اہم خبریں: سینئر وکیل ظفریاب جیلانی کو ’برین ہیمریج‘، میدانتا اسپتال میں داخل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

20 May 2021, 8:33 PM

ظفریاب جیلانی کو ’برین ہیمریج‘، گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری ظفریاب جیلانی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سینئر وکیل ظفریاب جیلانی کو برین ہیمریج ہوا ہے۔ انھیں علاج کے لیے گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جانکاری کے مطابق برین ہیمریج کے بعد ظفریاب جیلانی بیہوش ہو گئے تھے۔ دفتر سے نکلتے وقت پیر پچھلنے سے وہ گر گئے جس سے ان کے سر میں چوٹ لگ گئی۔ بعد ازاں اچانک بلڈ پریشر بڑھ گیا۔ فی الحال ان کا بلڈ پریشر نارمل بتایا جا رہا ہے۔ حادثہ کے بعد ظفریاب جیلانی کے اہل خانہ انھیں لے کر میدانتا پہنچے تھے۔

20 May 2021, 7:29 PM

مرکز کی آکسیجن مختص کرنے کی پالیسی پر اتراکھنڈ ہائی کورٹ نےاٹھائے سوال

نینی تال: ملک میں آکسیجن کی شدید قلت کے درمیان، اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کی آکسیجن کرنے کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے ریاست سے دوبارہ اس معاملے میں مرکز سے بات کرنے کی پیش کش کرنے کے لئے کہا ہے۔ در اصل کووڈ 19 وبا کے بارے میں ہائی کورٹ میں تقریباً چھ مختلف مفاد عامہ کی عرضیاں دائر کی گئیں ہیں۔ جمعرات کو ان درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ اسی دوران، ریاست میں آکسیجن کی کمی کا معاملہ اٹھا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ ریاست میں آکسیجن کی مقدار بڑھانے کے لئے 7 مئی کو مرکزی حکومت کو ایک خط بھیجا گیا ہے، لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

ریاستی حکومت کی طرف سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ ریاست کے دہرادون، ہری دوار اور ادھم سنگھ نگر میں تین موجود تین آکسیجن پلانٹوں سے 358 ٹن آکسیجن تیار ہوتی ہے۔ اس کا الاٹمنٹ مرکز کی نگرانی میں کیا جاتا ہے۔ لہذا، ریاست کو صرف 183 ٹن آکسیجن دستیاب کرائی جاتی ہے۔ باقی آکسیجن مرکز کی ہدایت پر دیگر ریاستوں کو بھیجی جاتی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اس کے بدلے میں اتراکھنڈ میں جھارکھنڈ کے جمشید پور اور مغربی بگال کے درگاپور سے آکسیجن مہیا کرائی جاتی ہے۔ جو غیر معمولی طور پر استعمال کے قابل نہیں ہے۔ نیز، اس میں زیادہ وقت اور رقم ضائع ہوتی ہے، جو کورونا کی وبا کے لئے موزوں نہیں ہے۔ عدالت نے اسے سنجیدگی سے لیا اور مرکز کی آکسیجن مختص کرنے کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تیار ہونے والی آکسیجن پر پہلا حق اسی ریاست کے لوگوں کا ہونا چاہیے۔ عدالت نے اس پر بھی سوال کھڑے کئے کہ ریاست کی آکسیجن بیرونی ریاستوں کو بھیجی جارہی ہے اور ریاست کو جھارکھنڈ اور بنگال سے آکسیجن فراہم کی جارہی ہے۔

20 May 2021, 6:28 PM

کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک ہوگی: ضلع مجسٹریٹ ادھم پور

ادھم پور: ضلع مجسٹریٹ ادھم پور اندھو کنول چب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک ہوگی اور یہاں تک کہ چھوٹے بچے بھی اس وبا کی زد میں آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلیک فنگس بھی خطرناک بیماری ہے جس کی وجہ سے انسانی اعضا بالخصوص آنکھیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ اندھو کنول چب نے جمعرات کو یہاں لوگوں سے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’تیسری لہر چھوٹے بچوں کو متاثر کرے گی۔ یعنی گھر میں جو سب سے چھوٹا بچہ ہوگا وہ بھی کووڈ کی زد میں آ جائے گا۔‘‘


20 May 2021, 5:30 PM

جیل میں جشن کا ویڈیو وائرل، چار قیدیوں پر معاملہ درج

لدھیانہ: پنجاب میں لدھیانہ سنٹرل جیل میں قیدیوں کے جشن منانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد چار قیدیوں کے خلاف کل رات معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ڈویزن نمبر سات تھانہ انچارج ستبیر سنگھ نے بتایا کہ ویڈیو سے متعلق معاملہ میں چار قیدیوں کو نامزد کیا گیا ہے اور انہیں ریمانڈ میں لیکر (ملزم پہلے سے جیل میں ہے) پوچھ گچھ اور جانچ کی جائے گی جو بھی قصوروار پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سوشل میڈیا میں ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں کچھ قیدی جیل میں شراب اور حقہ پیتے و جشن مناتے نظر آرہے ہیں۔

20 May 2021, 4:30 PM

کورونا کی جعلی رپورٹ، تین ڈاکٹروں سمیت چھ گرفتار

بنگلورو: کرناٹک کی ہلاسورو گیٹ پولیس نے جعلی کورونا رپورٹ بنانے پر مبینہ طور پر ملوث تین ڈاکٹروں سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جمعرات کو پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد میں آیوروید ڈاکٹر پرجوالا، اس کے شوہر، دانتوں کا ڈاکٹر شیکھر نمونہ جمع کرنے والے ایشور، موہن اور ڈیٹا آپریٹر ورون شامل ہیں۔ یہ سبھی ریمیڈیشیور کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث تھے۔ پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔


20 May 2021, 3:29 PM

کورونا سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی اندرون 15 دن موت

حیدرآباد: کورونا وبا نے کئی افراد کی جانیں لی ہیں۔ تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں اس موذی مرض کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی 15 دن میں موت ہوگئی۔ ضلع کے دھرپلی منڈل کے واڈی دیہات میں سائیماں کے شوہر گنگا رام کی اس ماہ کی 4 تاریخ کو کورونا سے موت ہوگئی۔ اس کی بہو سندھیا جو اس مرض سے متاثر تھی کی بھی حیدرآباد میں علاج کے دوران اس ماہ کی 14 تاریخ کو موت ہوگئی۔ سندھیا حاملہ تھی۔ اس نے بچہ کو جنم دیا جس کے فوری بعد اس کی کورونا سے موت ہوگئی۔ سندھیا کی موت کے پانچ دن بعد اس کی ساس لتا کی بھی کورونا سے موت ہوگئی۔ وہ بھی اس موذی مرض سے متاثر تھی۔ اندرون 15 دن ایک ہی خاندان کے تین افراد کی کورونا سے موت ہونے کے سبب علاقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

20 May 2021, 2:35 PM

مالی پریشانیوں سے تنگ پرائیویٹ ٹیچر کی خودکشی

حیدرآباد: کورونا بحران کے دوران اسکول بند ہونے کے بعد ملازمت سے محروم ایک پرائیویٹ ٹیچر نے خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق تلنگانہ کے ضلع یادادری کے ولیگونڈا منڈل کے گاؤں کنچن پلی کا 30 سالہ روی ورما ریڈی حیدرآباد کے ایک پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر کی حیثیت سے ملازمت کرتا تھا۔ کورونا کے سبب اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے جس سے روی ورما کی ملازمت ختم ہوگئی اور مالی مشکلات کا سامنا شروع ہوگیا۔ دوسری ملازمت نہ ملنے پر روی ورما حیدرآباد سے اپنے آبائی گاؤں گزشتہ روز واپس ہوگیا اور مالی پریشانیوں سے تنگ آکر گھر میں ہی فین سے لٹک کر خودکشی کرلی،روی ورما کی بیوی اور ایک بیٹا ہے۔


20 May 2021, 12:31 PM

دموہ میں کورونا کے 80 نئے کیسز، 3 کی موت

دموہ: مدھیہ پردیش کے ضلع دموہ میں کورونا کے 80 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 8532 ہوگئی ہے۔ چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر سنگیتا ترویدی نے بتایا کہ گزشتہ رات جاری بلیٹن میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ضلع میں 80 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور تین مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ اب تک 465 مریضوں کی موت ہو گئی ہے۔ وہیں 5960 مریض صحتیاب ہوئے ہیں، ایکٹو کیسز2107 ہیں۔

20 May 2021, 11:30 AM

دہلی میں بارش نے 35 سال کا توڑا ریکارڈ

دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی بارش نے 35 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 51 سال کے بعد اتنا کم رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں 35 سال بعد مئی کے مہینے میں ایک ماہ میں اتنی بارش ہوئی ہے۔ سمندری طوفان کی وجہ سے دہلی کے صفدرجنگ میں 24 گھنٹوں کے دوران 119.3 ملی میٹر اور پالم میں 63.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل 24 مئی 1976 کو 24 گھنٹوں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔


20 May 2021, 10:32 AM

مراٹھواڑہ میں کورونا کے 3888 نئے کیسز اور93 ہلاکتیں

اورنگ آباد: مہاراشٹر کے خطہ مراٹھواڑہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ- 19 کے 3888 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 93 مریضوں کی ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔ جمعرات کو خطہ کے مختلف اضلاع کے ہیلتھ افسران نے’یواین آئی‘ کو یہ تفصیلات بتائیں۔ تفصیلات کے مطابق خطے کے ان آٹھ اضلاع میں سے ضلع بیڈ سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں کورونا وائرس کے 1017 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 30 ​​افراد کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد ضلع لاتور میں 641 نئے کیسز اور 20 افراد کی موت ہوگئی جبکہ اورنگ آباد میں 578 نئے کیسز اور 15 مریض اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اسی طرح ضلع پربھنی میں 283 نئے کیسزاور 12 مریضوں کی موت ، ضلع عثمان آباد میں 449 کیسزاورآٹھ افراد کی موت، ضلع ناندیڑ میں 208 نئے کیسز اور چھ افراد کی موت، ضلع ہنگولی میں 95 نئے کیسزاورتین مریضوں کی موت اور ضلع جالنا میں617 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور دو مریضوں کی موت ہوگئی۔

20 May 2021, 9:18 AM

اسرائیلی حملہ کے جلو میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس آج

نیویارک: فلسطین پر اسرائیل کے بہیمانہ حملوں کے بعد کشیدہ صورتحال پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس آج پھر ہو گا۔ مظلوم و بے کس فلسطینیوں کے لئے اقوام متحدہ میں آواز بلند کرنے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیو یارک پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان، ترکی، سوڈان اور فلسطین کے وزرائے خارجہ ایک ساتھ گئے ہیں۔ تیونس کے وزیر خارجہ بھی قافلے میں شامل ہیں۔ تیونس کے وزیر خارجہ سے تیونس میں طیارے کی ری فیولنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ہے کہ قبلہ اول کی بے حرمتی پر مسلم امہ اضطراب میں ہے۔ پاکستان، فلسطینیوں کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔