اہم خبریں: گجرات کے ساحل پر پہنچا گردابی طوفان تاؤتے، موسلادھار بارش شروع

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

17 May 2021, 10:38 PM

گجرات: ساحل پر پہنچا گردابی طوفان تاؤتے، موسلادھار بارش شروع

گردابی طوفان ’تاؤتے‘ گجرات کے ساحل پر پہنچ چکا ہے۔ احمد آباد میں موسلادھار بارش شروع ہو گئی ہے اور ایسا کہا جا رہا ہے کہ اس وقت 175 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ فی الحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ کچھ گھنٹوں میں یہ طوفان خطرناک شکل اختیار کر سکتا ہے۔

17 May 2021, 9:05 PM

جرمنی سے 7 آکسیجن جنریشن پلانٹ سری نگر پہنچے

سری نگر: انڈین ایئر فورس نے جرمنی کے شہر میونخ سے 7 جدید ترین آکسیجن جنریشن پلانٹوں کو ایئر لفٹ کر کے سری نگر پہنچا دیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کو دوپہر کے وقت انڈین ایئر فورس کے کارگو طیاروں، جن میں آکسیجن جنریشن پلانٹ لدے ہوئے تھے، نے یہاں ٹیکنیکل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان، صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آکسیجن جنریشن پلانٹوں کی فراہمی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا گیا: 'جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کو 7 آکسیجن پلانٹ فراہم کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا انتہائی مشکور ہوں۔ ان کی مداخلت سے انڈین ایئر فورس نے ان آکسیجن پلانٹس کو میونخ جرمنی سے ایئر لفٹ کر کے سری نگر پہنچا دیا ہے'۔ ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا: 'نئے آکسیجن پلانٹوں میں پانچ ایک ہزار ایل پی ایم کے، ایک 1500 اور ایک 600 ایل پی ایم کی گنجائش والا ہے۔ ان کی بدولت پہلے سے موجود صلاحیت میں مزید 7100 ایل پی ایم کا اضافہ ہوگا'۔

17 May 2021, 8:29 PM

حسینۂ کائنات کا خطاب میکسیکو کی اینڈریا میزا کے نام

ماسکو: میکسیکو کی اینڈریا میزا نے ’حسینۂ کائنات 2021‘ کا خطاب جیت لیا اس سال کے حسینۂ کائنات مقابلے کا انعقاد امریکہ کے فلوریڈا میں ہوا اور اتوار کو اس کے آخری دور کا مقابلہ تھا مس یونیورس مقابلہ کے منتظمین نے ٹوئٹ کیا ’’نئی حسینۂ کائنات میکسیکو کی ہیں‘‘ اس مقابلے میں ہندوستان کی ایڈلن کاسٹیلینو نے تیسرے رنر اپ کا اعزاز حاصل کیا۔ مس ڈومینیکن ریپبلک کمبرلی جمنیز چوتھی رنر اپ رہیں جبکہ سیکنڈ رنر اپ کا خطاب مس پیرو جینک مکیٹا کو ملا۔ اینڈریا میزا سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتی ہیں۔ میزا اپنے ’سیلف ٹائٹل‘ اتھلیٹک کپڑوں کے برانڈ اینڈریا میزا ایکٹوویئر کی بھی مالک ہیں۔


17 May 2021, 7:29 PM

تاؤتے طوفان: ممبئی ائیر پورٹ رات 8 بجے تک کے لیے بند

مہاراشٹر کے الگ الگ حصوں میں گردابی طوفان تاؤتے کا اثر دکھائی دے رہا ہے۔ گردابی طوفان کو دیکھتے ہوئے ممبئی ائیر پورٹ رات 8 بجے تک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر لوکل ٹرینوں کی سروس بھی روک دی گئی ہے۔ لوگوں کو بلاسبب گھروں سے نہ نکلنے کی صلاح بھی دی گئی ہے۔

17 May 2021, 6:56 PM

سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کی حالت میں بہتری، جنرل وارڈ میں منتقل

سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کی طبیعت میں کافی بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اعظم خان کا علاج میدانتا اسپتال میں چل رہا ہے اور وہاں کے ڈاکٹروں نے ان کی بہتر طبیعت کو دیکھتے ہوئے آئی سی یو سے جنرل وارڈ میں منتقل کر دیا ہے۔


17 May 2021, 4:27 PM

رافیل نڈال بنے 10 ویں مرتبہ اٹیلین اوپن کے بادشاہ

روم: دوسری سیڈ اسپین کے رافیل نڈال نے دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کو تین سیٹوں کے مقابلے میں 7-5, 1-6, 6-3 سے ہراکر ریکارڈ دسویں مرتبہ اٹیلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔ نڈال نے اس طرح ریکارڈ برابری کرنے والا 36 واں اے ٹی پی ماسٹرس 1000 خطاب جیتا ور اس معاملے میں جوکووچ کی برابری پر آگئے۔ دونوں کے بیچ یہاں 57 واں مقابلہ تھا اور وہ سربیائی کھلاڑی کے خلاف کیریر ریکارڈ میں 29-28 پر آگئے ہیں۔ نڈال نے سربیا کے کھلاڑی کے خلاف روم میں اپنا ریکارڈ 6-3 کرلیا ہے اور روم کے فائنل میں اپناریکارڈ 4-2 پہنچا دیا ہے۔ فتح کے بعد نڈال نے کہا کہ "میں روم میں 10 واں خطاب جیتنا چاہتا تھا۔ یہ میرے لئے ایک اہم خطاب ہے۔ فرنچ اوپن میں 10، مونٹے کارلو میں 10 اور بارسلونا میں 10 خطاب کے بعد میں یہ اعزاز جیتنا چاہتا تھا۔ ''نڈال کے کیریئر کی یہ 88 ویں اے ٹی پی ٹور جیت ہے اور وہ ریس ٹو تورین میں چھٹے نمبر پر ہیں۔

17 May 2021, 2:30 PM

جون پور میں کمسن لڑکی کا گلا ریت کر قتل

جون پور:اتر پردیش کے ضلع جون پور کے علاقے سرپتہاں میں پیر کے روز ایک لڑکی کا گلا ریت کر قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق علاقے کے جمدرہ گاؤں کے رہائشی لال منی کی بیٹی پرینکا (20) اتوار کی رات کھانا کھانے کے بعد اپنے کمرے میں سونے کے لئے گئی تھی۔ کنبے کے دیگر افراد برآمدہ میں سو رہے تھے۔ جب صبح کے وقت پرینکا کافی دیر تک باہر نہیں نکلی تو کنبہ کے افراد اسے بیدار کرنے کے لئے اس کے کمرے میں گئے، تو دیکھا اس کا گلا ریت کر قتل کر دیا گیا اور اس کا جسم خون میں لت پت پڑا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس راج کرن نیئر بھی موقع پرپہنچ گئے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔


17 May 2021, 1:06 PM

مکان میں آگ لگنے سے ایک شخص زندہ جھلس کر ہلاک

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے حیدرگوڑہ کے اونتی نگر کے ایک مکان میں آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں ایک شخص زندہ جھلس کر ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر چار زخمی ہوگئے۔ اے سی میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کی وجہ سمجھی جا رہی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ تقریباً چار بجے صبح یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب 38 سالہ گاوری ناتھ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مکان میں سو رہے تھے کہ اچانک اے سی سے آگ نکلنی شروع ہوگئی اور گھر میں دھواں بھرگیا جس کے نتیجہ میں تمام افراد پریشان ہوگئے۔ پڑوسیوں کی جانب سے فائربریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس کے بعد فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ شنکر کی موت جھلس جانے کی وجہ سے ہوئی۔ دیگر افراد کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو ابتدائی طبی امداد پہنچائی گئی۔ ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ نارائن گوڑہ پولیس نے اس سلسلہ میں جانچ شروع کر دی۔

17 May 2021, 11:33 AM

ناردا اسٹنگ آپریشن معاملے میں ممتا بنرجی کے وزیر فرہاد حکیم گرفتار

کلکتہ: ممتا بنرجی کے کابینہ کے سینئر وزیر فرہاد حکیم کو آج صبح سی بی آئی نے ان کے گھر سے ناردا اسٹنگ آپریشن معاملے میں گرفتار کرلیا ہے. ریاستی وزیر نے کہا ہے کہ یہ پوری کارروائی کسی پیشگی اطلاع کے بغیر کی گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتہ ہی فرہاد حکیم نے وزارت کاحلف لیا تھا۔


17 May 2021, 9:50 AM

اسرائیل نے حماس کے 1500 اہداف کو نشانہ بنایا… نیتن یاہو

تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے گزشتہ روز کہا کہ ہماری مسلح افواج نے حالیہ دنوں میں غزہ پٹی میں 1500 اہداف کو نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے فلسطین کے حماس مہم کے انفراسٹرکچر کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔ نیتن یاہو نے آرمی ہیڈ کوارٹرز میں ایک بریفنگ میں کہا کہ “دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ہماری مہم پوری طاقت کے ساتھ جاری ہے۔ ہم حماس کو اس کی جارحیت کی زیادہ قیمت ادا کرنے پر مجبور کریں گے۔ حالیہ دنوں میں اسرائیلی دفاعی دستوں نے 1500 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ "

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔