اہم خبریں: بڈیراج پور ڈیولپمنٹ بلاک میں 22 بچے کورورنا سے متاثر

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

31 Jan 2021, 3:43 PM

بڈیراج پور ڈیولپمنٹ بلاک میں 22 بچے کورورنا سے متاثر

کونڈا گاؤن: چھتیس گڑھ کے کونڈا گاؤں ضلع کے بڈیراج پور ڈیولپمنٹ بلاک میں چل رہیں محلہ کلاس میں ایک ساتھ 22 بچے کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ سی ایچ ایم او ڈاکٹر ٹی آر کنور نے بتایا کہ بڈیراج پور میں چل رہیں محلہ کلاس میں ایک بچے کی طبیعت خراب ہونے پر اسے علاج کے لئے اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں اس کی کورونا جانچ رپورٹ پازیٹو ملی۔ اس کے بعد معاملے کی اطلاع ٹیچر کو دی گئی اور سبھی بچوں اور اساتذہ کی کورونا جانچ کی گئی۔ کل ملی اس جانچ رپورٹ میں 22 بچے کورونا سے متاثر پائے گئے۔ ان بچوں کی عمریں 11 سے 14 برس کے درمیان ہیں۔ گاؤں والوں کی بچوں کو باہر لے جانے کی مخالفت کرنے پر ہاسٹل کو ہی آئسولیشن سینٹر بناکر اس میں بچوں کو رکھا گیا ہے۔ سی ایچ ایم او نے بتایا کہ بچوں کے ساتھ ہی کچھ بچوں کے کنبوں کے افراد بھی کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں جنہیں مقامی سطح پر آئسولیٹ کیا گیا ہے۔

31 Jan 2021, 1:29 PM

صدر جو بائیڈن پیر کو کر سکتے ہیں خارجہ پالیسی پر خطاب

واشنگٹن: امریکی صدر جوزف بائیڈن پیر کو اپنی خارجہ پالیسی پر پہلا خطاب کریں گے۔ این بی سی نیوز نے اپنی رپورٹ میں ایک سینئر ایڈمنسٹریٹیو افسر کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن متعدد احکامات پر دستخط کریں گے جن میں تارکین وطن کے اہل خانہ کی تنظیم نو کے لئے ٹاسک فورس کے قیام کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ایک نیا امریکی نقطہ نظر ظاہر کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جو بائیڈن کو امید ہے کہ ان کی خارجہ پالیسی سے دنیا میں امریکہ کا مقام بحال ہوگا۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری جین پوسکی نے کہا تھا کہ جو بائیڈن پیر کو وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے بھی ملاقات کریں گے۔

31 Jan 2021, 12:37 PM

فرانس میں سیکورٹی بل اور کورونا پابندیوں کے خلاف مظاہرے

پیرس: فرانس میں سیکورٹی بل اور کورونا پابندیوں کے خلاف مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے مارچ اور مظاہرے کیے۔ یہ احتجاج پولیس سرگرمیوں کی فلم بندی اور اشاعت پر پابندی کے قانونی مسودے کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی ڈرون اور کیمروں سے نگرانی کیے جانے پر بھی فرانسیسی شہریوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔


31 Jan 2021, 11:16 AM

پی ایم مودی کی 'مان کی بات' سے پہلے راہل گاندھی نے کہا- ڈرو مت، آج ہمت کر کے چین کے بارے میں بات کرو!

چین کے ذریعہ سکم بارڈر کے قریب ایک نئی سڑک اور چوکی بنانے کی خبر پر راہل گاندھی نے کہا کہ گھبرائیں نہیں، آج چین کی بات کریں۔ غور طلب بات یہ ہے کہ آج پی ایم مودی 'من کی بات' کریں گے۔ راہل گاندھی کا اشارا وزیر اعظم مودی کے 'مان کی بات' پروگرام کی طرف ہے کہ آج وزیر اعظم مودی کو چین کے بارے میں بات کرنی چاہیے۔

31 Jan 2021, 10:29 AM

برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید 1200 افراد ہلاک

لندن: جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس ’کووڈ-19‘ کے باعث برطانیہ میں مزید 1200 مریض ہلاک ہوگئے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 500 سے زائد ہوچکی ہیں، جبکہ 37 لاکھ 96 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 65 لاکھ اور مرنے والوں کی تعداد 4 لاکھ 47 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔


31 Jan 2021, 9:23 AM

خطہ مراٹھواڑہ میں کورونا وائرس کے 173 نئے کیسز

اورنگ : مہاراشٹر کے مراٹھواڑا خطے کے آٹھ اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 173 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اتوار کے روز ہیلتھ افسران نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مدت کے دوران کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے دو مریض اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سبھی ضلع ہیڈ کوارٹرز سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصہ کے دوران ضلع ناندیڑ میں 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک مریض کی موت ہوگئی، جبکہ ضلع اورنگ آباد میں 30 نئے کیسز اور ایک مریض کی موت ہوگئی۔ ضلع لاتور میں 38، ضلع جالنہ میں 32، ضلع بیڈ اور ضلع ہنگولی میں پانچ پانچ اورضلع پربھنی میں تین نئے کیسز سامنے آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔