اہم خبریں LIVE: غیر قانونی کاروبار چلانے والے 20 سے زیادہ بنگلہ دیشی گرفتار، وزیر اعلیٰ گوا پرمود ساونت

پرمود ساونت / ٹوئٹر
پرمود ساونت / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

25 Sep 2022, 2:56 PM

غیر قانونی کاروبار چلانے والے 20 سے زیادہ بنگلہ دیشی گرفتار، وزیر اعلیٰ گوا پرمود ساونت

گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں غیر قانونی کاروبار کرنے والے 20 بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جنہیں ان کے ملک واپس بھیجا جائے گا۔ پرمود سوانت نے کہا ’’گوا کے مختلف حصوں میں غیر قانونی کاروبار چلانے والے 20 سے زیادہ بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان لوگوں کے پاس ہندوستانی ایڈریس پروف یا ووٹر شناختی کارڈ موجود نہیں ہیں۔ ایسے مزید لوگوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ انہیں بنگلہ دیش واپس بھیجا جائے گا۔‘‘

25 Sep 2022, 1:52 PM

کرناٹک: سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا اسپتال میں داخل

سابق وزیر خارجہ اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کی طبیعت خراب ہو گئی ہے اور انہیں شہر کے منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما ایس ایم کرشنا کو سانس میں شدید انفیکشن ہے، جس کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔ کرشنا کو ڈاکٹر ستیہ نارائن میسور اور سنیل کارنت کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کرناٹک کے وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر بھی کرشنا کی صحت کی نگرانی کر رہے ہیں۔

25 Sep 2022, 12:24 PM

انکتا بھنڈاری قتل کے خلاف احتجاج جاری، اتراکھنڈ کے سری نگر میں بازار بند

انکتا بھنڈاری قتل کے خلاف اتراکھنڈ میں لگاتار احتجاج کیا جا رہا ہے۔ سری نگر میں آج بازار بند کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ میت کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ 19 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر بی جے پی کے برطرف کئے جا چکے لیڈر ونود آریہ کے بیٹے پلکت آریہ نے قتل کیا ہے، جسے گزشتہ روز گرفتار کیا جا چکا ہے۔


25 Sep 2022, 11:32 AM

ہندوستان میں کورونا کے 4777 نئے کیسز

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4777 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔ اسی دوران 5196 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی۔ ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 43994 ہو گئی ہے، یومیہ پازیٹوٹی کی شرح 1.58 فیصد ہو گئی ہے۔

25 Sep 2022, 9:07 AM

بھارت جوڑو یاترا 18ویں روز میں داخل، کیرالہ کے تھرشور سے ہو کر گزر رہا قافلہ

کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا آج 18 روز میں داخل ہو گئی ہے۔ پد یاتری کیرالہ کے ترشور سے ہو کر گزر رہے ہیں اور اس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ آج کی بھارت جوڑو یاترا صبح 10 بجے سینٹ فرانسس زیویئرز فارن چرچ میں رکے گی اور شام 5 بجے وڈکنچیری جنکشن سے دوبارہ شروع ہوکر شام 7 بجے ویٹیکٹیری پہنچے گی۔

راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز کہا کہ یاترا کا مقصد ریاست میں جاری نفرت کی مخالفت کرنا، فرقہ وارانہ ایجنڈے سے لڑنا، معاشی غلطیوں پر سوال اٹھانا اور کسانوں اور نوجوانوں کی آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’تقسیم اور نفرت سے بھرا ہندوستان ہمارے مفاد میں نہیں ہے۔ کیرالہ کے لوگوں نے دکھایا ہے کہ وہ نفرت پر نہیں محبت میں یقین رکھتے ہیں۔ وہ تقسیم پر نہیں، اتحاد پر یقین رکھتے ہیں۔ مرکز کی حکومت نفرت، تکبر اور تقسیم کی تشہیر کرتی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */