اہم خبریں: آسٹریلیا نے ہندستان کو 10 وکٹ سے ہرایا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

14 Jan 2020, 9:18 PM

اہم خبریں: آسٹریلیا نے ہندستان کو 10 وکٹ سے ہرایا

ممبئی: سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر (ناٹ آؤٹ 128) اور اورن فنچ (ناٹ آؤٹ 110) کی زبردست سنچریوں اور ان کے درمیان 258 رنوں کی شراکت کی بنیاد پر آسٹریلیا نے ہندستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں منگل کے روز 10 وکٹ سے کراری شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے سیر یز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کرلی ہے۔

عالمی کپ کی دو مایہ ناز ٹیموں کی ٹکر میں آسٹریلیا نے ہندستان کو کھیل کے ہر شعبے میں پچھاڑ دیا اور اپنے ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں ہندستان کے خلاف پہلی بار 10 وکٹ سے جیت حاصل کی۔ ہندستان نے حالانکہ 1۔49 اوورں میں 255 رن کا چیلنج سے بھر پور اسکور بنایا لیکن دونوں آسٹریلیائی سلامی بلے بازوں نے اسے چھوٹا ثابت کردیا۔ آسٹریلیا نے 4۔37 اوورں میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 258 رن بناکر مقابلہ جیت لیا۔

14 Jan 2020, 5:29 PM

دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے ایل جی پی کی 15 امیدواروں کی فہرست جاری

مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے 15 امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ ایل جے پی کی طرف سے جاری کردہ فہرست کے مطابق، راجیو کمار شرما (صدر بازار)، انیل کمار گپتا (مصطفی آباد)، مہیش دوبے (موتی نگر)، سنیل تنور (دیولی) ، امریش کمار (نریلا)، پونم رانا (مدھی پور)، اجیت کمار ( کراڑی)، کمل دیو رائے (تری نگر)، شیوندر مشرا (وزیر پور)، سمترا پاسوان (مٹیا محل) ، اروند کمار جھا (سنگم وہار)، رام کمار لامبا (نجف گڑھ) ، رتن کمار شرما (اتم نگر) اور نمے کو (لکشمی نگر) سے میدان میں اتارا گیا ہے۔

14 Jan 2020, 5:08 PM

بی جے پی حکومت غریبوں کے پیٹ پر لات مار رہی ہے: پرینکا گاندھی

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ بی جے پی حکومت غریب کے پیٹ پر لات مار رہی ہے۔ پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ کر کے کہا کہ ’’سبزیاں، کھانے پینے کی چیزوں کے دام عام لوگوں کی پہنچ سے باہر ہو رہے ہیں۔ جب سبزی، تیل، دال اور آٹا مہنگا ہو جائے گا تو غریب کھائے گا کیا؟ اوپر سے مندی کی وجہ سے غریب کو کام بھی نہیں مل رہا ہے۔ بی جے پی حکومت نے تو جیب کاٹ کر پیٹ پر لات مار دی ہے‘‘۔


14 Jan 2020, 4:01 PM

کرکٹ: آسٹریلیا کے خلاف اچھی شروعات کے بعد ہندوستانی ٹیم مشکل میں، وراٹ سمیت 4 آؤٹ

آسٹریلیا کے خلاف پہلے یک روزہ کرکٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم کے 4 کھلاڑی 156 رن پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔ روہت شرما کے محض 10 رن پر آؤٹ ہو جانے کے بعد لوکیش راہل (47) اور شکھر دھون (74) نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا، لیکن ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد وراٹ کوہلی بھی محض 16 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 31.2 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 156 رن پر چار وکٹ ہے۔

14 Jan 2020, 3:03 PM

راج کپور کی بیٹی ریتو نندا کا انتقال، طویل مدت سے کینسر میں تھیں مبتلا

نئی دہلی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار راج کپور کی بیٹی اور سپر اسٹار امیتابھ بچن کی سمدھن ریتو نندا کا منگل کے روز انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 71 برس تھی۔ ریتو نندا اداکار رشی کپور، رندھیر کپور اور راجیو کپور کی بہن تھیں۔ رندھیر کپور نے اپنی بہن کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ’’ریتو نندا کا آج صبح انتقال ہوگیا۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ ہم ابھی دہلی میں ہیں۔ ان کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔‘‘

واضح رہے کہ ریتو نندا کی پیدائش 1948 میں ہوئی تھی اور وہ مشہور صنعت کار رنجن نندا کی اہلیہ تھیں۔ ان کے بیٹے نکھل نندا کی شادی امیتابھ بچن کی بیٹی شویتا بچن سے ہوئی تھی۔ انہیں 2013 میں کینسر کا پتہ لگا تھا۔ ان کا علاج امریکہ میں بھی کرایا گیا تھا۔


14 Jan 2020, 2:20 PM

نربھیا کے مجرموں کی عرضی سپریم کورٹ سے خارج، 22 جنوری کو ہوگی پھانسی

2012 دہلی میں نربھیا اجتماعی عصمت دری معاملے میں چاروں قصواروں کو پھانسی کی سزا سپریم کورٹ نے سنائی تھی جس پر 2 قصورواروں ونے کمار شرما اور مکیش سنگھ نے کیوریٹیو پٹیشن داخل کی تھی۔ ان کی عرضی کو سپریم کورٹ نے خارج کر دیا ہے جس کے بعد یہ طے ہو گیا ہے کہ ان سبھی کو آئندہ 22 جنوری کو صبح 7 بجے پھانسی دی جائے گی۔

14 Jan 2020, 2:09 PM

نربھیا معاملہ: 2 قصورواروں کے کیوریٹیو پٹیشن پر سپریم کورٹ میں سماعت شروع

جسٹس این وی رمنّا کی صدارت والی سپریم کورٹ کی 5 ججوں والی بنچ نے نربھیا کے 2 قصورواروں کے ذریعہ داخل کیوریٹیو پٹیشن پر سماعت شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ نربھیا کے سبھی 4 قصورواروں کو 22 جنوری کی صبح 7 بجے پھانسی کی سزا سپریم کورٹ نے سنائی ہے۔ لیکن 2 قصوروار ونے کمار اور مکیش نے سزا میں رد و بدل کے لیے کیوریٹیو پٹیشن داخل کر دیا ہے۔


14 Jan 2020, 1:32 PM

کرکٹ: ہندوستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا کیا فیصلہ

ہندوستان اور آسٹریلیا کے خلاف تین یک روزہ میچوں کی سیریز آج سے شروع ہو گئی ہے۔ پہلے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں ہندوستانی اننگ کی شروعات کرنے روہت شرما اور شکھر دھون میدان میں اترے ہیں۔

14 Jan 2020, 1:03 PM

قومی حقوق انسانی کمیشن کے 4 رکنی وفد کی جامعہ طلبا سے 4 دن تک ہوگی بات چیت

15 دسمبر کو جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کے دوران ہوئے تشدد کی جانچ کے لیے قومی حقوق انسانی کی ٹیم یونیورسٹی پہنچ گئی ہے۔ ڈی سی پی سطح کے افسران کی قیادت میں قومی حقوق انسانی کمیشن کا 4 رکنی وفد آج سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا کے ساتھ بات چیت شروع کرے گا۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بات چار دنوں تک جاری رہے گا۔


14 Jan 2020, 12:11 PM

مودی حکومت نے ’مہنگائی‘ اور ’بے روزگاری‘ کی شکل میں لوگوں کو دیا 2 دھوکہ: کانگریس

کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا نے آج ایک پریس کانفرنس کیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’’مہنگائی اور بے روزگاری کی شکل میں مودی حکومت نے ملک کے لوگوں کو دو دھوکے دیے ہیں۔ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے جس سے عام آدمی کا بجٹ گڑبڑا گیا ہے۔ ملک کے لوگوں کو کھانے کے لالے پڑ گئے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’شاید 13-2012 کے بعد پہلی بار مہنگائی اس قدر عروج پر ہے۔ 14-2013 میں ’اب کی بار، مہنگائی پر وار‘ کی بات کرنے والے مودی جی خاموش بیٹھے ہیں اور مہنگائی ڈائن کی طرح ہر روز بڑھتی جا رہی ہے۔‘‘

14 Jan 2020, 11:08 AM

مظفر پور شیلٹر ہوم معاملہ پر 20 جنوری کو سنایا جائے گا فیصلہ

بہار کے مظفر پور واقع شیلٹر ہوم میں لڑکیوں پر مظالم اور عصمت دری سے متعلق کیس میں ساکیت ہائی کورٹ نے فیصلہ 20 جنوری کو سنانے کا اعلان کیا ہے۔ شیلٹر ہوم میں رہنے والی لڑکیوں کے جنسی و جسمانی استحصال کے اس معاملے میں حکمراں جماعت کے کئی لیڈروں کے شامل ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔


14 Jan 2020, 10:06 AM

مجھے پوری امید ہے کہ سپریم کورٹ مجرموں کی عرضی خارج کرے گا: نربھیا کی ماں

نربھیا معاملہ کے 2 قصوراروں کی کیوریٹیو پٹیشن پر سپریم کورٹ میں آج سماعت ہونے والی ہے اور اس سے قبل نربھیا کی ماں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ انھیں پوری امید ہے کہ سپریم کورٹ اس عرضی کو خارج کر دے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں اپنی بیٹی کے قصورواروں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکتا دیکھنا چاہتی ہوں اور 22 جنوری کو جب سبھی قصورواروں کو پھانسی دی جائے گی تو نربھیا کو انصاف مل جائے گا۔

14 Jan 2020, 9:10 AM

نربھیا کیس: دو قصورواروں کی کیوریٹیو عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت آج

نربھیا کے چاروں قصورواروں اکشے ٹھاکر، مکیش سنگھ، ونے کمار شرما اور پون کمار گپتا کی پھانسی کے لیے تہاڑ جیل میں چل رہی تیاری کے درمیان منگل کو سپریم کورٹ میں اہم سماعت ہوگی۔ دراصل ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے کے بعد 4 میں سے 2 قصواروں یعنی ونے شرما اور مکیش سنگھ نے سپریم کورٹ میں کیوریٹیو پٹیشن (سزا میں رد و بدل کے لیے عرضی) داخل کر راحت دینے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */