اہم خبریں LIVE: مہاراشٹر حکومت ہندو تنظیموں کی نفرت انگیز تقاریر پر قابو کیوں نہیں پا سکی؟ سپریم کورٹ نے مانگا جواب

وزیر اعظم مودی / ٹوئٹر
مہاراشٹر حکومت ہندو تنظیموں کی نفرت انگیز تقاریر پر قابو کیوں نہیں پا سکی؟ سپریم کورٹ نے مانگا جواب
سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت سے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے باوجود ہندو تنظیموں کی طرف سے نفرت انگیز تقاریر پر قابو پانے میں ناکام ہونے پر اس کے خلاف دائر توہین عدالت کی عرضی کے سلسلہ میں جواب داخل کرے۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے کی سماعت کے لئے 28 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔
جمہوریت صرف ایک ڈھانچہ نہیں ہے، یہ روح بھی ہے، وزیر اعظم مودی
جمہوریت کے لیے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ’’جمہوریت صرف ایک ڈھانچہ نہیں ہے، یہ روح بھی ہے۔ یہ اس عقیدے پر مبنی ہے کہ ہر انسان کی ضروریات اور خواہشات یکساں اہم ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان میں ہمارا رہنما فلسفہ 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس' ہے ، جس کا مطلب 'جامع ترقی کے لیے مل کر جدوجہد کرنا‘ ہے۔‘‘
اپوزیشن کا کانگریس کے ساتھ آنا خوش آئند اقدام، جمہوریت کو بچانے کا یہی واحد راستہ، محبوبہ مفتی
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ’’جمہوریت کے ستون ہل چکے ہیں۔ پہلے مسلم کمیونٹی کو ہدف بنایا گیا، پھر دلت آ گئے اور پھر دوسری برادریاں، اور آخر کار معاملہ ’بی جے پی بمقابلہ تمام‘ ہو جائے گا۔ اپوزیشن کا کانگریس کے ساتھ آنا خوش آئند اقدام ہے، کیونکہ جمہوریت کو بچانے کا یہی واحد راستہ ہے۔‘‘
مالیگاؤں دھماکہ معاملہ میں ایک اور گواہ اپنے بیان سے منحرف، اب تک 31 گواہان کا انحراف
مالیگاؤں 2008 دھماکہ معاملہ میں میں ایک اور گواہ اپنے بیان سے منحرف ہو گیا ہے۔ یہ گواہ ایک مفرور ملزم کا رشتہ دار ہے۔ یہ اس معاملہ میں اب تک منحرف ہو جانے والا 31 واں گواہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 29 ستمبر 2008 کو ممبئی سے تقریباً 200 کلومیٹر دور ناسک کے مالیگاؤں قصبے میں ایک مسجد کے قریب موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ اس معاملہ کے ملزمان میں لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت، لوک سبھا ممبر پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجر رمیش اپادھیائے (ریٹائرڈ)، اجے رہیرکر، سدھاکر دویدی، سدھاکر چترویدی اور سمیر کلکرنی شامل ہیں اور یہ سبھی ضمانت پر باہر ہیں۔
مودی حکومت کے خلاف ٹی ایم سی کا احتجاج، دھرنے پر بیٹھیں ممتا بنرجی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 100 دن کے کام سمیت کئی اسکیموں کے لیے فنڈز کی منظوری نہ دینے پر مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی دیگر پارٹی لیڈران کے ساتھ آج سے شروع ہونے والے دو روزہ دھرنے پر بیٹھ گئی ہیں۔
کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے لیے الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس شروع
کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے لیے الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس شروع ہو گئی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا ’’کرناٹک میں 19-2018 کے مقابلہ پہلی بار ووٹروں کی تعداد میں 9.17 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ تمام نوجوان رائے دہندگان جو یکم اپریل تک 18 سال کے ہو جائیں گے، کرناٹک اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے۔‘‘
کانگریس صدر کا وزیر اعظم مودی پر حملہ ’ملک کو لوٹنے والوں کے خلاف کچھ نہیں بول رہے، وہ خود بدعنوان ہیں!‘
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ’’وہ (وزیر اعظم مودی) خود بدعنوان ہیں، وہ ان لوگوں کو کچھ نہیں کہہ رہے جنہوں نے ملک کو لوٹا، ان کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں ہو رہی ہے، جے پی سی نہیں بن رہی ہے، تو کیا انہوں نے بدعنوان لوگوں سے ہاتھ ملا لیا ہے؟‘‘
لکشدیپ کے رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کی لوک سبھا رکنیت بحال
این سی پی کے لیڈر اور لکشدیپ کے ایم پی محمد فیضل کی لوک سبھا کی رکنیت بحال کر دی گئی ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذریعہ ان کی رکنیت بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ہائی کورٹ نے ایک فوجداری معاملے میں ان کی سزا پر روک لگا دی تھی، جس کے بعد لوک سبھا سیکریٹ کی جانب سے یہ فیصلہ لیا گیا۔
ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2151 نئے معاملوں کی تصدیق
ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2151 معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ دریں اثنا، 1222 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 11903 ہو گئی ہے۔
بی جے پی رکن اسمبلی مدل ویروپکشپا گرفتار، لوک آیوکت پولیس کی حراست میں بھیجا گیا
کرناٹک بی جے پی کے رکن اسمبلی مدل ویروپکشپا کو رشوت خوری کے معاملہ میں گرفتار کر لیا گیا۔ انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب کرناٹک ہائی کورٹ کی جانب سے ان کی درخواست ضمانت نامنظور کر دی گئی۔ خصوصی عوامی نمائندگی عدالت نے رکن اسمبلی کو پانچ روزہ لوک آیوکت پولیس ریمانڈ پر بھیجا دیا ہے۔
الیکشن کمیشن آج کرے گا کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان
الیکشن کمیشن آف انڈیا آج کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے جا رہا ہے۔ اس کے لئے صبح 11.30 بجے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔
راہل گاندھی کی رکنیت منسوخی اور اڈانی معاملہ پر کانگریس نے لوک سبھا میں دئے تحریک التوا کے نوٹس
کانگریس پارٹی کی جانب سے لوک سبھا میں اڈانی معاملہ اور راہل گاندھی کو نااہل قرار دئے جانے پر بحث کرانے کے لئے تحریک التوا کے نوٹس پیش کئے۔ یہ نوٹس کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مانیکم ٹیگور اور منیش تیواری کی جانب سے پیش کئے گئے۔
کانگریس نے اپنے راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا
انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے اپنے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں صبح 10.30 بجے کانگریس پارلیمانی پارٹی کے دفتر میں منعقد کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔