اہم خبر: عام آدی پارٹی کے دو رکن اسمبلی این سی پی میں شامل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

21 Jan 2020, 8:04 PM

عام آدی پارٹی کے دو رکن اسمبلی این سی پی میں شامل

نئی دہلی: شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے سات امیدوار میدان میں اتارے ہیں جس میں دہلی چھاؤنی سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن اسمبلی كمانڈو سریندر سنگھ اور گوكل پور سے چودھری فتح سنگھ بھی شامل ہیں۔

این سی پی کی جانب سے منگل کے روز دی گئی معلومات کے مطابق كمانڈو سریندر سنگھ اور فتح سنگھ نے پوار کی پالیسیوں سے متاثر ہو کر عآپ سے استعفی دے دیا اور این سی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔

عآپ کے دونوں اراکین اسمبلی کے علاوہ این سی پی نے زاہد علی کو بابر پور، پرشانت گوہر کے لیے گونڈا، رانا سجيت سنگھ کو چھتر پور، میور بھان کو مصطفی ٰ آباد اور اسلم بیگ کو چاندنی چوک سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

21 Jan 2020, 5:03 PM

مغربی بنگال: شہریت قانون کے خلاف 27 جنوری کو اسمبلی میں پیش ہوگا قرارداد

مغربی بنگال حکومت 27 جنوری کو دوپہر 2 بجے ریاستی اسمبلی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرارداد پیش کرے گی۔ اس کے لیے خصوصی اسمبلی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کیرالہ اور پنجاب اسمبلی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرارداد پاس ہو چکا ہے۔

21 Jan 2020, 4:28 PM

کیجریوال اب تک نہیں بھر پائے پرچہ نامزدگی، عآپ نے بی جے پی پر لگایا الزام

دہلی اسمبلی الیکشن کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اب تک اپنا پرچہ داخل نہیں کر پائے ہیں۔ عآپ کے لیڈر سورو بھاردواج نے کہا کہ انتخابی دفتر کے باہر 35 لوگ لائن میں لگے ہوئے ہیں جن کے پاس پورے کاغذات بھی نہیں ہیں۔ سورو بھاردواج نے کہا کہ وہ کیجریوال کو نامزدگی بھرنے سے روکیں گے اور اس کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہے۔


21 Jan 2020, 3:11 PM

شاہین باغ مظاہرہ: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سے خواتین کی ملاقات جلد

دہلی کے شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ جاری ہے۔ آج دوپہر بعد دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سے مظاہرہ میں شامل کچھ خواتین ملاقات کرنے والی ہیں۔ ان خواتین کا مطالبہ ہے کہ مرکز کی مودی حکومت شہریت ترمیمی قانون کو واپس لے یا پھر اس میں تبدیلی کرے۔

21 Jan 2020, 2:11 PM

بنگلورو: سینٹ فرانسس اسیسی چرچ پر حملہ، اندر گھس کر ہوئی توڑ پھوڑ

بنگلورو کے کینگری سیٹلائٹ ٹاؤن میں سینٹ فرانسس اسیسی چرچ پر حملہ ہوا ہے۔ چرچ کے اندر گھس کر شرارتی عناصر نے شیشے توڑ دیے۔ کچھ مذہبی چیزیں بھی توڑ گئی ہیں۔ چرچ کے اندر گھس کر توڑ پھوڑ کس نے کی، فی الحال اس بات کی جانکاری نہیں مل پائی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولس نے موقع پر پہنچ کر جانچ کی۔ پولس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل تصویروں کی بنیاد پر معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔


21 Jan 2020, 1:08 PM

ایودھیا معاملہ: پیس پارٹی نے سپریم کورٹ میں داخل کی ’کیوریٹیو عرضی‘

ایودھیا معاملہ میں سپریم کورٹ کے ذریعہ فیصلہ سنائے جانے کے بعد کئی عرضیاں نظر ثانی کے لیے داخل کی گئی تھیں جنھیں سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا تھا۔ اب ’پیس پارٹی‘ نے ایک بار پھر سپریم کورٹ میں ’کیوریٹو پٹیشن‘ یعنی فیصلے میں رد و بدل سے متعلق عرضی داخل کی ہے۔

21 Jan 2020, 12:11 PM

شہریت ترمیمی قانون: لکھنؤ واقع ’گھنٹہ گھر‘ مظاہرہ میں اکھلیش کی بیٹی بھی ہوئی شامل

لکھنؤ کے گھنٹہ گھر پر خواتین کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ منور رانا کی بیٹیوں سمیت کم و بیش 18 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کیے جانے کی خبریں بھی میڈیا میں آ رہی ہیں۔ اس درمیان منگل کی صبح اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی بیٹی ٹینا یادو بھی اپنے دوستوں کے ساتھ گھنٹہ گھر مظاہرہ میں پہنچی۔ ان کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔


21 Jan 2020, 11:16 AM

آئی ایم ایف نے گھٹایا جی ڈی پی کا اندازہ، شیئر مارکیٹ میں افرا تفری

آئی ایم ایف کے ذریعہ ہندوستان کے لیے رواں مالی سال کے جی ڈی پی شرح سے متعلق اندازہ کو گھٹا کر 4.8 فیصد بتانے کے بعد اس کا اثر ہندوستانی شیئر بازار پر دیکھا جا رہا ہے۔ شیئر بازار میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ شروعاتی کاروبار میں سنیکس 220 پوائنٹ تک گر گیا اور یہ 41 ہزار 400 پوائنٹ کے نیچے آ گیا۔ وہیں نفٹی 30 پوائنٹ سے زیادہ کی گراوٹ رہی اور یہ 12200 پوائنٹ کے نیچے کاروبار کرتا نظر آیا۔

21 Jan 2020, 10:14 AM

گجرات: سورت کے رگھوویر ٹیکسٹائل مارکیٹ میں لگی زبردست آگ

گجرت کے سورت واقع رگھوویر ٹیکسٹائل مارکیٹ میں زبردست آگ لگ گئی ہے۔ آگ نے 10 منزلہ کپڑا مارکیٹ کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ دمکل کی 40 گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔ آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے۔


21 Jan 2020, 9:16 AM

لکھنؤ: گھنٹہ گھر مظاہرہ معاملہ میں منور رانا کی بیٹیوں سمیت 4 کے خلاف ایف آئی آر درج

اترپردیش میں لکھنؤ واقع گھنٹہ گھر پر گزشتہ پانچ دنوں سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ اس مظاہرے کی قیادت منور رانا کی بیٹیاں سمیہ اور فوضیہ کر رہی ہیں اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہاں خواتین بڑی تعداد میں شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف جمع ہیں۔ یو پی پولس نے انھیں کئی بار مظاہرہ ختم کرنے کے لیے دباؤ بنایا لیکن وہ وہاں سے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہوئیں۔ اب میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق چار لوگوں کے خلاف پولس نے ایف آئی آر درج کی ہے جن میں منور رانا کی دونوں بیٹیوں کے نام بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔