اوجھا

بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس کی میڈیا سیل کی صدرشوبھا اوجھا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کے ذریعہ شہریت ترمیمی قانون (سي اےاے) اور قومی شہریت رجسٹر (این آر سی ) کے سلسلے میں کانگریس پر افواہ پھیلانے کےالزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

اوجھا نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ این آر سی اور سي اےاے کے معاملے پر بیک فٹ پر آ چکے بی جے پی کے لیڈر کہہ رہے ہیں کہ کانگریس اس سلسلے میں افواہ پھیلانے کا کام کر رہی ہے جبکہ بی جے پی اس معاملے پر عوام کو بیدارکرنا چاہتی ہے۔ شاید بی جے پی لیڈر اس زمینی حقیقت کو سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے اس سیاہ قوانین کے خلاف، عوام پہلے ہی بے دار ہوچکے ہیں۔

کانگریس کی لیڈر شوبھا اوجھا نے کہا کہ ملک کے دیگر ریاست جب اس معاملے پر تشدد کا شکار ہو گئے لیکن مدھیہ پردیش میں امن برقرار ہے ۔بی جے پی لیڈروں کو اس حقیقت کو تسلیم کر لینا چاہئے کہ ایسے سیاہ قوانین کو ملک بھر میں زبردست اختلاف کے بعد بھی لاگو کرنے کا فیصلہ اورملک کو غیر مستحکم کرنے کا کام بی جے پی کی مرکزی حکومت نے کیا ہے۔

26 Dec 2019, 4:20 PM

پولیس کی گاڑی حادثہ کا شکار، دس پولیس اہلکار زخمی

كھرگون: مدھیہ پردیش کے كھرگون ضلع کے گوگاواں تھانہ علاقہ میں آج پولیس فورس کو لے جا رہی ایک وجرواہن گاڑی کا کیبن چیسس سے الگ ہو جانے کی وجہ سے اس میں سوار دس پولیس اہلکارزخمی ہو گئے۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس ششكات كنكنے نے بتایا کہ گوگاواں تھانے کے تحت اندرا ساگر نہر کی پل کے قریب كنڈيا پھاٹے کے تیکھے موڑ پر وجرواہن کے چیسس کی ویلڈنگ اکھڑ جانے سے ان کے باڈی (کیبن جہاں پولیس اہلکار بیٹھتے ہیں) الگ ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے سبب باڈی (کیبن) چیسس سے الگ ہو کر دور جا گری اور کیبن میں رکھی چیزیں پولیس جوانوں پر گر گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ دو جوانوں کو مزید چوٹ لگی ہے، جبکہ آٹھ دیگر عام طور پر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

26 Dec 2019, 3:11 PM

ڈاکٹر مسعود احمد دوبارہ بنے آر ایل ڈی کے ریاستی صدر

لکھنؤ: راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) کے تنظیمی انتخاب میں ڈاکٹر مسعود احمد کو ایک بار پھر ریاستی صدر منتخب کیا گیا ہے۔ پارٹی میڈیا انچارج جاوید احمد نے جمعرات کو معلومات دی۔

انہوں نے بتایا کہ انتخاب میں دس ریجنل صدور کے انتخاب کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ یش ویر سنگھ کو ہستنا پور، پروین سنگھ دیش وال کو روہیل کھنڈ، پردیپ چودھری کو برج، رام سجیون پٹیل کو الہ آباد، رامیش سنگھ سینتھر کو سنت کبیر نگر، ویریندر ساکشی کو بندیل کھنڈ، منجیت سنگھ کو ترائی، نریندر یاد و کو کانپور اور جتیندر سنگھ کو اودھ خطے کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔


26 Dec 2019, 1:28 PM

گوہاٹی میں سماجی کارکن اکھل گگوئی کی رہائش گاہ پر این آئی اے کا چھاپہ

این آئی اے نے گوہاٹی میں سماجی کارکن اکھل گوگوئی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ہے، شہریت ترمیم ایکٹ کی مخالفت کو دبانے کے لئے انہیں آسام پولیس نے 12 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔

26 Dec 2019, 1:00 PM

دہلی کے کرشنا نگر علاقہ میں آتشزدگی، 40 افراد کو بچا لیا گیا

نئی دہلی: مشرقی دہلی کے کرشنا نگر علاقے میں جمعرات کی صبح ایک چار منزلہ عمارت میں آگ لگنے کے بعد 40 افراد کو بچا لیا گیا۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے ذرائع کے مطابق علی الصبح دو بجکر آٹھ منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ آگ ردی کی ایک دکان میں لگی تھی۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں کو فوری طور موقع پر روانہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عمارت سے 40 افراد کو محفوظ نکالا گیا ہے۔


26 Dec 2019, 12:12 PM

مندر کی زمین کے تنازعہ میں پجاری کی موت اور بیوی شدید طور پر زخمی

شیوپور: مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپور کے دیہات تھانہ علاقے کے رام گانوڑی گاؤں میں ایک مندر کی زمین کے سلسلے میں طویل عرصےسے چل رہے جھگڑے کے پیش نظر ایک پجاری کی موت ہوگئی اور اس کی بیوی شدید طورپر زخمی ہوگئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق گاؤں کے رام جانکی مندر کی 135 بیگھہ زمین کے مالکانہ حق کے سلسلے میں سریش چند شرما اور شمبھو دیال بیراگی کے درمیان عدالت میں کیس چل رہا تھا۔ اس سلسلے میں کل مندر میں مقیم شمبھو اور اس کی بیوی ارمیلا کے سامنے سریش چند شرما کے بیٹے مہاویر، آنند، دنیش، انل، بیٹی کرن اور داماد امت پوجا کرنے پہنچ گئے، جہاں پوجا کرنے سے روکنے پر شمبھو دیال اور ارمیلا کی ان لوگوں نے پٹائی کردی۔ نازک حالت میں دونوں کو ضلع اسپتال لایا گیا۔ جہاں سے راجستھان کے کوٹہ ریفر کیا گیا۔ لیکن وہاں شمبھو کی موت ہوگئی۔

26 Dec 2019, 11:58 AM

آر ایس ایس کا وزیر اعظم ’بھارت ماتا‘ سے جھوٹ بولتا ہے: راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے این آر سی اور ڈیٹینشن سینٹر کو لے کر پی ایم مودی پر نشانہ لگایا ہے، انہوں نے ٹوئٹ کر کہا، ’’آر ایس ایس کا وزیر اعظم ’بھارت ماتا‘ سے جھوٹ بولتا ہے‘‘ـ

دراصل دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا تھا کہ ملک میں کوئی بھی ڈیٹینشن سینٹر نہیں ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کچھ لوگ ڈیٹینشن سینٹر کو لے کر ملک میں جھوٹ پھیلا رہے ہیں، ریلی کے بعد ڈیٹینشن سینٹر کو لے کر پی ایم مودی پر جھوٹ بولنے کے الزام لگے تھے، وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں خود آسام میں بنے ڈیٹینشن سینٹر کو لے کر معلومات دی تھی، راہل گاندھی نے اسی معاملے پر پی ایم مودی پر نشانہ لگایا ہے اور انہوں نے نریندر مودی کو ’آر ایس ایس کا وزیر اعظم‘ اپنے ٹوئٹ میں بتایا ہے۔


26 Dec 2019, 11:14 AM

این آر سی کا کام صرف روکا ہے، مظاہرہ رکتے ہی پھرشروع ہو جائے گا... پرشانت کشور

این ڈی اے کی اتحادی پارٹی جے ڈی یو کی جانب سے ایک بار پھر این آر سی کو لے کر بڑا بیان آیا ہے، جے ڈی یو کے نائب صدر پرشانت کشور نے کہا کہ مودی حکومت نے این آر سی کا کام فی الحال روکا ہے، احتجاجی مظاہرہ رکتے ہی دوبارہ یہ شروع ہو جائے گا۔

26 Dec 2019, 10:16 AM

چندرشیکھر راؤ سے ملے اویسی، این پی آر پر کام روکنے کی اپیل

حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد مسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ سے قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) پر فوری طور پر کام بند کرنے کی اپیل کی ہے جیسا کہ کیرالہ حکومت نے کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔