اہم خبر: نربھیا کے قصورواروں کو اب ’یکم فروری‘ کو دی جائے گی پھانسی!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

17 Jan 2020, 5:01 PM

نربھیا کے قصورواروں کو اب ’یکم فروری‘ کو دی جائے گی پھانسی

دہلی کورٹ نے نربھیا کے قصورواروں کے لیے نیا ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ اس ڈیتھ وارنٹ کے مطابق اب سبھی قصورواروں کو 22 جنوری کی جگہ یکم فروری کو پھانسی دی جائے گی۔ پھانسی کا وقت صبح 6 بجے مقرر کیا گیا ہے۔

17 Jan 2020, 4:00 PM

نربھیا کیس: عدالت سے سزا کے لیے نئی تاریخ اور وقت دینے کی گزارش

نربھیا کیس میں تہاڑ جیل اتھارٹی نے جانکاری دی ہے کہ قصوروار مکیش کو اس کی رحم کی عرضی خارج ہونے کے بارے میں جانکاری دے دی گئی ہے۔ وہیں دوسری طرف قصوروار پون کے وکیل نے عدالت کو جانکاری دی ہے کہ ہائی کورٹ کے ذریعہ اسے نابالغ ماننے کی عرضی خارج ہونے کے بعد اس نے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ اس درمیان پبلک پروزیکیوٹر نے عدالت سے گزارش کی ہے کہ سزا کے لیے نئی تاریخ اور وقت جاری کیا جائے۔

17 Jan 2020, 3:07 PM

شہریت قانون کے خلاف عرضی پر سپریم کورٹ میں ہوئی سماعت، مودی حکومت کو بھیجا نوٹس

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف داخل ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے مودی حکومت کو نوٹس بھیجا ہے۔ دراصل مغربی بنگال کے 20 ٹیچرس نے مشترکہ طور پر ایک عرضی سپریم کورٹ میں داخل کیا تھا اور شہریت ترمیمی قانون کے ساتھ ساتھ وزارت برائے داخلہ کے ذریعہ این پی آر سے متعلق 31 جولائی 2019 کو جاری نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے عرضی گزار کی بات سننے کے بعد مودی حکومت کو نوٹس بھیجا ہے۔


17 Jan 2020, 2:09 PM

بھیم آرمی سربراہ چندرشیکھر نے جامع مسجد پہنچ کر شہریت قانون کے خلاف کیا مظاہرہ

شہریت قانون کے خلاف لگاتار مظاہرہ کر رہے بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر آزاد آج پھر جامع مسجد پہنچے۔ اس سے قبل وہ روی داس مندر پہنچے تھے جہاں انھوں نے کہا کہ میں یہاں روی داس مندر کو دیکھنے کے لیے آیا ہوں اور اس کے بعد میں گرودوارہ جاؤں گی، پھر چرچ جاؤں گا اور بعد میں ایک بجے جامع مسجد جاؤں گا۔ اس دورہ کا مقصد شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف احتجاج درج کرنا ہے اور لوگوں کو یہ بتانا ہے کہ ایسے سیاہ قانون ہم پر نافذ نہیں کیے جا سکتے۔

17 Jan 2020, 12:58 PM

کیرالہ کے بعد پنجاب اسمبلی میں بھی شہریت قانون کے خلاف قرارداد پاس

کیرالہ اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی میں بھی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرارداد پاس ہو گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے ریاستی اسمبلی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرارداد نکالا اور اسمبلی نے اس کو پاس کر دیا۔


17 Jan 2020, 12:20 PM

نربھیا معاملہ: صدر جمہوریہ نے قصوراروں کے ذریعہ داخل رحم کی عرضی خارج کی

نربھیا قتل کیس میں قصوروار مکیش کی رحم کی عرضی صدر جمہوریہ نے خارج کر دی ہے۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے قصورواروں میں سے ایک مکیش سنگھ کی ہمدردی کی عرضی صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے پاس بھیجا تھا۔ اس سے پہلے نربھیا کی ماں نے روتے ہوئے کہا تھا کہ اب تک میں نے کبھی سیاست کے بارے میں بات نہیں کی، لیکن اب میں کہنا چاہتی ہوں کہ جن لوگوں نے 2012 میں سڑکوں پر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، آج وہی لوگ میری بیٹی کی موت پر سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں۔

17 Jan 2020, 11:52 AM

کشمیر میں جیش محمد کے 5 جنگجو گرفتار، بڑے دہشت گردانہ واقعہ کو انجام دینے کی تھی تیاری

سرینگر: جموں و کشمیر پولیس نے یوم جمہوریہ سے پہلے وادی میں بڑے دہشت گردانہ واقعہ کو انجام دینے کا منصوبہ بنانے والے 5 شدت پسندوں کوگرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو بڑی کارروائی کرتے ہوئے جیش محمد ماڈیول کا انکشاف کرتے ہوئے اس کے 5 شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ پکڑے گئے شدت پسندوں کے پاس بڑی مقدار میں دھماکہ خیر مواد برآمد کیا گیا ہے۔ جو یوم جموہریہ سے پہلے وادی میں بڑی دہشت گردانہ واردات کو انجام دینے کا منصوبہ بنارہےتھے۔


17 Jan 2020, 11:14 AM

دہلی اسمبلی الیکشن کے پیش نظر سونیا گاندھی کی رہائش پر ہو رہی میٹنگ

دہلی اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس صدر سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی کی میٹنگ چل رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق میٹنگ میں اسمبلی انتخاب میں اتارے جانے والے امیدواروں کے تعلق سے بات چیت ہو رہی ہے اور امکان ہے کہ جلد دہلی کی سبھی 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے امیدواروں کے نام کا اعلان ہو جائے گا۔

17 Jan 2020, 10:15 AM

دہلی: امن و امان کے لیے لوگوں نے رکھا روزہ، جامع مسجد میں 10 ہزار لوگوں کے افطار کا نظم

اس وقت ملک کا ماحول بہت خراب ہے اور خصوصی طور پر شہریت قانون اور این آر سی کو لے کر پورا ملک سڑکوں پر اترا ہوا ہے۔ مودی حکومت کے ذریعہ نافذ شہریت ترمیمی قانون کو واپس لینے کا مطالبہ لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس درمیان آل مارکیٹ ایسو سی ایشن آف جامع مسجد دہلی کی جانب سے گزشتہ کچھ دنوں سے اپیل کی جا رہی تھی کہ 17 جنوری بروز جمعہ ملک میں امن و امان کے لیے نفلی روزہ رکھیں اور افطار کا انتظام جامع مسجد کے صحن میں کیا جائے گا۔ نماز مغرب کے بعد اجتماعی دعا کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ لوگوں سے اس افطار میں شرکت کی گزارش بھی کی گئی ہے کیونکہ جامع مسجد میں تقریباً 10 ہزار لوگوں کے افطار کا انتظام کیا گیا ہے۔


17 Jan 2020, 8:57 AM

تمل ناڈو میں آج سے جلی کٹو مقابلہ شروع، 700 بیلوں کی شرکت

تمل ناڈو میں جلی کٹو کھیل کا مقابلہ آج سے شروع ہو گیا ہے اور اس میں کم و بیش 700 بیلوں کو شریک کیا گیا ہے۔ یہ کھیل تمل ناڈو میں کافی مقبول ہے اور یہ بہت خطرناک بھی ہے۔ اس مقابلے کے دوران اب تک کئی اموات بھی ہو چکی ہیں۔ کئی سماجی کارکنان اس مقابلے کو ہمیشہ کے لیے بند کرانے کے حامی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔