اہم خبریں LIVE: 'منی پور میں راحتی کیمپ موجود، لیکن کھانا دستیاب نہیں'، لوک سبھا میں کنی موژی کا بیان

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

09 Aug 2023, 4:20 PM

'منی پور میں راحتی کیمپ موجود، لیکن کھانا دستیاب نہیں'، لوک سبھا میں کنی موژی کا بیان

ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ کنی موژی کروناندھی نے آج لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پر بحث کے دوران کہا کہ "منی پور میں سینکڑوں راحتی کیمپ ہیں، لیکن کھانا دستیاب نہیں ہے۔ لوگ خوف میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ہم وہاں انھیں یہ بتانے گئے تھے کہ اِنڈیا ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم دیکھنا چاہیں گے کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے یا نہیں۔"

09 Aug 2023, 3:38 PM

سنسد ٹی وی پر راہل گاندھی کو محض 4 منٹ دکھائے جانے سے کانگریس ناراض

راہل گاندھی نے لوک سبھا میں آج تحریک عدم اعتماد پر بحث کے دوران اپنی باتیں رکھیں۔ انھوں نے تقریباً 16 منٹ کی تقریر کی لیکن کانگریس اس بات سے ناراض دکھائی دے رہی ہے کہ سنسد ٹی وی پر ان کا چہرہ محض 4 منٹ ہی دکھایا گیا، باقی وقت لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کا چہرہ دکھایا گیا۔ ایک ٹوئٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ "تاناشاہ کتنا ڈرپوک ہے... سمجھیے! راہل گاندھی جی ایوان میں منی پور پر 15 منٹ 42 سیکنڈ بولے۔ اس دوران سنسد ٹی وی پر 11 منٹ 8 سیکنڈ تک اسپیکر اوم برلا جی کو دکھایا گیا۔ راہل جی کو صرف 4 منٹ دکھایا گیا۔"

09 Aug 2023, 2:34 PM

صرف یو پی میں ہی نہیں، مرکز کو قومی سطح پر کرانی چاہیے ذات پر مبنی مردم شماری: مایاوتی

بہوجن سماج پارٹی چیف مایاوتی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے "بی ایس پی کا مطالبہ ہے کہ صرف یو پی میں ہی نہیں بلکہ مرکز کو قومی سطح پر بھی ذات پر مبنی مردم شماری کرانی چاہیے... سماج کے غریب، کمزور، محروم اور استحصال زدہ لوگوں کو ملک کی ترقی میں مناسب شراکت دار بنا کر انھیں اصل دھارے میں لانے کے لیے ایسی مردم شماری ضروری ہے۔"


09 Aug 2023, 1:46 PM

تحریک عدم اعتماد پر بولنے کے بعد راہل گاندھی راجستھان دورہ کے لیے روانہ

راہل گاندھی نے آج لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پر بولتے ہوئے مرکزی حکومت اور پی ایم مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے منی پور ہی نہیں، ہریانہ کے نوح میں ہوئے تشدد کے لیے بھی بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور انھیں بھارت ماتا کا قاتل تک کہہ ڈالا۔ راہل گاندھی کے اس بیان پر لوک سبھا میں خوب ہنگامہ بھی دیکھنے کو ملا۔ راہل گاندھی لوک سبھا میں اپنی تقریر کے بعد اب راجستھان دورہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

09 Aug 2023, 12:49 PM

'آپ محب وطن نہیں، ملک کے غدار ہیں'، راہل گاندھی کا مرکزی حکومت پر حملہ

راہل گاندھی لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پر اپنی بات رکھ رہے ہیں اور انھوں نے اس دوران اپنے منی پور دورہ کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے مرکزی حکومت اور پی ایم مودی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ "انھوں نے منی پور میں ہندوستان کا قتل کیا ہے۔ انھوں نے منی پور میں ہندوستان کو مارا ہے۔ ہندوستان کا منی پور میں قتل کیا ہے۔" راہل گاندھی کے اس بیان پر برسراقتدار طبقہ نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ مرکزی وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ "منی پور میں 7 دہائی میں جو ہوا، اس کے لیے کانگریس ذمہ دار ہے۔ راہل گاندھی کو اس کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔" حالانکہ راہل گاندھی نے پی ایم مودی اور مرکز پر حملہ جاری رکھا اور کہا کہ "آپ محب وطن نہیں ہیں، ملک کے غدار ہیں۔ آپ نے منی پور میں بھارت ماں کا قتل کیا ہے۔"


09 Aug 2023, 12:21 PM

لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع، راہل گاندھی کی تقریر جاری

لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پر آج دوسرے دن کی بحث شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی اپنی بات ایوان کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ انھوں نے اس دوران کہا کہ وہ آج دماغ سے نہیں بلکہ دل سے بولیں گے۔ راہل گاندھی نے ساتھ ہی کہا کہ آج وہ بی جے پی کے 'متروں' پر بہت زیادہ حملہ نہیں کریں گے، اس لیے انھیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

09 Aug 2023, 11:10 AM

تحریک عدم اعتماد: 12 بجے لوک سبھا میں اپنی بات رکھیں گے راہل گاندھی

لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ راہل گاندھی آج تحریک عدم اعتماد پر اپنی بات رکھیں گے۔ ادھیر نے کہا کہ "راہل گاندھی دوپہر 12 بجے ہماری طرف سے شروعات کریں گے۔" واضح رہے کہ لوک سبھا میں آج دوسرے دن اپوزیشن کے ذریعہ لائی گئی تحریک عدم اعتماد پر بحث ہوگی۔


09 Aug 2023, 9:24 AM

اے ایس آئی کی ٹیم آج پھر گیانواپی احاطہ کا سروے کرنے پہنچی

گیانواپی مسجد احاطہ کا سروے لگاتار جاری ہے۔ آج صبح پھر اے ایس آئی کی ٹیم وارانسی واقع گیانواپی مسجد پہنچی ہے اور یہ سروے کا چھٹا دن ہے۔ عدالت کے ذریعہ دی گئی ہدایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اے ایس آئی کی ٹیم سروے کر رہی ہے۔ اس بات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے کہ کسی بھی ڈھانچہ کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچنے پائے۔

09 Aug 2023, 8:27 AM

دہلی: گاندھی نگر مارکیٹ واقع پلائی بورڈ کی دکان میں شدید آتشزدگی

دہلی کے گاندھی نگر مارکیٹ میں ایک پلائی بورڈ کی دکان میں آگ لگ گئی ہے۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی 21 گاڑیاں موجود ہیں۔ آگ پر قابو پانے کی کوشش لگاتار جاری ہے۔ فائر بریگیڈ محکمہ کے ایک افسر نے کہا کہ پلائی ووڈ کی دکان میں یہ آگ لگی ہے جس کی وجہ کا پتہ فی الحال نہیں لگ سکا ہے۔ آگ لگنے کی خبر صبح تقریباً چار بجے فون پرملی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔