اہم خبریں:علی گڑھ زہریلی شراب معاملہ میں جوائنٹ اور ڈپٹی آبکاری کمشنر معطل

شراب، تصویر آئی اے این ایس
شراب، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

31 May 2021, 8:23 PM

علی گڑھ: زہریلی شراب معاملے میں جوائنٹ اور ڈپٹی آبکاری کمشنر معطل

لکھنو: اترپردیش حکومت نے علی گڑھ شراب معاملے میں آگرہ زون کے جوائنٹ آبکاری کمشنر،روی شنکر پاٹھی اور علی گڑھ ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر او پی سنگھ کو فوری اثر سے معطل کردیا گیا ہے۔ ریاست کے محکمہ آبکاری کے اڈیشنل چیف سکریٹری سنجے آر بھووریڈی نے آج یہاں بتایا کہ ان دو افسران کو ملاکر اب تک کل سات افسران کے خلاف سخت کاروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معطل افسران کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی کی جارہی ہے۔ بھوس ریڈی نے بتایا کہ آگرہ زون کے جوائنٹ آبکاری کمشنر روی شنکر پاٹھک کو فوری اثر سے معطل کرتے ہوئے جوائنٹ آبکاری کمشنر، لکھنو دھیرجن سنگھ کو اڈیشنل چارج دیا گیا ہے۔اسی طرح سے یوپی آبکاری کمشنر، علی گڑھ انچار ج او پی سنگھ کو معطل کرتے ہوئے آگرہ کے ڈپٹی آبکاری کمشنر وجے کمار مشر کو اضافی انچارج دیا گیا ہے۔
قبل ذکر ہے کہ علی گڑھ میں زہریلی شراب پینے سے تقریبا 90سے زیادہ افراد کی اموات ہوچکی ہیں جبکہ متعدد افراد ابھی بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

31 May 2021, 7:35 PM

یوپی: بلیک فنگس کا قہر جاری، اب تک 54 مریضوں نے گنوائیں آنکھیں

لکھنو: عالمی وبا کورونا وائرس کی خطرناکی سے ابھی عوام کو راحت بھی نہیں ملی ہے کہ نئے مرض بلیک فنگس نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔بلیک فنگس کی شناخت کےبعد سے اب تک ریاست میں تقریبا ایک ہزار سے زیادہ مریض اس کی زد میں آچکے ہیں جن میں سے 54 نے اپنی آنکھیں اور 80افراد نے جانیں گنوائیں ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے موصول ہورہی اطلاعات کے مطابق بلیک فنگس کاقہر بڑھتا جارہا ہے لیکن اس کا مکمل علا ج ابھی نادارد ہے۔بڑے شہروں کی حالت تو قدر غنیمت ہے لیکن چھوٹے شہروں میں بلیک فنگس کے مریضوں کو صرف ریفر کرنے کے سوا ڈاکٹروں کے پاس کوئی اور چارہ نہیں ہے، اور حالت ہے یہ کہ جب تک ایسے مریض ہائر سنٹر پہنچتے ہیں ان کی حالت بگڑ چکی ہوتی ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے بلیک فنگس کی دوائیوں کی کمی نہ ہونے دینے کی ہدایت کے باوجود حقیقت یہ ہے کہ ریاست میں نہ تو دوائیوں کی دستیابی کی جانچ کا کوئی نظم نہیں ہے۔اور نہ ہی مریضوں کی مانیٹرنگ کا کوئی سسٹم۔پرائیویٹ اسپتالوں میں بلیک فنگس کے مریض زیر علاج ہیں لیکن محکمہ صحت کے پاس اس کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔

31 May 2021, 5:33 PM

70 گرام افیون کے ساتھ نوجوان گرفتار

شری گنگا نگر: راجستھان کے شری گنگا نگر ضلع میں سرحدی ہندو ملکوٹ پولیس اسٹیشن علاقے میں پولیس نے ایک نوجوان کو گرفتار کرکے اس سے 70 گرام افیون ضبط کی۔ تھانہ انچارج رام پرتاپ ورما نے بتایا کہ گزشتہ رات راجستھان-پنجاب سرحد پر پنجاوا گاؤں کے نزدیک گشت اور چیکنگ کے دوران یہ نوجوان بلندر سنگھ عرف رمیش (24) ساکن چک 1-سی (بڑی) پکڑا گیا تھا۔ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کی مزید جانچ مٹیلا راٹھن تھانہ انچارج رام بھج سوریہ کر رہے ہیں۔


31 May 2021, 4:30 PM

درخت سے بے قابو کار ٹکرائی، داروغہ کی موت

اوریا: اترپردیش کے ضلع اوریا میں گاڑی سوار کو بچانے کی کوشش میں بے قابو ہو کر کار کے درخت سے ٹکرانے پر اس میں سوار دبیاپور تھانے میں تعینات داروغہ پون کمار کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ مستقل طور سے جھانسی ضلع کے تھانہ ٹیڑھی فتح پور علاقے کے گاوں رجوارا کے رہنے والے و ضلع کے تھانہ دبیا پور میں تعینات سب انسپکٹر پون کمار یادو آج صبح تقریباً 10 بجے کسی کام سے اپنی ذاتی کار سے دبیا پور سے اوریا کی جانب جا رہے تھے۔ وہ دبیا پور ۔ اوریا شاہراہ پر ہرراج پور گاؤں کے سامنے پہنچے ہی تھے کہ تبھی اچانک کسی گاڑی کو بچانے کی کوشش میں ان کی کار بے قابو ہوکر سڑک کنارے درخت سے ٹکرا گئی، جس سے ان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔

مقامی افراد کے اطلاع پر موقع پر پہنچی پولیس نے کسی طرح کار میں پھنسے شخص کو باہر نکالا اور لاش کی شناخت دبیا پور تھانے میں تعینات داروغہ پون کمار یادو کے طور پر ہوئی۔ حادثے کے کچھ دیر بعد ایس پی اپرنا گوتم سمیت پولیس کے دیگر اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے متوفی داروغہ کے اہل خانہ کو اس کی اطلاع دی۔ اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔

31 May 2021, 3:31 PM

پڈوچیری میں کورونا وائرس کے627 نئے کیسز، 18 ہلاک

پڈوچیری: مرکز کے زیر انتظام پڈوچیری میں کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) کے کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، پیر کی صبح تک 627 نئے کیسز کی آمد کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 104453 ہوگئی ہے اور مزید 18 مریضوں کی اموات سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1536 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے ذریعہ آج صبح جاری کورونا اعداد و شمار کے مطابق اتوار کے روز 7001 افراد کی جانچ کی گئی، جس میں 627 افراد کی جانچ مثبت رپورٹ تھی۔


31 May 2021, 2:34 PM

تین لڑکیوں سمیت چار افراد کی بھیما ندی میں ڈوبنے سے موت

وجئے پورہ: کرناٹک –مہاراشٹر سرحد سے متصل لاواگی میں تین لڑکیوں سمیت چارافراد کی بھیما ندی میں ڈوبنے سے موت ہو گئی۔ پولیس نے پیر کے روز یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی شام بھیما ندی میں تیرتے وقت ڈوبنے سے تین لڑکیوں سمیت چار افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں کی شناخت آرتی (13) اور وِٹل (15) بہن بھائی اور سمیکشا(14) اور ارپیتا (13) دونوں بہنوں کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ آرتی کی لاش کو ندی سے نکال لیا گیا ہے اور باقی دیگر لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ مہاراشٹر میں مندرپ پولیس نے معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

31 May 2021, 1:31 PM

جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں آئی ای ڈی بر آمد

سری نگر: سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں پیر کی صبح ایک آئی ای ڈی بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے کے پنج گام گاؤں کے ایک باغ میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے پیر کی صبح ایک آئی ای ڈی بر آمد کی۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ای ڈی بر آمد ہوتے ہی بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا۔


31 May 2021, 12:39 PM

امریکہ کے شہر میامی میں فائرنگ، دو کی موت، 20 سے زائد زخمی

واشنگٹن: امریکہ کے شہر میامی میں فائرنگ کے واقعہ میں دو افراد کی موت اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ میامی ڈیڈ محکمہ پولیس کے ڈائریکٹر الفریڈو ’فریڈی‘ رمیریز نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ رمیرز نے ٹوئٹ کیا کہ ’’بندوق سے انجام دیئے گئے اس بزدلانہ تشدد میں دو افراد کی موت ہو گئی اور 20 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ قاتلوں نے ہجوم پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ہم انصاف کا مطالبہ کریں گے۔ سوگوار کنبوں کے تیئں میری تعزیت‘‘۔ این بی سی میامی نشریاتی ادارے کے مطابق اتوار کی صبح ایل مولا بینکٹ ہال کے باہر فائرنگ کی گئی۔

31 May 2021, 11:42 AM

سنٹرل وسٹا پروجیکٹ پر نہیں لگے گی پابندی، ہائی کورٹ نے درخواست گزار پر عائد کیا جرمانہ

دہلی میں جاری سنٹرل وسٹا پروجیکٹ کی تعمیر پر کوئی پابندی نہیں لگے گی۔ دہلی ہائی کورٹ نے اس منصوبے کو روکنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ عدالت نے درخواست دائر کرنے والے شخص پر 1 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔


31 May 2021, 10:55 AM

کولمبیا میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، پانچ پولیس اہلکار ہلاک

بوگوتا: کولمبیا کے بولیور کے دیہی علاقے میں ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے کا شکار ہونے سے پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ کولمبیا کے صدر ایوان ڈوک نے یہ اطلاع دی۔ صدر نے ٹوئٹ کیا ’’ہمیں جنوبی بولیور میں کینٹاگو میونسپل علاقہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں کولمبیا پولیس کے پانچ اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جارہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور فوجی دستوں کی جنوبی بولیورعلاقے میں راحت اور بچاؤ کاروائیاں جاری ہیں۔

31 May 2021, 9:12 AM

برازیل میں کووڈ سے 874 اموات

برازیلیا: برازیل میں کورونا وائرس سے مزید 874 افراد کی ہلاکت سے ہلاک شدگان کی تعداد 461931 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے یہ اطلاع دی۔ وزارت نے بتایا کہ کورونا کے مزید 43520 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثریں کی مجموعی تعداد 16515120 ہوگئی ہے۔ برازیل ہلاکتوں کے معاملے میں امریکہ کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی امریکی ملک انفیکشن کی ایک نئی لہرکا سامنا کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں کووڈ-19 کے کیسز اور ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کے لئے جگہ کم پڑ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔