اہم خبریں LIVE: ’جو کرناٹک میں ہوا وہ 2024 میں پھر ہوگا‘، ترنمول کانگریس جنرل سکریٹری کا بیان
جو کرناٹک میں ہوا وہ 2024 میں پھر ہوگا: ابھشیک بنرجی
ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھشیک بنرجی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جو کچھ کرناٹک میں ہوا وہ 2024 میں پھر ہوگا۔ مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’اب 2024 میں ووٹ بندی ہونے والا ہے۔ 2016 میں مودی جی نے 50 دن کا وقت مانگا تھا، آج 7 سال ہو گئے ہیں، کیا کالا دھن ختم ہوا؟ اب آر بی آئی 2000 روپے بند کر رہا ہے۔ انھوں نے اس بار خود نہیں بولا بلکہ آر بی آئی سے بلوایا۔ بندوق آر بی آئی کے کندھے سے چلے گی، وزیر اعظم کے کندھے سے نہیں۔ نوٹ بندی کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ جو کرناٹک میں ہوا وہ 2024 میں پھر ہوگا۔ آپ 10 سال سے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ راستے میں 140 لوگ مر گئے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ ملک کے وزیر اعظم ہیں۔‘‘
چنئی سپرکنگز نے بھی پلے آف میں بنائی جگہ، دہلی کو 77 رنوں سے دی شکست
آئی پی ایل 2023 میں آج ڈبل ہیڈر مقابلہ کھیلا جا رہا ہے۔ پہلا مقابلہ چنئی سپرکنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان کھیلا گیا جس میں دھونی کی ٹیم چنئی کو 77 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی چنئی پلے آف میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس کے 14 میچ میں 17 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ آج چنئی سپرکنگز نے 20 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 223 رن بنائے تھے۔ دہلی کیپٹلز 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر محض 146 رن ہی بنا سکی۔
کرناٹک: پہلے دن اور پہلی کابینہ میٹنگ میں ہی 5 گارنٹی کو ملی منظوری
سدارمیا حکومت نے پہلی کابینہ میٹنگ میں ہی انتخاب میں کیے گئے 5 گارنٹی کے وعدے کو منظوری دے دی ہے۔ راہل گاندھی نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کر جانکاری دی۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’جو ہم کہتے ہیں، اسے پورا کرتے ہیں۔ پہلا دن، پہلی کابینہ میٹنگ- کرناٹک کو دی ہوئی ہماری 5 گارنٹی کو منظوری مل چکی ہے۔‘‘
پی ایم مودی نے سدارمیا اور ڈی کے شیوکمار کو پیش کیں نیک خواہشات
وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے والے سدارمیا اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے والے ڈی کے شیوکمار کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بہتر کارکردگی کے لیے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
کرناٹک کی جیت اس لیے ہوئی کیونکہ کانگریس غریبوں، پسماندہ اور دلتوں کے ساتھ کھڑی ہے، راہل گاندھی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں کرناٹک کے لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے اور کانگریس پارٹی کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ نے کانگریس پارٹی کی مکمل حمایت کی۔ آپ اور ہم جانتے ہیں کہ آپ کو پچھلے 5 سالوں میں کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ میڈیا میں لکھا گیا کہ کانگریس پارٹی نے یہ الیکشن کیوں جیتا؟ اس جیت کی ایک ہی وجہ ہے اور وہ یہ کہ کانگریس کرناٹک کے غریبوں، پسماندہ اور دلتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘
ڈی کے شیوکمار کی کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری
سدارمیا کے بعد کانگریس لیڈر ڈی کے شیوکمار نے کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔
سدارمیا نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے طور پر لیا حلف
سینئر کانگریس لیڈر سدارمیا نے بنگلور میں ایک تقریب کے دوران کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لے لیا ہے۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے بنگلورو پہنچے راہل اور پرینکا
کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے بنگلورو پہنچ گئے ہیں۔ ہوائی اڈے پر ڈی کے شیوکمار نے ان کا استقبال کیا۔ حلف برداری 12:30 بجے شروع ہوگی۔ سدارمیا وزیر اعلیٰ جبکہ ڈی کے شیوکمار نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
کانگریس ایم ایل اے پریانک کھڑگے، ڈاکٹر جی پرمیشورا اور پارٹی کے ایم پی اور نائب وزیر اعلیٰ نامزد ڈی کے شیوکمار کے بھائی ڈی کے سریش حلف برداری کی تقریب کے مقام بنگلورو کے سری کانتی راوا اسٹیڈیم پہنچ گیے ہیں۔ پریانک کھڑگے اور ڈاکٹر جی پرمیشورا وزیر کے طور پر حلف لیں گے۔
جموں و کشمیر کے 15 ٹھکانوں پر این آئی اے کی چھاپہ ماری
نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) دہشت گردی کی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں جموں و کشمیر میں 15 مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ حکام نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ کشمیر ڈویژن میں اننت ناگ، پلوامہ، کپواڑہ اور سری نگر میں چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ جموں ڈویژن میں پونچھ اور جموں اضلاع میں بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ چھاپے دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں جاری تحقیقات کا حصہ ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔