عراق میں امریکی فضائیہ اڈے پر چار راکٹ حملے: رپورٹ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

12 Jan 2020, 10:41 PM

عراق میں امریکی فضائیہ اڈے پر چار راکٹ حملے: رپورٹ

عراق میں واقع اس فضائیہ اڈے کی جانب چار راکٹوں کے داغے جانے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے، جہاں پر امریکہ افواج قیام پزیر ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے ذرائع کے حوالہ سے راکٹوں کے داغے جانے کی اطلاع دی گئی ہے، تاہم تاحال راکٹوں سے ہونے والے کسی طرح کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے امریکی حملہ میں ہلاک ہونے کے بعد ایران کی طرف سے 20 سے زیادہ راکٹ عراقی فضائیہ اڈے پر داغے گئے تھے، حالانکہ ان راکٹ حملوں میں امریکی فوج کا کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔ تازہ راکٹ حملوں کو بھی ایران-امریکی کشیدگی سے منسلک کر کے دیکھا جا رہا ہے۔

12 Jan 2020, 4:07 PM

بستی میں بیت الخلاء کی تعمیر میں دھاندلی، 267 پردھانوں کو نوٹس

بستی: اترپردیش کے بستی ضلع میں 267 گرام پنچایت پردھانوں اور گرام پنچایت سیکرٹریوں کے ذریعہ بیت الخلا کی تعمیر میں دھاندلی کرنے کے سبب معطلی کا نوٹس دیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے اتوار کے روز یہاں کہا کہ بیت الخلا کی تعمیر کی جانچ کے دوران 267 گرام پنچایتوں میں معیار کے مطابق کام نہ کرائے جانے کی وجہ سے پردھانوں اور سکریٹریوں کو معطلی کا نوٹس دیا گیا ہے ۔ تفتیش کے دوران تعمیراتی کام نامکمل پایا گیا ہے جبکہ کاغذوں میں اسے مکمل دکھایا گیا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ آشوتوش نرنجن نے کہا کہ اگر 15 دن میں ادھورے تعمیر کاموں کو مکمل نہ کیا گیا تو پنچایت پردھانوں کو معطل کرکے ان کے حقوق پر روک لگا دی جائے گی اور گرام پنچایتوں میں کمیٹی قائم کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پنچایت سیکرٹریوں کے خلاف بھی محکمہ جاتی کارروائی شروع کی گئی ہے۔

12 Jan 2020, 3:23 PM

جے این یو کے وی سی فوری ہٹایا جائے، کانگریس کی جانچ ٹیم کا مطالبہ

کانگریس پارٹی نے جے این یو میں طلباء پر حملے سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ممبر سشمتا دیو نے دہلی میں کانگریس کے صدر دفتر میں میڈیا سے گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ رپورٹ جے این یو میں طلباء اور فیکلٹی ممبروں کے بیانات پر مبنی ہے۔

فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کی بنیاد پر کانگریس کا مطالبہ:

  • وائس چانسلر ایم جگدیش کمار کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے
  • کیمپس میں کیا ہوا اس کی مجرمانہ تفتیش ہونی چاہئے
  • وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبروں کی مجرمانہ تحقیقات ہونی چاہئے
  • جو بھی پولیس اہلکار وہاں موجود تھے ان کا احتساب طے کیا جانا چاہئے

12 Jan 2020, 2:31 PM

ترکی میں کشتی ڈوبنے سے 11 افراد ہلاک

انقرہ: ترکی میں پناہ گزینوں کو لے کر جا رہی ایک کشتی کے ہفتہ کو سمندر میں ڈوب جانے سے کم از کم 11 افراد کی موت ہو گئی اور آٹھ کو بچا لیا گیا۔ اناڈولو نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 11 مہلوکین میں آٹھ بچے شامل ہیں۔ ترکی میں صوبہ ازمیر کے سسمے شہر کے نزدیک بحیرہ ایجیئن میں یہ حادثہ پیش آیا۔ جنگ و جدل اور ظلم و ستم سے بچ کر یورپ جانے کے دوران پناہ گزینوں کے لئے ترکی ایک اہم ٹھہرنے کا مقام ہے۔ ترکی اب تک 36 لاکھ پناہ گزینوں کو پناہ بھی دے چکا ہے۔ سنہ 2016 میں یورپی یونین اور ترکی کے ایک معاہدے کے ختم ہونے کے بعد حالیہ مہینوں میں ترکی کے ذریعے پناہ گزینوں کی یورپ جانے والے لوگوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ معاہدے کے مطابق ترکی نے مالی امداد کے بدلے پناہ گزینوں کو یورپ پہنچنے سے روكنے کے متعلق وعدہ کیا تھا۔

12 Jan 2020, 2:15 PM

دبئی میں شدید بارش کی وجہ سے ایئر انڈیا کی پروازیں منسوخ

نئی دہلی: دبئی میں شدید بارش کی وجہ سے سرکاری فضائی کمپنی ایئر انڈیا کا ایک طیارہ وہاں اتر نہیں سکا جبکہ آٹھ دیگر پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ایئر انڈیا کے ترجمان دھننجے کمار نے بتایا کہ چنئی سے دبئی جانے والی پرواز اے ای 905 دبئی ہوائی اڈے پر اتری ضرور لیکن شدید بارش اور ہوائی اڈے پر پانی بھرجانے کے سبب طیارے کو رن وے سے پارکنگ تک پہنچنے میں پانچ گھنٹے لگ گئے۔ کالیکٹ سے دبئی جانے والی پرواز اے ای 937 کی لینڈنگ نہیں ہوسکی اور اسے مخدوم (متحدہ عرب امارات) ڈايورٹ کرنا پڑا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس کے بعد دبئی جانے اور وہاں سے آنے والی تین دیگر پروازوں اور دو اندرون ملک پروازوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔


12 Jan 2020, 1:35 PM

حیدرآباد میں حقہ پارلرپر پولیس کا چھاپہ

حیدرآباد: حیدرآباد کی ایسٹ زون ٹاسک فورس کی ٹیم نے ہفتہ کی شب عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن کے حدود کے حبشی گوڑہ علاقہ کے ایک حقہ پارلر پر چھاپہ مارا۔ پولیس نے غیر قانونی طورپرحقہ پارلر چلائے جانے کی اطلاع پر یہ کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے کئی قسم کے حقے اور اس میں ڈالی جانے والی اشیا کو بھی ضیط کرلیا۔

12 Jan 2020, 12:30 PM

16 سے 19 جنوری تک رائے بریلی کے دورے پر رہیں گی پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی 16 سے 19 جنوری کے درمیان رائے بریلی کے دورے پر رہیں گی، اس دوران پرینکا گاندھی اترپردیش کے ضلع کانگریس صدور کے تربیتی پروگرام میں بھی حصہ لیں گی۔


12 Jan 2020, 12:17 PM

مئو کے محمد آباد علاقے میں سابق پردھان کا گولی مار کر قتل

مئو : اترپردیش میں ضلع مئو کے محمد آباد کے علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے اتوار کی صبح کھیت میں جا رہے ایک سابق گرام پردھان بجلی یادو کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں یہ معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ سكھوليا گاؤں کے سابق پردھان 40 سالہ بجلی یادو صبح کھیت میں جا رہے تھے۔ گورو کل اسکول کے گرد نامعلوم حملہ آوروں نے انہیں گولی مار دی، جس سے ان کی موت ہو گئی۔ واقعہ کے بعد قاتل فرار ہو گئے۔ اس سلسلے میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس قاتلوں کی تلاش کر رہی ہے۔

12 Jan 2020, 11:43 AM

جے این یو حملہ معاملے میں مزید 9 دیگر طلبا کی ہوئی شناخت

دہلی پولیس کی ایس آئی ٹی جے این یو حملہ معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، نیوز ایجنسی اے این آئی نے دہلی پولیس کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پولیس نے مزید 9 دیگر طالب علموں کی نشاندہی کی ہے، پولیس نے ان طالب علموں کو نوٹس جاری کر کہا کہ پیر کو سبھی طلبا تحقیقات میں شامل ہوں، بتایا جا رہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کر رہی ایس آئی ٹی اس کے بعد ان 37 طالب علموں کو بلائے گی جن کی شناخت اس نے پہلے کی تھی۔ یہ وہ 37 طالب علم ہیں، جو اس واٹس ایپ گروپ میں شامل تھے، جس کے ذریعہ حملے کی سازش رچی گئی تھی۔


12 Jan 2020, 10:43 AM

ایران کے ساتھ بات چیت کے امکانات بڑھے ہیں… رابرٹ او برائن

واشنگٹن: امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن کا خیال ہے کہ ایران اپنے کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد بھی بات چیت کا خواہشمند ہے۔ اوبرائن نے اكسيوس نیوز پورٹل کو دیئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’میں مانتا ہوں کہ سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایرانی لیڈروں کے ساتھ بات چیت کرنے کے امکانات کافی بڑھ گئے ہیں‘‘۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر ایک امریکی فوجی مہم میں بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک ایک ڈرون حملہ کر کے ایرانی کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ امریکہ کے مطابق سلیمانی عراق اور مغربی ایشیا میں امریکی سفارت کاروں اور فوجیوں پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انہوں نے عراق میں اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر گزشتہ چند ماہ میں کئی حملے کیے تھے جن میں 27 دسمبر کو ہوا حملہ بھی شامل تھا۔ اس حملے میں امریکی اور عراقی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ جنرل سلیمانی نے 31 دسمبر کو بغداد میں امریکی سفارت خانے پر ہوئے حملوں کو بھی منظوری دی تھی ۔ اس کے جواب میں ایران نے عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر کئی فضائی حملے کیے تھے۔ امریکہ نے جمعہ کو ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

12 Jan 2020, 10:12 AM

مہاراشٹر: پالگھر کیمیکل فیکٹری میں آگ، مرنے والوں کی تعداد 7 ہوئی

مہاراشٹر کے پالگھر میں واقع کیمیکل فیکٹری میں ہوئے دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے، ہفتہ کو فیکٹری میں زور دار دھماکہ ہوا تھا۔


12 Jan 2020, 9:32 AM

لکھنؤمیں 13 سال کی لڑکی پر پڑوس کی عورت نے پھینکا تیزب، بری طرح جھلسی

لکھنؤ کے قیصر باغ علاقے میں ایک 13 سال کی لڑکی پر پڑوس کی عورت نے تیزاب پھینک دیا، لڑکی کا چہرہ اور اس کے ہاتھ بری طرح جھلس گئے، اسے زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

12 Jan 2020, 8:48 AM

روحانی نے طیارہ حادثے کے سلسلے میں یوکرین کے صدر سے گفتگو کی

کیف: ایران کے صدر حسن روحانی نے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی کو فون کر کے یقین دہانی کرائی ہے کہ یوکرین کے طیارے کو غلطی سے مار گرانے کے لئے ذمہ دار تمام لوگوں کی ذمہ داری طے کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

یوکرین کے صدر دفتر کی پریس سروس نے ہفتہ کو دونوں لیڈروں کے درمیان فون پر ہوئی بات چیت کے بعد یہ معلومات دی۔ زیلینسکی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ایران اپنی غلطی قبول کرے گا اور سرکاری طور پر معافی مانگنے کے بعد اس کے لئے ذمہ دار لوگوں کو سزا دے گا۔ اس کے علاوہ مہلوکین کے لواحقین کو معاوضہ بھی دے گا۔ ایران کی پاسداران ِ انقلاب اسلامی کی قدس فورس (آئی آر جی سی) نے ایک بیان جاری کر کے یوکرین کے بوئنگ 737 مسافر طیارے کو غلطی سے مار گرانے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس حادثے میں 176 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

آ ئی آر جی سی نے بیان میں کہا ’’امریکہ کے ساتھ کشیدگی عروج پر پہنچنے کی وجہ سے فوج ہائی الرٹ پر تھی اور جب جہاز حساس فوجی مرکز کی جانب مڑا تو غلطی سے اسے دشمن کا طیارہ سمجھ لیا گیا۔ اس صورت حال میں غیر ارادی طور پر طیارے کو گرا دیا گیا‘‘ فوج نے اس حادثے کے لئے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی غلطی نہ ہو اس کے لئے ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */