اہم خبریں: ٹی-20 کے دلچسپ مقابلے میں ہندوستان نے انگلینڈ کو 8 رن سے دی شکست

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18 Mar 2021, 11:22 PM

ٹی-20 کرکٹ: دلچسپ مقابلے میں ہندوستان نے انگلینڈ کو 8 رنوں سے دی شکست

انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی-20 مقابلے میں ہندوستان نے فتحیابی حاصل کر لی ہے۔ آخری اوور میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 23 رنوں کی ضرورت تھی اور جوفرا آرچر کی بہترین بلے بازی سے آخری تین گیندوں پر 10 رن رہ گئے تھے، لیکن شردل ٹھاکر نے ان تین گیندوں پر محض 1 رن دیے اور کرس جورڈن کا وکٹ بھی لے لیا۔ اس طرح ہندوستان کو 8 رنوں سے فتح حاصل ہوئی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پانچ ٹی-20 مقابلوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں 2-2 سے برابری پر پہنچ گئی ہیں۔ پانچواں اور آخری میچ 20 مارچ کو کھیلا جائے گا اور اس میچ کو جیتنے والی ٹیم کپ کی حقدار بنے گی۔

18 Mar 2021, 10:54 PM

انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن کو بھی شردل ٹھاکر نے کیا آؤٹ

اسٹوکس کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلے ہی گیند پر شردل ٹھاکر نے کپتان ایان مورگن کو بھی آؤٹ کر دیا ہے۔ اب انگلینڈ کی ٹیم مشکل میں نظر آ رہی ہے کیونکہ 6 وکٹ آؤٹ ہو چکے ہیں۔ اس وقت 17 اوور میں 146 رن بن چکے ہیں، یعنی 18 گیندوں پر 40 رن کی ضرورت ہے۔ کریز پر کرس جورڈن اور ٹام کرن موجود ہیں۔

18 Mar 2021, 10:48 PM

خطرناک نظر آ رہے بین اسٹوکس 46 رن بنا کر آؤٹ

انگلینڈ کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی ہے۔ خطرناک نظر آ رہے بین اسٹوکس کو 46 رن کے انفرادی اسکور پر شردل ٹھاکر نے سوریہ کمار یادو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ انگلینڈ کا اسکور اس وقت 140 رن ہے، یعنی جیت کے لیے 23 گیندوں پر 46 رن کی ضرورت ہے۔


18 Mar 2021, 10:44 PM

بیرسٹو آؤٹ، 131 رن کے اسکور پر گرا انگلینڈ کا چوتھا وکٹ

18 Mar 2021, 10:04 PM

انگلینڈ کو لگا تیسرا جھٹکا، جیسن رائے بھی آؤٹ

نویں اوور کی پانچویں گیند پر ہندوستان نے انگلینڈ کو تیسرا جھٹکا دے دیا ہے۔ انگلینڈ کے 3 کھلاڑی 66 رن پر آؤٹ ہو گئے ہیں اور تیسرا وکٹ خطرناک نظر آ رہے جیسن رائے کا گرا ہے جنھیں ہارڈک پانڈیا کی گیند پر سوریہ کمار یادو نے باؤنڈری پر کیچ کیا۔


18 Mar 2021, 9:32 PM

ٹی-20 میچ: جوس بٹلر 9 رن بنا کر آؤٹ

ہندوستان کے خلاف جیت کے لیے 186 رن کا ہدف حاصل کرنے کے لیے اتری انگلینڈ کی ٹیم کا پہلا وکٹ آؤٹ ہو چکا ہے۔ جوس بٹلر 9 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے ہیں اور ان کا وکٹ بھونیشور کمار کے حصے میں گیا ہے۔

18 Mar 2021, 9:04 PM

چوتھے ٹی-20 مقابلہ میں ہندوستان نے انگلینڈ کے سامنے رکھا 186 رن کا ہدف

چوتھے ٹی-20 بین الاقوامی مقابلہ میں ہندوستان نے انگلینڈ کے سامنے جیت کے لیے 186 رن کا ہدف رکھا ہے۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 185 رن بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے سب سے زیادہ 4 وکٹ لیے۔ انھوں نے 4 اوور میں 33 رن دیے۔


18 Mar 2021, 8:52 PM

ہاردک پانڈیا آؤٹ، بین اسٹوکس نے لیا زبردست کیچ

تیزی سے رن بنانے کی کوشش میں ہندوستانی بلے باز ہارڈک پانڈیا 7 گیندوں پر 11 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 19 اوور میں 174 رن ہو چکا ہے اور شریس ائیر کے ساتھ شردل ٹھاکر بلے بازی کرنے پہنچے ہیں۔

18 Mar 2021, 8:39 PM

ہندوستان کو لگا پانچواں جھٹکا، رشبھ پنت آؤٹ

رشبھ پنت 30 رن بنا کر جوفرا آرچر کا شکار بن گئے ہیں۔ اس طرح سے ہندوستان کو پانچواں جھٹکا لگ گیا ہے۔ ان سے پہلے تیز طرار 57 رن بنا کر سوریہ کمار یادو آؤٹ ہوئے تھے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 16.2 اوور میں 144 رن ہے۔ گویا کہ ہندوستان بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہا ہے۔


18 Mar 2021, 8:04 PM

سوریہ کمار کی دھماکہ دار بلے بازی، ہندوستان کے 3 وکٹ آؤٹ

انگلینڈ کے خلاف پہلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کی پوزیشن اس وقت مستحکم نظر آ رہی ہے۔ 12 اوور میں ہندوستان نے 3 وکٹ کے نقصان پر 92 رن بنا لیے ہیں، لیکن اس کے تین اہم وکٹ آؤٹ بھی ہو گئے ہیں۔ روہت شرما، کے ایل راہل اور کپتان وراٹ کوہلی جلدی جلدی آؤٹ ہو گئے، لیکن سوریہ کمار یادو نے دھماکہ دار بلے بازی کرتے ہوئے 28 گیندوں پر 50 رن بنا لیے ہیں۔ سوریہ کمار یادو کا ساتھ اس وقت رشبھ پنت دے رہے ہیں جو 10 گیندوں پر 7 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

18 Mar 2021, 7:04 PM

چوتھا ٹی-20 مقابلہ: وراٹ کوہلی پھر ٹاس ہارے، انگلینڈ کے کپتان مورگن نے دی بلے بازی کی دعوت

پانچ ٹی-20 مقابلوں کی سیریز کا آج چوتھا میچ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان احمد آباد واقع نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ آج ایک بار پھر ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی ٹاس ہار گئے اور انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن نے ٹاس جیتنے کے بعد ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ اس سیریز میں 1-2 سے آگے ہے اور آج کا میچ جیت کر ہندوستان برابری کرنا چاہے گی تاکہ پانچواں اور آخری مقابلہ دلچسپ ہو۔


18 Mar 2021, 6:31 PM

اگر بی جے پی انتخابات کے دوران رقم تقسیم کرے تو اس کے سامنے سر نہ جھکائیں... ممتا بنرجی

کھڑگ پور میں مغربی بنگال کی سی ایم ممتا بنرجی نے کہا کہ میری آپ لوگون سے ایک درخواست ہے کہ اگر بی جے پی انتخابات کے دوران رقم تقسیم کرے تو، اس پیسہ کے سامنے اپنا سر مت جھکانا، یاد رکھنا یہ عوام کی ہی رقم ہے۔

18 Mar 2021, 5:29 PM

وڈوڈرا کے اسپتال میں بھیانک آتشزدگی، کورونا کے 23 مریضوں کو بحفاظت نکالا گیا

وڈوڈرا: گجرات کے وڈوڈرا کے شہری علاقے میں واقع ایک اسپتال میں بدھ کے روز لگنے والی خوفناک آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس عرصے کے دوران، اسپتال میں داخل کورونا وائرس کے 17 مریضوں سمیت 23 کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ جمعرات کے روز فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے بتایا کہ بدھ کی رات دیر گئے وجئے ولبھ اسپتال میں اچانک آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکار 18 فائر انجنوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ آدھی رات کو لگنے والی آگ پر قابو پالیا اور تین گھنٹے کی سخت محنت کے بعد اسپتال میں داخل ہونے والے 17 کورونا مریضوں سمیت 23 مریضوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ آگ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ آگ لگنے کی وجوہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔