اہم خبر: شاہین باغ میں ہوئی پولس کارروائی، لیکن اب سب ٹھیک!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

24 Jan 2020, 5:32 PM

’شاہین باغ‘ میں پولس نے لنگر کی جگہ کو اجاڑ دیا، لیکن لوگوں نے پھر سب ٹھیک کر دیا

اتر پردیش کے مشہور ڈاکٹر کفیل خان نے شاہین باغ مظاہرہ میں ہوئی پولس کارروائی کے تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے اس ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’افواہوں پر دھیان نہ دیں، پولس نے شاہین باغ سے ٹینٹ اور لنگر ہٹوایا تھا، لیکن لوگوں نے پھر لگا دیا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’نہ جھکیں گے، نہ ٹوٹیں گے۔ لوگوں کی زبردست مخالفت کے بعد پولس نے حراست میں لیے گئے لوگوں کو چھوڑ دیا ہے۔‘‘

24 Jan 2020, 4:31 PM

سابق اے ایم یو طلبا یونین صدر فیض الحسن کے خلاف ایف آئی آر درج

علی گڑھ مسلم یونیورسٹے طلبا یونین (اے ایم یو ایس یو) کے سابق صدر فیض الحسن کے خلاف ایف آر درج ہوئی ہے۔ علی گڑھ کے ایس ایس پی آکاش کلہری نے کہا کہ ’’فیض الحسن کے ذریعہ دیے گئے متنازعہ بیانوں کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس پر نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف سیکشن 153(اے) کے تحت ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔

24 Jan 2020, 3:49 PM

کرکٹ; پہلے ٹی-20 میچ میں نیوزی لینڈ پر ہندوستان کی زبردست فتح، 6 وکٹ سے ملی کامیابی

ہندوستان نے اپنے نیوزی لینڈ دورہ کی شروعات فتح کے ساتھ کی ہے۔ 204 رن کا ہدف ہندوستان نے ایک اوور رہتے ہوئے حاصل کر لیا اور ابھی اس کے 6 وکٹ گرنے باقی تھے۔ سب سے زیادہ رن شریس ایر نے بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ انھوں نے محض 29 گیندوں پر 58 رن کی پاری کھیلی۔ دوسری طرف منیش پانڈے 12 گیند پر 14 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔


24 Jan 2020, 3:11 PM

کرکٹ: ہندوستان کی دھماکہ دار بلے باز، 10 اوور میں بنا ڈالے 115 رن

ہندوستان نے کے ایل راہل اور کپتان وراٹ کوہلی کی دھماکہ دار بلے بازی سے 10 اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر 115 رن بنا لیے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے دیے گئے 204 رن کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کے اسٹار بلے باز روہت شرما آج کچھ خاص نہیں کر سکے اور محض 7 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کے ایل راہل نے طوفانی نصف سنچری بنائی اور دسویں اوور کی آخری گیند پر 56 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے یہ رن محض 27 گیندوں پر بنائے۔ وراٹ کوہلی 10 اوور کے بعد 42 رن پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

24 Jan 2020, 2:09 PM

کرکٹ: پہلے ٹی-20 میچ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے سامنے جیت کے لیے رکھا 204 رن کا نشانہ

پہلے ٹی-20 کرکٹ میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مہمان ہندوستان کے سامنے 204 رن کا ہدف رکھا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے بہترین نصف سنچری مکمل کی اور وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس سے قبل سلامی بلے باز مارٹن گپٹل نے 30 رن اور منرو نے شاندار 59 رن کی اننگ کھیلی۔ کپتان ولیمسن نے بھی شاندار 51 رن بنائے۔ ٹیلر نے 54 رن کی پاری کیھیلی۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ کے علاوہ کسی نے بھی کفایتی گیندبازی نہیں کی۔ بمراہ نے اپنے 4 اوور میں 31 رن دیے اور ان کو ایک وکٹ حاصل ہوا۔ محمد شامی سب سے مہنگے ثابت ہوئے جنھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا اور 4 اوور میں انھوں نے 53 رن خرچ کیے۔


24 Jan 2020, 12:49 PM

اتر پردیش: گوتم بدھ نگر میں لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری، زخمی حالت میں داخلِ اسپتال

اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر میں ایک لڑکی کے ساتھ پانچ لوگوں نے اجتماعی عصمت دری کا واقعہ انجام دیا۔ نوئیڈا کے کیندریہ ودیالیہ سیکٹر 51 کے قریب یہ لڑکی زخمی حالت میں پائی گئی جس کے بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے 3 ملزمین کا نام بتا دیا ہے اور جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ فی الحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

24 Jan 2020, 12:13 PM

کرکٹ: پہلے ٹی-20 مقابلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان نے جیتا ٹاس

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی-20 میچ آکلینڈ کے ایڈن پارک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اس سے پہلے 11 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جس میں سے نیوزی لینڈ نے 8 میچ اپنے نام کیے ہیں اور ہندوستانی ٹیم صرف تین میچ جیت پائی ہے۔ وہیں میچ کو دیکھنے کے لیے اور ٹیم انڈیا کا حوصلہ بڑھانے کے لیے شیدائی پہنچنے لگے ہیں۔


24 Jan 2020, 11:10 AM

حیدر آباد: شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کے دوران ہنگامہ

حیدر آباد میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف جمعرات کی شب زبردست احتجاجی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ پولس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے پاس احتجاجی مظاہرہ کے لیے اجازت نہیں، لیکن وہ سب ایک جگہ جمع ہو گئے۔ پولس نے انھیں مظاہرہ سے روکا جس کے بعد موقع پر ایک ہنگامی حالت پیدا ہو گئی۔ مظاہرین نعرے بازی کرنے لگے جس کے بعد کچھ مظاہرین کو پولس نے حراست میں لے لیا۔ خبروں کے مطابق بعد میں انھیں چھوڑ دیا گیا۔

24 Jan 2020, 10:10 AM

کانگریس لیڈر حسیب اپنے آبا و اجداد کی قبر پر جا کر زار و قطار روئے، مانگا شہریت کا ثبوت

اتر پردیش کے الٰہ آباد (پریاگ راج) میں کانگریس لیڈر حیسب احمد گزشتہ 21 جنوری کو اپنے آبا و اجداد کی قبر پر گئے۔ وہاں پہنچ کر وہ زار و قطار روئے اور ہندوستانی شہریت سے متعلق ثبوت ان سے مانگے۔ اس موقع کی تصویر اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ دراصل حسیب احمد شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کر رہے ہیں اور اسی کے پیش نظر وہ اپنے آبا و اجداد کی قبر پر گئے اور روتے ہوئے شہریت کے ثبوت مانگ کر ایک طرح سے اپنا احتجاج درج کیا۔


24 Jan 2020, 9:01 AM

سی اے اے-این آر سی کے خلاف شرد پوار کا احتجاجی مظاہرہ آج

شہریت قانون-این آر سی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کا دور جاری ہے۔ آج ممبئی میں این سی پی سربراہ شرد پوار احتجاجی مظاہرہ کرنے والے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شرد پوار نے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا، کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے لیڈر پرکاش امبیڈکر کے ساتھ گیٹ وے آف انڈیا پر اسٹیج شیئر کیا اور گاندھی شانتی یاترا کو روانہ کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ شہریت قانون، این آرسی ملک کے سامنے موجود سنگین مسائل سے دھیان ہٹانے کی کوشش ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ شہریت قانون ملک کی مذہبی و سماجی اتحاد اور خیر سگالی کو بگاڑے گا اور اسے نقصان پہنچائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔