اہم خبریں: عدالت کی بندش نہ ہوتی تو شاہین باغ میں ہوتا... چندر شیکھر

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

19 Jan 2020, 10:33 PM

عدالت کی بندش نہ ہوتی تو شاہین باغ میں ہوتا... چندر شیکھر

سہارنپور: شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف باغیانہ رخ اختیار کرنے والے بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر نے کہا کہ آئین کے خلا ف بننے والے اس قانون کے سلسلے میں ان کی مخالفت جاری رہے گی۔ دہلی کی ایک عدالت کے حکم پر عمل درآمد کے سلسلے میں اپنے آبائی ضلع سہارنپور کے قصبہ چُھٹمَل پور واقع اپنے گھر پہنچے چندر شیکھر نے علاقے کے تھانہ فتح پور جا کر اپنی حاضری لگوائی۔ تھانہ انچارج امت شرما کے مطابق چندرشیکھر اپنے مخصوص انداز میں پُرامن اور ڈسپلنڈ نظر آئے اور قانونی خانہ پُری کے بعد اپنے ساتھیوں کے ساتھ لوٹ گئے۔

انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کی مخالفت میں جاری احتجاجی تحریکوں میں خواہ ، وہ زیادہ سرگرمی نہ دکھاپائیں لیکن خاموش بھی نہیں بیٹھیں گے۔ اگر عدالت کی ان پر بندشیں نہ ہوتیں تو وہ دہلی کے شاہین باغ میں جاری تحریک میں شریک ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بھیم آرمی متاثرین کو انصاف دلائے گی اور مکمل تعاون کرے گی۔ اتوار کو چندر شیکھر میرٹھ میں مبینہ طور پر پولیس کے مظالم کے شکار افراد کے درمیان پہنچے۔

غورطلب ہے کہ گذشتہ بدھ کے روز دہلی کی تیس ہزاری کورٹ نے چندرشیکھر کو مشروط ضمانت دی تھی۔ انھیں دہلی کی دریاگنج پولیس نے جامع مسجد علاقے میں سی اے اے کے خلاف عوام کو مشتعل کرنے کے الزامات کے سبب 21 دسمبر کو دریاگنج تھانے کی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے چندر شیکھر پر دہلی سے دور رہنے اور ان کے آبائی ضلع سہارنپور میں اپنے تھانہ حلقے میں ہر ہفتے حاضری درج کروانے کا حکم دیا تھا۔

19 Jan 2020, 9:28 PM

بہار میں کسی بھی قیمت پر این آرسی کو نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا: تیجسوی

پٹنہ: بہار کے دار الحکومت پٹنہ کے سبزی باغ میں سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر کی مخالفت میں منعقدہ دھرنا میں آج آٹھویں دن بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو شریک ہوئے اور کہا کہ کسی بھی قیمت پر ہم اس کالے قانون کو بہار میں نافذ نہیں ہونے دیں گے چاہیں اس کے لئے ہمیں خون ہی کیوں نہیں دینا پڑے۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے اپنے نظریات سے کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا اور یہ حوصلہ ہم کو آپ لوگوں کی بالخصوص یہاں پر موجود ماﺅں بہنوں سے ہم میں ملتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ لالوجی بیمار ہیں لیکن ابھی زندہ ہیں۔ اس لئے ہم لوگ اس قانون کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔

19 Jan 2020, 8:41 PM

حکومت سی اے اے پر بات چیت کے لئے تیار... نرملاسیتارمن

چنئی: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) پر جاری بحث کے درمیان آج کہا کہ یہ شہریت دینے کا قانون ہے نہ کہ چھیننے کا اور حکومت ان سبھی لوگوں سے بات کرنے کے لئے تیار ہیں جنہیں اپنی شہریت سے محروم ہونے کا اندیشہ ہے سیتا رمن نے چنئی شہری منچ کے ذریعہ منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ جو سی اے اے کی مخالفت کر رہے ہیں، انہیں افواہ پھیلا کر لوگوں کو گمراہ نہیں کرنا چاہیے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ سی اے اے سے ملک میں رہنے والا کوئی بھی مسلم شہری متاثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا، "شہریت قانون مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، "ریاست حکومتوں کی طرف سے اسمبلیوں میں سی اے اے کے خلاف قرارداد منظور کرنے کے باوجود اس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ سیتا رمن نے شہریت قانون کی مخالفت کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں کو دیکھنا کافی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا، اسے دیکھ کر آنکھوں میں آنسو آجائیں گے۔


19 Jan 2020, 8:01 PM

شہریت قانون کے خلاف جامعہ سے شاہین باغ تک کینڈل مارچ

شہریت قانون کے خلاف شاہین باغ میں ایک ماہ سے مظاہرہ چل رہا ہے، اسی کے چلتے آج جامعہ سے شاہین باغ تک لوگوں نے کینڈل مارچ نکالا۔

19 Jan 2020, 6:31 PM

نینی تال میں دھوئیں سے دم گھٹنے سے ماں ،بیٹے کی موت

نینی تال : اتراکھنڈکے نینی تال میں انگیٹھی کے دھوئیں سے ماں اوراسکے دو سالہ بچے کی موت ہوگئی ۔
جیولی کوٹ پولیس چوکی کےانچارج وجے مہتہ نے بتایاکہ گوٹھیا گاؤں ایک کاروباری کے مکان میں اودھم سنگھ نگر کے دنیش پور کارہنے والا راجو اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا تھا۔ وہ مکان میں چوکیدار کا کام کرتا ہے۔ سنیچر کی رات کو وہ اپنی بیوی ساگریکا (22) اور بیٹے انش (2) کے ساتھ کمرے می انگیٹھی جلاکر سو رہی تھی۔

صبح آنکھ کھلی تو اسکی بیوی اور بچے کی موت ہوچکی تھی۔ اس حادثہ کے بعد گاؤں میں کہرام مچ گیا۔مہتہ نے بتایا کہ بادی انظر میں ایسا لگتا ہے کہ انگیٹھی کےدھوئیں سے دم گھٹ جانے سے دونوں کی موت ہوئی ہے۔ دونوں کو ہلدوانی لے جایا گیاجہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دیدیا۔ مہتہ نے بتایا کہ پولیس پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے۔ پولیس پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر آگے کی جانچ کرے گی۔


19 Jan 2020, 5:50 PM

انسانی زنجیر میں شریک ٹیچر کی موت

دربھنگہ: بہا ر کے دربھنگہ ضلع میں آج جل ۔ جیون ۔ ہریالی مہم اور منشیات سے آزادی کے حق میں، کمسنی میں شادی اور جہیز رسم کے خلاف کیوٹی تھانہ علاقہ کے رنوے چوک کے نزدیک بنائی گئی انسانی زنجیر میں ایک ٹیچر کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ ٹیچر بچوں کے ساتھ رنوے چوک پر ہاتھ سے ہاتھ جوڑ کر لائنوں میں کھڑے تھے کہ اس دوران ٹیچر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ آناً فاناً انہیں اسپتال لے جایا جا رہا تھا تبھی راستے میں ان کی موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ متوفی کی شناخت اپگریڈ میڈل اسکول دگھیار کے استاد محمد داﺅد کے طور پر کی گئی ہے مو قع پر پہنچی پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہے۔

19 Jan 2020, 5:32 PM

عارف محمد خان سیکورٹی وجوہات سے تقریب میں شریک نہیں ہوئے

کوجھی کوڈ: کیرلا کےگورنر عارف محمد خان نے کیرلا ادبی تقریب کے اختتام میں اتوار کو سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ غور طلب ہے کہ عارف خان کو مطلع کیے بغیر ریاستی حکومت نے شہریت ترمیمی قانون (سی اےا ے) کے خلاف سپریم کور ٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے جس کی گورنر نے مخالفت کی ہے۔ اس تعلق سے عارف خان کی سیاسی حلقوں میں تنقید ہو رہی ہے اور ان کی مخالفت کی جا رہی ہے۔ اس تعلق سے ریاست میں گورنر، وزیر اعلیٰ اور دیگر رہنماؤں کے درمیان بیان بازی ہو رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گورنر نے ریاستی حکومت کی جانب سے سی اے اے کے خلاف قرار داد پاس کرنے پر بھی سوال اٹھایا ہے۔


19 Jan 2020, 5:11 PM

راجکوٹ میں مال گاڑی سے کار کے ٹکرانے سے ایک کی موت

راجکوٹ: گجرات میں راجکوٹ ڈویژن کے نیوارا اسٹیشن کے قریب نجی بے پہرہ پھاٹک پر اتوار کے روز مالگاڑی سے کار کے ٹکرا نے سے ایک شخص کی موت اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ ڈویژن کے افسر پردیپ شرما نے یو این آئی کو بتایا کہ مانڈل پور۔ نیارا انرجی لمیٹڈ ریلوے لائن نجی سائٹ پر شام آئل ٹینکر سے لدی مال گاڑی شنٹنگ کر رہی تھی۔ اسی دوران بے پہرا پھاٹک کراسنگ پر ایک بے قابو کار اچانک مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں کار سوار تین افراد زخمی ہو گئے۔ تینوں زخمیوں کو جام نگر کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں دھرم ویر سنگھ (21) کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جانچ شروع کر دی ہے۔

19 Jan 2020, 4:37 PM

بلند شہر میں ایک شخص کی آدھی جلی لاش برآمد

بلند شہر: اترپردیش میں بلند شہر کے ڈیوائس علاقے کے غالب پور گاؤں میں اتوار کو ایک کھیت سے ایک نامعلوم شخص کی آدھی جلی لاش برآمد ہونے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سنتوش کمار سنگھ نے یہاں کہا کہ ڈیوائس شاہراہ سے متصل گاؤں غازی پور میں ایک کھیت سے تقریباً 30 سالہ شخص کی آدھی جلی لاش برآمد ہوئی ہے۔ دیکھنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے گولی مارکر قتل کیا گیا ہے اور شناخت مٹانے کے مقصد سے قاتلوں نے لاش کو جلا دیا۔ نامعلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ مقتول کی شناخت کی کوشش کی جاری ہے۔


19 Jan 2020, 4:06 PM

اجمیر میں آر ایس ایس نے پتھ سنچالن نکالا

اجمیر: راجستھان کے اجمیر میں آج راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آرایس ایس) اجے میرو مہانگر کی سمت سے پتھ سنچالن نکالا گیا، پتھ سنچالن میں آر ایس ایس کی اجمیر شہر سے جڑی سبھی شاخوں کے سویم سیوکوں نے حصہ لیا۔ اس دوران سویم سیوک سنگھ گھوش کی آواز پر قدم تال کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سے نکلے۔ مہاویرسرکل فوارے میں واقع جین مندر کے احاطے سے شروع پتھ سنچالن گنج گرودوارے کے راستے دلی گیٹ ہوتا ہوا درگاہ کے نظام گیٹ کے آگے سے نلا بازار، مدارگیٹ، گاندھی بھون سے واپس نیا بازار ہوتے ہوئے آگرہ کے راستے پھر جین مندر فوارے پہنچا۔ پتھ سنچالن کا راستے میں متعدد مقامات پر پھولوں کی بارش سے استقبال کیا گیا۔ اس دوران پولیس نے سیکورٹی کے انتظامات بھی کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔